کیمپس میں سلامتی اور بہبود

مشی گن کی وائنے اسٹیٹ یونیورسیٹی میں ڈاکٹریٹ کے ایک ہندوستانی طالب علم کیمپس میں طلبہ کی سلامتی اور ذہنی صحت سے متعلق وسائل کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔

شاہین وائی بٹ

May 2024

کیمپس میں سلامتی  اور بہبود

وائنے اسٹیٹ یونیورسٹی پولس ڈپارٹمنٹ کے افسران کیمپس اور اس کے مضافاتی علاقے میں گشت کیا کرتے ہیں تاکہ وہ مکینوں کو اہم سلامتی وسائل دستیاب کروا سکیں اور ہنگامی صورت حال میں ان کی مدد کرسکیں۔ (تصویر بشکریہ ڈبلیو ایس یو پولس ڈپارٹمنٹ)

ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹروئٹ میں واقع وائنے اسٹیٹ یونیورسیٹی جو کہ ثقافتی تنوع کا ایک متحرک مرکز ہے، وہاں ایک بڑی تعداد میں ہندوستانی طلبہ اور ملازمین کی آبادی سمیت کثیر جہتی طبقات رہتے ہیں ۔ وائنے اسٹیٹ اس متنوع آبادی کو سہولیات اور خدمات فراہم کر کے ان کی ضرورتوں کو پورا کرتا ہے،جس میں کیمپس ہیلتھ سینٹر میں حفظان صحت میں مدد اور تمام اندراج شدہ طلبہ کے لیے کونسلنگ اینڈ سائیکولوجیکل سروسز (سی اے پی ایس ) میں پورے سمسٹر میں ذہنی صحت کے جائزے شامل ہیں ۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف کونسلنگ سروسز سے تسلیم شدہ سی اے پی ایس مفت اور خفیہ ذہنی صحت کے جائزے پیش کرتا ہے تاکہ مشاورت، کیس مینجمنٹ اور وائنے اسٹیٹ کے طلبہ کو ریفرل جیسے علاج کے متبادل کی تجویز پیش کی جا سکے۔ اس کی ٹیم میں لائسنس یافتہ مشیر ، ماہرین نفسیات، سماجی کارکنان ، دماغی امراض کے ایک ماہر اورطبّی کام میں گریجویٹ سطح کے تربیت یافتہ افراد شامل ہیں۔

کیمپس کی حفاظت

وائنے اسٹیٹ یونیورسیٹی پولس ڈیپارٹمنٹ ( ڈبلیو ایس یو پی ڈی) کیمپس میں گشت کرتا ہے اور کسی بھی مسئلے سے فوری طور پر نمٹتا ہے۔ سیف واک پروگرام کے ذریعے طلبہ کسی افسر کو اپنی گاڑی یا ڈورمیٹری تک لے جا سکتے ہیں۔ وائنے اسٹیٹ الرٹس سسٹم طلبہ، اساتذہ اور عملے کو متن پر مبنی پیغامات کے ذریعے بندش اور ہنگامی صورتحال سے آگاہ کرتا ہے اور اس حفاظتی سہولت کا دائرہ والدین اور کمیونٹی شراکت داروں تک بھی وسیع کرتا ہے۔ بحران سے نمٹنے کی تیاری کو یقینی بنانے کےلیے یونیورسٹی کے پاس مختلف ہنگامی صورتحال(جیسے گیس کے رساؤ یا بجلی کٹوٹی ) سے نمٹنے کےلیے منصوبے ہوتے ہیں جن میں شدید موسم اور بنیادی ڈھانچے کی خرابیاں بھی شامل ہیں۔اس کے پاس مختلف حالات سے نمٹنے کےلیے بحران کے بندوبست اور مختلف صورت حال میں مداخلت کرنے والی ٹیمیں بھی موجود ہوتی ہیں۔

طلبہ کی بہبود

وائنے اسٹیٹ میں وسائل اور تربیتی پروگراموں کی کثرت طلبہ کو حفاظتی تشویشات سے نمٹنے کےلیے علم اور آلات سے بااختیار بناتی ہے۔ اس میں طلبہ کے طرز عمل کی خدمات، معاون پروگرام اور ڈین آف اسٹوڈنٹس آفس کی طرف سے پیش کردہ مداخلت کے ساتھ ساتھ ڈبلیو ایس یو پی ڈی کے ذریعے چلائے جانے والے خصوصی تربیتی سیشنس جیسے عصمت دری کی کوشش کیے جانے کی صورت میں اپنا دفاع شامل ہے۔ سال بھر پیش کی جانے والی یہ براہ راست تربیت مختلف حقیقت پسندانہ حکمت عملی سکھاتی ہے تاکہ حملے کی صورت میں خواتین اور مردوں دونوں کو اپنے دفاع میں مدد مل سکے۔

اورینٹیشن کے دوران ادارے میں آنے والے طلبہ کو کیمپس میں سیکورٹی وسائل اور تربیتی پروگراموں سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ دستیاب وسائل اور دماغی صحت خدمات سے واقفیت اور اس کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے طلبہ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے قاعدوں اور ضابطوں سے متعلق تربیت اور مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لیں۔ وائنے اسٹیٹ یونیورسٹی ایک محفوظ اور پرورش کا ماحول فراہم کرتی ہے جہاں طلبہ ترقی کر سکتے ہیں۔ اچھی روشنی والی گزر گاہیں ، ڈبلیو ایس یو پی ڈی کی طرف سے چوبیسوں گھنٹے گشت اور ۲۴ گھنٹے کی پولیس ہاٹ لائن یہ سب کیمپس کے ماحول کو ایک محفوظ ماحول بنانے میں اپنا تعاون پیش کرتے ہیں۔ حفاظت پر مذکورہ توجہ ایک عظیم تعلیمی ادارے کے طور پر وائنے اسٹیٹ کی ساکھ کو برقرار رکھنے کی کوشش ہے، جو طلبہ کو وہ تمام تعاون مکمل طور پر فراہم کرتی ہے جس کی انہیں ان کی مجموعی بہبود کےلیے ضرورت ہوتی ہے۔

شاہین وائی بٹ مشی گن میں واقع وائنے اسٹیٹ یونیورسٹی میں فزیولوجی میں ڈاکٹریٹ کر رہے ہیں ۔


اسپَین نیوز لیٹر کو میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے