اپنی چھٹی کے وقفوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا

چھٹی کے وقفوں کے دوران طلبہ کو اپنی پسند کی امریکی یونیورسٹی میں داخلہ پانے کی غرض سے خود کو مضبوط امیدوار کے طور پر پیش کرنے کے لیےاپنی پروفائل بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

آستھا وِرک سنگھ

July 2020

اپنی چھٹی کے وقفوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا

 

چھٹیوں کے دوران طلبہ ان یونیورسٹیوں کا مجازی دورہ کرسکتے ہیں جن کو انہوں نے داخلہ لینے کے لیے چنا ہے۔ تصویر از اینڈریا پیاکواڈیو /پیکسیلس

بیشتر امریکی یونیورسٹیاں داخلے کے لیے ایک جامع حکمت عملی بناتی ہیں۔ وہ امیدواروں کی اہلیت کا منصفانہ اندازہ لگانے اور کیمپس میں صلاحیت اور تنوع میں اضافہ کرنے کی غرض سے جدید طریقوں کا استعمال کرتی ہیں۔ جب بھی تعلیمی اداروں میں داخلے کی بات ہوتی ہے تو اکثر ایک اصطلاح  ’پروفائل بلڈنگ‘ سے سابقہ پڑتا ہے۔ عرف عام میں ’پروفائل بلڈنگ‘ ایک ایسی سرگرمی ہے جو کسی مخصوص طالب علم کے کریئر کو (یہاں کسی امریکی یونیورسٹی میں داخلے کے امکانات کو)مہمیز کرنے کے لیے اس کی مہارت، ہنر مندی اور حصولیابیوں کے بارے میں عوامی شعور پیدا کرتی ہے۔ طلبہ اپنا پروفائل بنانے کے لیے جاں فشانی سے کام لیتے ہیں تاکہ یہ ظاہر ہو سکے کہ وہ مضبوط امیدوار ہیں۔اور تعلیمی استعداد کے علاوہ انہیں غیر نصابی اور شریک نصابی سرگرمیوں پر عبور حاصل ہے۔ تاہم بہت سارے طلبہ اس بات پر گہرائی سے غور نہیں کرتے کہ انہیں کون سی چیز ترغیب دیتی ہے، متحرک کرتی ہے اور ان کے اہداف کیا ہیں۔ ان میں سے کئی ساتھیوں کے دباؤ یا کسی فارمولے کے تصورات کی بنیاد پر اپنی منصوبہ بندی کا آغاز کرتے ہیں۔یا اس خیال کے ساتھ پیش قدمی کرتے ہیں کہ داخلے کے لیے انہیں کسی مخصوص فارمولے پر عمل کرنا چاہئے۔

کیا  اس کا کوئی فارمولا ہے؟

طلبہ اور والدین اکثر غلطی سے اپنے دوستوں اور اراکینِ کنبہ سے سننے کی بنیاد پر کام کرنے کی فہرست بنانے میں لگ جاتے ہیں۔

لیکن ایک خیر خواہ صلاح کار انھیں ذاتی احساس اور خود احتسابی کی رہنمائی کرے گا جو کہ ایک مضبوط پروفائل اور ایپلی کیشن تیار کرنے کی سمت میں پہلا قدم ہے۔

حالاں کہ طلبہ مندرجہ ذیل عوامل کو سمجھ کر اور اپنے آپ سے کچھ سوالات پوچھ کربھی اس کام کی شروعات کر سکتے ہیں۔

٭پچھلا تجربہ: جو سال گزر رہا ہے اسے دیکھیں یا پچھلے کچھ برسوں کا جائزہ لیں۔اگلے سمسٹریا سال کے لیے اہداف کا تعین کریں۔

اور اس بارے میں سوچیں ”میں کیا کرنا چاہتا ہوں؟“، ”میں اب تک کیا نہیں کر پایا؟“،”میں نے اپنی تعلیم کے علاوہ گذشتہ برس کیا کیا؟‘‘

’’کیا میں اس سال کوئی زیادہ مختلف کام کرسکتا ہوں؟“ اور ”میں اپنا وقت کس چیز پر صرف کرنا چاہتا ہوں؟“۔

٭ایک بیان دیں: اپنے آپ سے پوچھتے ہوئے نوٹ بنائیں: ”اس سرگرمی کا میرا مقصد یا ارادہ کیا ہے؟“ اور ”مجھے کس چیز میں دلچسپی ہے؟ مجھے کون سی چیز متاثر کرتی ہے یا میں کس چیز سے پریشان ہوتا ہوں؟‘‘

٭ غورو خوض کریں:  سوچیں کہ کیا اس سے آپ کوپروفائل بلڈنگ کے علاوہ طویل مدتی ترقی کے آپ کے ہدف میں کوئی مدد مل پا رہی ہے”کیا یہ ایسی چیز ہے جسے آپ کالج میں یا اس کے بعد بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں؟‘‘

٭ہم مرتبہ افراد کے دباؤ کا مقابلہ کریں:کوئی فرد اپنا وقت کس طرح گزارتا ہے، یہ اس شخص کے کنٹرول میں ہے۔ لہٰذا، یہ ضروری ہے کہ اپنے منصوبے خود تیار کریں اور ہم مرتبہ افرادکے دباؤ کا مقابلہ کریں۔

٭اپنے اندر لچک،مطابقت پیدا کریں اور مثبت سوچ کے حامل بنیں: ”اگرکوئی موقع میری دسترس میں نہیں تو کیا اس کی جگہ میں کوئی اور موقع تلاش کر سکتا ہوں۔ اور کیا میرے پاس دیگر مواقع ہیں؟‘‘

٭اہداف طے کریں: ”میں کب تک یہ ہدف حاصل کرنا چاہتا ہوں؟“، ”میں اصل میں کیا کرنا چاہتا ہوں؟“، ”کیا میں اپنی توقعات میں حقیقت پسند ہوں؟“ اور ”کیا میرے پاس ایسا کرنے کا وقت ہے؟‘‘

٭اپنی رفتار کا تعین کریں: بعض طلبہ نظام الاوقات بنا کر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جب کہ بعض بے ساختہ انداز میں کام کرتے ہیں اور اسی طور پر اپنی پہچان بناتے ہیں۔

٭آرام کریں: یاد رکھیں کہ کوئی شخص ہر وقت نہ نتیجہ خیز ہو سکتا ہے ا و ر نہ متحرک رہ سکتا ہے۔ لہٰذا، نظام الاوقات میں آرام کے لمحات کی گنجائش رکھنا قابل قبول امرہے۔

یہ چیز ہمیں ان سرگرمیوں کی جانب لے جاتی ہے جن میں فرصت کے ایام میں شرکت سے دستیاب وقت کا بہترین استعمال ہو سکتا ہے اور جس کے نتیجے میں آخرکار ایک مضبوط درخواست تیار کی جا سکتی ہے۔

٭مطالعہ کریں اور معیاری امتحانات کی تیاری کریں جنہیں آپ اسی سال بعد میں دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

٭اپنے پسند کی فہرست کو اپڈیٹ کرنے کے لیے کالجوں کا دورہ کریں۔ زیادہ تر یونیورسٹیاں طلبہ کو راغب کرنے کے لیے ورچووَل ٹور کا اہتمام کرتی ہیں۔

٭انٹرن شپ اور اسکالرشپ کے لیے درخواست دیں۔

٭اپنا شخصی تعارف، ’کور لیٹر‘اور مضامین وغیرہ کو پھر سے تیار کریں۔

٭اپنی برادری میں رضاکارانہ خدمات کے لیے خودکو پیش کریں۔

٭کوئی نئی سرگرمی آزما کر یا نئے اسکول یا آن لائن پلیٹ فارم پر سیکھ کر اپنے اندر اضافی صلاحیت اور ہنرمندی پیدا کریں۔

٭زندگی کالطف اٹھائیں اور آرام کرنا مت بھولیں۔

آستھا وِرک سنگھ امریکہ۔ ہند تعلیمی فاؤنڈیشن میں ایجوکیشن یو ایس اے کی سینئر صلاح کار ہیں۔


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے