طلبہ کی رہائش کی تلاش کو آسان بنانا

یونیورسٹی اقامت گاہوں سے لے کر کرائے کے آراستہ کمروں تک اس مضمون میں امریکہ میں طلبہ کی رہائش کے لیے دستیاب متبادل کی جانکاری دی گئی ہے۔

پارومیتا پین

November 2024

طلبہ کی رہائش کی تلاش کو آسان بنانا

ڈورمیٹری اور یونیورسٹی کی جانب سے مہیا کرائی جانے والی جگہوں میں رہائش دوست بنانے اور کمیونٹی کا احساس پیدا کرنے میں بڑی معاون ہوتی ہے۔ (تصویر بشکریہ یونیورسٹی آف نیواڈا، رینو)

امریکہ میں اپنی پسند کی یونیورسٹی میں داخلہ ملنا ہمیشہ ایک پرجوش موقع ہوتا ہے۔ لیکن طلبہ کو مختلف عملی مسائل کا بھی خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے، جیسے کہ محفوظ رہائش تلاش کرنا۔ رہائش کی تلاش نئے طلبہ کے لیے تناؤ کا باعث بن سکتا ہے۔ ساتھیوں کی حمایت حاصل کرنا، فعال رہنا اور وسائل کے بارے میں معلومات کے لیے یونیورسٹی کے عہدیداروں کے ساتھ رابطے میں رہنا طلبہ کو امریکہ میں اپنے قیام کو آسان بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔

کمیونٹی پر انحصار

بعض اوقات نئے طلبہ فیس بک اور واٹس ایپ گروپس، کریگ لسٹ اور مقامی ویب سائٹس کے ذریعے رہائش کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ کارنیل یونیورسٹی کے گریجویٹ طالب علم دھرو اگروال کہتے ہیں ’’جگہ تلاش کرنے کے بعد بھی رہائش کے لیے درکار چیزوں سے متعلق مسائل ہو سکتے ہیں، جیسے کہ مالکان کی جانب سے سوشل سکوریٹی نمبرس کی طلبی، امریکہ میں کریڈٹ اسکورس اور امریکی بینک اکاؤنٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ پریشانیاں اس بات سے مزید بڑھ جاتی ہیں جب طلبہ سے رہائش دیکھے بغیر سکوریٹی ڈپازِٹ کے نام پر خطیر رقم طلب کی جاتی ہے۔‘‘

ایسے معاملات میں ساتھیوں کی کمیونٹی ایک مضبوط سپورٹ سسٹم کا کردار ادا کرسکتی ہے۔ اگروال مشورہ دیتے ہیں ’’ایسے طلبہ کی تلاش کریں جو پہلے سے ہی وہاں موجود ہیں اور ان سے کہیں کہ وہ آپ کو متعلقہ گروپوں میں شامل کریں، ان کے پاس جو بھی فہرستیں آتی ہیں، انہیں فارورڈ کریں اور آپ کے لیے کچھ گھروں کو جا کر دیکھیں۔ سکوریٹی ڈپازٹ کی ادائیگی تب تک نہ کریں جب تک کوئی آپ کے لیے اس جگہ کی جانچ پڑتال نہ کرلے۔‘‘

اگروال اور ان کے دوست ہر سال آنے والے نئے طلبہ کے لیے گھر دیکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’نئے طلبہ سے یہ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ شرم محسوس نہ کریں اور اگلے سال آنے والے نئے طلبہ کے لیے یہ کام کرنا یاد رکھیں، جب آپ ان کی مدد کرنے کے اہل ہوں گے۔‘‘

مختلف متبادل پر غور کریں

نئے طلبہ کو متبادل سے آگاہ ہونا چاہئے۔ ۲۰۱۷ ءمیں انڈر گریجویٹ طالب علم کی حیثیت سے امریکہ منتقل ہونے والے دیبانک باسو کہتے ہیں ’’پہلے تعلیمی سال کے دوران تمام طلبہ کو اقامت گاہوں میں رہنا پڑتا ہے۔ اقامت گاہوں میں رہنا دوست بنانے اور کمیونٹی کا احساس پیدا کرنے کا ایک شاندار طریقہ ہوتا ہے۔‘‘

باسو طلبہ کو کیمپس سے باہر رہائش کے متبادل پر غور کرنے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ وہ عام طور پر سستے ہوتے ہیں اور زیادہ آسانیاں بھی فراہم کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ریڈٹ اور فیس بک جیسے پلیٹ فارم پر زیادہ تر یونیورسٹیوں کے اپنے اسٹوڈنٹ ہاؤسنگ گروپ ہوتے ہیں۔ یہ گروپ رہائش تلاش کرنے، کمیونٹی کا احساس دلانے اور امریکہ آنے سے پہلے رہائش حاصل کرنے کے لیے بہترین وسائل ثابت ہوسکتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں ’’میرا اہم مشورہ یہ ہے کہ دوست بنائیں اور مدد مانگیں۔ آخر میں یہ صرف کالج کی تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں نہیں ہوتا بلکہ اس سے آپ کی یادیں وابستہ ہوتی ہیں اور آپ تجربات بھی حاصل کرتے ہیں۔‘‘

تیار رہیں اور فعال رہیں

طلبہ کو ان کی آمد سے پہلے رہائش تلاش کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ رینو میں واقع یونیورسٹی آف نیواڈا (یو این آر) میں بین الاقوامی طلبہ اور اسکالرس کا دفتر (او آئی ایس ایس) بین الاقوامی طلبہ کو عارضی اور مستقل رہائش کی متبادل صورتوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ نئے طلبہ سے اکثر نجی کمپنیاں رابطہ کرتی ہیں جو بہتر اور بہت زیادہ فائدے والے سودوں کا وعدہ کرتی ہیں لیکن آپ کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس طرح کے معاملات میں دھوکہ کھانا عام بات ہے۔

یونیورسٹی آف نیواڈا میں او آئی ایس ایس کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اڈیلیا راس طلبہ کو دھوکہ دہی کے معاملات کی کچھ علامات کے بارے میں متنبہ کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں ’’طلبہ کو ایسے پراپرٹی مینیجر سے محتاط رہنا چاہیے جو پیشگی ادائیگی کی بات کرتا ہو، رہائش کی ضمانت دیتا ہو، ان پر کسی بھی چیز پر دستخط کرنے یا کسی بھی چیز کا وعدہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالتا ہو یا ایسا سودا پیش کرتا ہو جو درست ثابت ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں ’’انٹرنیٹ سرچ کے ذریعہ ’یو این آر آف کیمپس ہاؤسنگ‘ کا ایک بہت بڑا وسیلہ تلاش کیا جا سکتا ہے۔‘‘

طلبہ کیمپس سے باہر رہائش تلاش کرنے میں مدد کرنے کے لیے یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے اداروں کے ساتھ شراکت داری کرنے والی کمپنی ’کالج پیڈز‘ کے ذریعہ چلائی جانے والی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں۔ وہ طلبہ کی اس بات کے لیے حوصلہ افزائی کرتی ہیں کہ اگر انہیں مدد کی ضرورت ہو تو وہ او آئی ایس ایس یا ریزیڈینشل لائف، ہاؤسنگ اینڈ فوڈ سروسیز سے رابطہ کریں۔ یونیورسٹی آف نیواڈا میں اگر کوئی طالب علم اس کے لیے درخواست کرتا ہے تو یونیورسٹی کا عملہ، خاص طور پر او آئی ایس ایس، انہیں اپنے ملک یا پروگرام کے لوگوں سے جوڑتا ہے تاکہ ان کی تلاش میں ان کی مدد کی جا سکے۔

یونیورسٹی آف نیواڈا کی گریجویٹ طالبہ مونیکا بھارتی کہتی ہیں کہ رہائش کی تلاش شروع کرنے کے لیے او آئی ایس ایس ایک اچھا وسیلہ ہے۔ انہوں نے اپنے شعبے کے دیگر طلبہ سے بھی رابطہ کیا جنہوں نے کچھ سستے متبادل تجویز کیے۔ وہ کہتی ہیں ’’کیمپس کی اقامت گاہیں، سہولیات تک آسان رسائی اور دوسرے طلبہ سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں جبکہ کیمپس سے باہر کی رہائش، ایک اپارٹمنٹ کی طرح، آپ کو زیادہ آزادی فراہم کرتی ہے اور آپ کو کھانا پکانے کی بھی آزادی دیتی ہے۔‘‘

بھارتی مزید کہتی ہیں کہ بین الاقوامی طلبہ کو فعال اور تیار رہنا چاہیے۔ دیگر اہم عوامل پر وہ طلبہ کو غور کرنے کا مشورہ دیتی ہیں جن میں بجٹ بھی شامل ہے۔ اس میں کرایہ، دیگر اشیاء اور پوشیدہ اخراجات یا کرایہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جن چیزوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ان میں کیمپس، گروسری اسٹورس، عوامی نقل و حمل اور دیگر سہولیات سے فاصلہ شامل ہے۔ حفاظت وسلامتی کا معاملہ بھی اہمیت کا حامل ہے جس میں اس کے گرد و نواح میں جرائم کی شرح، علاقے کی ساکھ اور رہائش کی حفاظت کی خصوصیات شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے وسائل کا استعمال کریں

مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی (ایم ایس یو) جیسی بعض یونیورسٹیوں میں انڈر گریجویٹ طلبہ کو پہلے دو سال کیمپس میں رہنا پڑتا ہے۔ مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی میں بزنس آپریشنس، رہائش، تعلیم اور ہاؤسنگ سروسیز کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کرسٹوفر سی اسٹون سیولش کہتے ہیں ’’کیمپس میں رہائش آپ کو جلد اور آسانی سے یونیورسٹی کی ناقابل یقین پیشکشوں تک رسائی فراہم کرتی ہے۔‘‘

Brody Square is an all-you-care-to-eat dining hall at Michigan State University, where students may use their dining plan to access the dining hall.
بروڈی اسکوائرمشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی میں واقع ڈائننگ ہال ہے جہاں طلبہ اپنے پسندیدہ اوقات میں کھانا کھا سکتے ہیں۔ (تصویر بشکریہ مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی)انڈر گریجویٹ طلبہ کو داخلے کے بعد اور ایڈوانسڈ انرولمنٹ ڈپازٹ کی ادائیگی کے بعد اگلے مراحل اور اہم تفصیلات پر متعدد ای میل موصول ہوتی ہیں۔ ایم ایس یو میں گریجویٹ طلبہ کو مختلف اوقات (ٹائم لائنز) میں داخلہ دیا جاتا ہے۔ اسٹون سیولش کہتے ہیں ’’بعض اوقات انہیں اگلی خزاں کے لیے ہاؤسنگ سلیکشن کے بعد داخلہ دیا جا سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں انہیں کیمپس سے باہر رہائش کی تلاش کرنی پڑے گی۔ لیکن انہیں تازہ ترین معلومات کے لیے ہماری ویب سائٹ کو دیکھتے رہنا یقینی بنانا چاہیے کیونکہ رہائش کی دستیابی تبدیل ہوتی رہتی ہے۔‘‘ گریجویٹ طلبہ کے ساتھ اس پر منحصر رہنے والے/والی شریک حیات اور بچے بھی ہوسکتے ہیں۔ ان کے لیے مشی گن ریاست ایک آف کیمپس ہاؤسنگ ویب سائٹ کا اہتمام کرتی ہے۔ اسٹون سیولش کہتے ہیں ’’ایم ایس یو میں او آئی ایس ایس ان گھپلوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرتا ہے جو بین الاقوامی طلبہ کو نشانہ بناتے ہیں۔ اسٹوڈنٹ لیگل سروسیز کے ذریعہ کرایہ داری کے معاہدوں کا جائزہ لینے کے لیے بھی او آئی ایس ایس طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔‘‘پارومیتا پین رینو میں واقع یونیورسیٹی آف نیواڈا میں گلوبل میڈیا اسٹڈیز کی معاون پروفیسر ہیں۔


اسپَین نیوزلیٹر کو مفت میں میل پر منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے