نہرو کا دورہ امریکہ

بہت کم غیر ملکی رہنما کو اس قدر عوامی توجہ نصیب ہوئی جس قدر وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو ملی جب انہوں نے نومبر ۱۹۶۱ء میں اپنی بیٹی مسز اندرا گاندھی کے ساتھ امریکہ کا دورہ کیا۔

January 1962

نہرو کا دورہ امریکہ

واشنگٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر اعظم نہرو صدر کینیڈی کے استقبال کا جواب دیتے ہوئے۔ اس موقع پر وہاں موجود (بائیں سے دائیں)ہیں: بھارت میں امریکہ کے سفیر جے کے گلبریتھ ، امریکی وزیر خارجہ ڈین رسک، امریکہ میں بھارت کے سفیر بی کے نہرو، نائب صدر لِنڈن جانسن  اور صدر کینیڈی۔

 

امریکہ کے دورےپر آنے والے چندغیر ملکی مہمانوں کے دورے اتنی زیادہ عوامی توجہ کا مرکز نہیں بنے تھے جتنا کہ وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا امریکہ کا چوتھا دورہ۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ ان کی بیٹی محترمہ اندرا گاندھی بھی تھیں۔

ان کے اعزا زمیں منعقد مختلف عوامی پروگراموں میں ہزاروں امریکیوں نے اس ممتاز سیاست داں کا پرجوش استقبال کیا۔ اس کے علاوہ لاکھوں امریکیوں نے اپنے اپنے ٹیلی ویژن پر ان کا سنجیدہ اور پر فکر چہرہ دیکھا اور ریڈیو پر ان کی پرخلوص اور دلکش آواز سنی۔ اس وقت امریکہ میں شائع ہونے والے ۱۸۰۰اخبارات اور ہزاروں رسائل و جرائد میں سب سے زیادہ نہرو کی تصاویر شائع ہوئی تھیں جنہیں امریکی قارئین بے حد شوق سے دیکھتے تھے۔

عالمی موضوعات پر وزیراعظم اور صدر کینیڈی کے درمیان جوتبادلہ خیال ہوا وہ بقول مشترکہ اعلامیہ’’ پائیدار عالمی امن اور حکومت ہند اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات جیسے مشترکہ مقاصد کے ضمن میں انتہائی کارآمد ثابت ہوا۔‘‘

ان ملاقاتوں میں دونوں رہنماؤں کو اہم مسائل جیسے امن، نیوکلائی تجربات اور تخفیف اسلحہ پر اپنے اپنے موقف رکھنے کے مواقع فراہم ہوئے جس کے نتیجے میں باہمی اعتماد اور احترام مزید بہتر ہوا۔ صدر نے جناب نہرو کی بے پناہ مقبولیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا’’ آپ کی شہرت آپ کی سرحدوں کو عبور کرگئی ہے اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔‘‘

واشنگٹن میں قومی پریس کلب نے جناب نہرو کو مدعو کیا جہاں آپ نے ۵۰۰ صحافیوں سے ملاقات کی اور ان کے سوالات کا جواب فراخ دلی اور ظرافت کے ساتھ دیا۔ نیو یارک میں جناب نہرو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور’’ عالمی سال برائےتعاون‘‘منانے کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی ’’ جتنا زیادہ بین الاقوامی تعاون موجود ہے اس  کا ذکر بہت کم کیا گیا ہے جب کہ تنازعات کو کہیں زیادہ ابھارا گیا ہے۔‘‘

جناب نہرو کا یہ امریکی دورہ ان کی ۷۲ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا۔ اور’’ چاچا نہرو‘‘کی سالگرہ پر ڈزنی لینڈ میں بین الاقوامی بچوں کےایک گروپ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ والٹ ڈزنی نے لاس اینجیلس کے قریب یہ شاندار پارک تعمیر کیا ہے۔ اپنے دورہ کے آخری پروگرام کے تحت لاس اینجیلس میں اپنی سالگرہ کی تقریب کے موقع پرانہیں ۵۰۰ بھارتی طلبہ سے ملاقات کرنی تھی۔ مگر ۳۵۰۰ پرجوش امریکی طلبہ بھی وزیر اعظم کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کرنے آگئے اور ان کو الوداع کہا۔


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے