طبی تحقیق کی تعلیم

طبی محققین متعدی امراض کی روک تھام اور علاج پرکام کرتے ہیں اورجدیدسائنسی پیش رفت کو تجربہ گاہ سے باہر نکال کر حقیقی دنیا سے متعارف کراتے ہیں۔

جیسون چیانگ

July 2020

طبی تحقیق کی تعلیم

اپلائڈ کلینکل ریسرچ میں سینٹ کلاؤڈ اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماسٹر آف سائنس کے طلبہ طبّی آلات کے انسانی کلینکل ٹرائلز کے ڈیزائن، انعقاد اور اس کا اندازہ کرنے کے لیے ضروری معلومات اور مہارت حاصل کرتے ہیں۔ تصویر بشکریہ سینٹ کلاؤڈ اسٹیٹ یونیورسٹی۔

طبی تحقیق آج عالمی وبا کورونا کے پس منظر میں نہایت اہمیت کی حامل ہو گئی ہے۔ طبی محققین متعدی امراض کی روک تھام اور علاج پرکام کرتے ہیں اورجدیدسائنسی پیش رفت کو تجربہ گاہ سے باہر نکال کر حقیقی دنیا سے متعارف کراتے ہیں۔طبی محققین کے مطالبہ میں ہورہے روز افزوں اضافہ کے کئی اسباب ہیں مثلاً صحتی صنعت میں ترقی ، نئے نئے طبی مصنوعات کی تیاری اور مریضوں اور ڈاکٹروں میں طبی ثبوتوں کے تئیں بڑھتی ہو ئی بیداری۔جو طلبہ طبی تحقیق میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ طبی آلہ جات بنانے والی عوامی اور نجی کمپنیوں میں ملازمت اختیار کرتے ہیں، تحقیقی اداروں اور اسپتالی نظاموں سے رابطہ قائم کرتے ہیں وغیرہ۔

ریاست منیسوٹا میں واقع سینٹ کلاؤڈ یونیورسٹی اورریاست مسا چیوسٹس میں واقع بوسٹن یونیورسٹی امریکہ کی دو ایسی جامعات ہیں جن میں طبی تحقیق سے متعلق کُل وقتی اور آن لائن گریجویٹ سرٹیفیکٹ کی تعلیم دی جاتی ہے۔

سینٹ کلاؤڈ اسٹیٹ یونیورسٹی

سینٹ کلاؤڈ اسٹیٹ یونیورسٹی(ایس سی ایس یو) میں اطلاقی طبی تحقیق میں ماسٹر آف سائنس پروگرام دستیاب ہے۔اس پروگرام کے بارے میں دعویٰ ہے کہ پورے امریکہ میں صرف یہی ایک ایساکورس ہے جس میں طبی آلہ جات پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔مزیدبرآں، یونیورسٹی کا سالانہ میڈ ٹیک نیٹ ورکنگ اور ملازمتی میلہ پورے امریکہ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا میلہ ہے جس میں پندرہ سے بیس ٹیکنالوجی کمپنیاں شرکت کرتی ہیں۔

اس کورس کے طلبہ کے اندر طبی آلہ جات کا نمونہ تیار کرنے ، ان پر انسانی طبی تجربات کرنے اور ان کا تجزیہ کرنے جیسے ضروری علوم اور ہنر مندیوں کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے ۔ اس میں یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ طبی آلات کیسے انسانی جسم پر اثر انداز ہوتے ہیں، کس طرح نئی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں اور انہیں بازار تک لایا جاتا ہے اور اخلاقی اور سائنسی طبی تحقیق کی صورت گری کیسے کی جاتی ہے اور اسے بروئے کار کیسے لایا جاتا ہے۔

ایس سی ایس یوکے کالج آف سائنس اینڈ انجینئرنگ کے میڈ ٹیک گریجویٹ ڈگری پروگرامس کی ڈائریکٹر کیتھی کرائر کہتی ہیں‘‘ایس سی ایس یوگریجویٹ کورسز میں عملی طریقہ کار پر زور دیتی ہے۔اس کا مقصد ایس ٹی ای ایم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی)میں کریئر سازی کرنے والے طلبہ کی مدد کرنا تاکہ وہ طبی تحقیق کے میدان اور انضباتی معاملات میں استعداد پیدا کرسکیں۔ان کورسیز کے دوران طلبہ کو متعلقہ صنعتوں کے ساتھ بے نظیر تفاعل کا موقع بھی ملتا ہے۔

پروگرام کے تمام کورسزمیں تدریس کا کام صنعتی ماہرین کرتے ہیں۔ یہ لوگ قیادت اور پروجیکٹ سے متعلق اپنے تجربے کا اشتراک کرتے ہیں اور طلبہ کو حقیقی مثالیں دیتے ہیں۔75فی صد سے زیادہ معلمین ایکزیکٹو یا سینئر مینجمنٹ سطح کے صنعتی لیڈر ہوتے ہیں۔

جب کہ دیگر کہنہ مشق تکنیکی ماہرین ہوتے ہیں جن کے پاس پندرہ سے تیس برس کا تجربہ ہوتا ہے۔اس کورس میں کلاس اختتام ہفتہ شام کو اور ہفتے کے روز ہوا کرتی ہیں جن میں شرکت بذات خود یا آن لائن بھی ہوسکتی ہے۔

اس پروگرام میں کل وقتی، جز وقتی اور سرٹیفیکیٹ کورسز کا التزام ہے۔درخواست کنندہ کے پاس انجینئرنگ، سائنس، بایو کیمسٹری، بایو اسٹیٹسٹکس، عوامی صحت، نرسنگ یا دیگر متعلقہ میدان میں انڈر گریجویٹ ڈگری ہونا لازمی ہے۔سینٹ کلاؤڈ اسٹیٹ یونیورسٹی کا ہر پروگرام اس طرح تیار کیا گیا ہے تا کہ ہر طالب علم ماسٹرس کورس دو برس میں مکمل کرلے۔اطلاقی طبی تحقیق کے ماسٹرس ڈگری کا نصاب۳۴ سے۴۶ کریڈٹ کاہوتا ہے اور ہر کریڈٹ کی فیس۸۳۰ ڈالر ہوتی ہے۔اسکالرشپ کی تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

بوسٹن یونیورسٹی

بوسٹن یونیورسٹی بھی طبی تحقیق میں ماسٹرس ڈگری(ایم ایس سی آر) دیتی ہے۔یہ کورس ۲۰۰۱ءمیں شروع ہوا تھا۔اس کے تحت طلبہ کو انسانی تحقیق کی سائنسی بنیادی اصولوں کی تعلیم دی جاتی ہے ۔یہ پروگرام مریضوں پر تحقیق کرنے میں دلچسپی رکھنے والے صحتی پیشہ وروں کی ضرورت کو بھی پورا کرتا ہے۔یہ ایک لچیلا قسم کا پروگرام ہے جسے مختلف قسم کے طبی پیشہ ور حضرات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ان میں طبی تجربات کی منصوبہ بندی اور نگرانی کرنے والے طبیب بھی شامل ہیں۔دیگر طبی پیشہ ور افراد میں ریسرچ نرس، اسٹڈی کوآرڈینیٹر، طبی تحقیق کے منتظم حضرات،سائٹ مینجمنٹ تنظیمیں اور دواسازی، بایو ٹیکنالوجی اور طبی آلہ جات کی صنعت سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور حضرات شامل ہیں۔

پروگرام ڈایئریکٹر جینِس وین برگ کہتی ہیں‘‘طبی تحقیق کس طرح کی جاتی ہے؟ تمام دنیا کی صحت کے لیے اس کی اہمیت کی سمجھ کی ضرورت آج سے زیادہ پہلے کبھی نہیں تھی۔ ایم ایس سی آر کے طلبہ دنیا کے تمام خطوں اورمختلف پیشہ ورانہ پس منظر سے آتے ہیں۔ہمارے طلبہ کا تنوع ہمارے پروگرام کی اصل قوت ہے۔’’

پروگرام کو جزوقتی اور کل وقتی دونوں ہی طریقوں سے مکمل کیا جا سکتا ہے۔اس کو مکمل کرنے کے لیے کم از کم۳۲ کریڈٹ درکار ہیں۔ملازمت پیشہ افراد کی سہولت کے مدنظر زیادہ تر کورسز یا تو سہ پہر یا پھرسر شام ہوتے ہیں۔کل وقتی طلبہ مطلوبہ کورس ورک کو ایک برس میں مکمل کر سکتے ہیں جب کہ جزوقتی طلبہ کو ہر سمسٹر میں کم ازکم چاراورزیادہ سے زیادہ گیارہ کریڈٹ کے لیے رجسٹر کرنا لازمی ہے۔ایسا اس وقت تک کرنا ہے جب تک کورس کے مطلوبہ کریڈٹ پورے نہیں ہو جاتے ۔ ان کورسز میں طبی تفتیش بشمول ٹرائل ڈیزائن، ٹرائل مینجمنٹ ،بایو اسٹیٹسٹکس، اخلاقیات، اور طبی تحقیقی ضابطوں کے متعلق اہم نکات پر گہرائی سے تعلیم دی جاتی ہے۔

بین الاقوامی طلبہ کے لیے وظائف حاصل کرنے کے بھی کئی مواقع دستیاب ہیں جن کی تفصیلات بوسٹن یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سِلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے