ثقافتی تنوع کا جشن

اسٹوڈنٹس آف انڈیا ایسوسی ایشن یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا میں کالج فیسٹیول کے ذریعے ثقافتی طور پر متنوع بھارتی طلبہ برادری کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا کام کرتا ہے۔

جیسون چیانگ

November 2023

ثقافتی تنوع کا جشن

امسال موسم خزاں میں یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا کے اسٹوڈنٹس آف انڈیا ایسوسی ایشن نے ان طلبہ کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا جنہوں نے تعطیلات کے بعد یونیورسٹی جوائن کی۔ ایسوسی ایشن نے پہلے سال کے طلبہ کو طلبہ تنظیموں کے بارے میں جانکاری دینے، نئے لوگوں سے ملنے اور دوست بنانے میں مدد بھی کی۔(تصویر بشکریہ اسٹوڈنٹس آف انڈیا ایسوسی ایشن)

کالج کے ثقافتی تہوار عالمی ثقافتوں اور تنوع کا جشن منانے کا ایک شاندار موقع ہوتے ہیں۔ امریکہ بھر کے کالجوں میں طلبہ اپنی منفرد ثقافتوں اور اپنی برادریوں سے متعلق معلومات پیش کرنے کے لیے ثقافتی میلوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا (یو ایس ایف) میں اسٹوڈنٹس آف انڈیا ایسوسی ایشن (ایس آئی اے) ایک متحرک اور متنوع تنظیم ہے جس کی تاریخ تین دہائیوں پر محیط ہے۔ ایس آئی اے کا مشن بھارتی ثقافت کا جشن منانا، اس کے ارکان کے درمیان اپنائیت اور اتحاد کے احساس کو فروغ دینا اوروسیع کمیونٹی کے ساتھ اپنے ورثے کی گونا گونیت کو مشترک کرنا ہے۔

اسپَین نے ایس آئی اے کے صدر نمن سہگل اور ایس آئی اے کی نائب صدر انوشہ نکّا سے ان منفرد ثقافتی میلوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا جن میں انہوں نے یو ایس ایف میں شرکت کی تھی۔ پیش ہیں ان سے لیے گئے انٹرویو کے بعض اقتباسات ۔

کیا آپ ہمیں ایس آئی اے اور جنوبی فلوریڈا کے خطے میں بھارتی طلبہ آبادی کے متعلق بعض پس منظر مشترک کر سکتے ہیں؟

سہگل: یو ایس ایف سے بڑی تعداد میں بھارتی طلبہ وابستہ ہیں جس میں بھارت کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی شامل ہیں جو مختلف مضامین کا مطالعہ کرتے ہیں۔ یو ایس ایف کی بھارتی برادری، ایس آئی اے ثقافتی طور پر متنوع بھارتی طلبہ برادری کو اکٹھا کرنے کا عمل انجام دیتا ہے اور کیمپس کے ماحول کو رنگین بنانے کے لیے ثقافتی تقریبات اور تہواروں کا اہتمام کرتا ہے۔ جنوبی فلوریڈا بہت سی بھارتی برادریوں کا مسکن ہے جن میں سے ہر ایک متحرک ثقافتی تنوع کو فروغ دینے میں اپنا حصہ ادا کرتا ہے۔ اس کے ارکان کی تعداد تقریباً تین ہزار ہے جو ثقافتی تبادلوں، تعلیمی تعاون اور سماجی مصروفیات کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

نکّا: ہم اتحاد اور ثقافتی تبادلوں کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم لوگ آئندہ سال کے تعلق سے پُر جوش ہیں کیونکہ ہم اپنے ارکان کو بھرپور تجربات فراہم کرنے اور سرحدوں کو عبور کرنے والی کمیونٹی کے احساس کو فروغ دینے کے لیے کام کرتے ہیں۔ یو ایس ایف میں ایس آئی اے کی وراثت شمولیت، ثقافتی جشن اور ذاتی ترقی پر مبنی ہے اور ہم نئے مواقع کو اپناتے ہوئے اس وراثت کو آگے لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔

یو ایس ایف میں بعض منفرد ثقافتی تہوار یا تقریبات کیا ہیں جن میں ایس آئی اے شامل رہا ہے۔؟

سہگل: ہم مختلف اقسام کے ثقافتی تہواروں اور تقریبات کے انعقاد میں فعال طور پر شامل رہے ہیں اور طلبہ اور وسیع تر کمیونٹی، دونوں کے لیے ہی یادگار تجربات کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ ان میں سے قابل ذکر گربا پروگرام ہے جس میں سات سو لوگوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ دیوالی کا جشن ہے جس میں ایک ہزار شرکا ء شامل ہوئے۔ گربا کا پروگرام ایک متحرک جشن ہے جس میں فنکاروں، موسیقاروں اوراس کو فروغ دینے کے عمل کے ساتھ وسیع ہم آہنگی کی ضرورت ہوتی ہے۔

نکّا: دیوالی کی تقریب میں کشادہ مقام، ثقافتی پروگرام، روایتی بھارتی کھانوں کے اسٹال، کھیل اور متحرک سجاوٹ کے ساتھ محتاط منصوبہ بندی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہولی میں ایس آئی اے کے شامل ہونے سے طلبہ اور کمیونٹی کے ارکان کو ایک پرمسرت اور رنگا رنگ جشن میں شرکت کا موقع ملتا ہے۔

ایس آئی اے کے ثقافتی تہواروں کو عام طور پر کس طرح ترتیب دیا جاتا ہے؟ حاضرین ان سے کیا حاصل کرنے کی توقع کر سکتے ہیں؟

سہگل: ایس آئی اے کے تہواروں میں کلاسیکی رقص کی ادائیگی سے لے کر علاقائی کھانوں اور فیشن شوتک بھارتی ثقافت کے تنوع کا جشن منایا جاتا ہے۔ حاضرین کو اکثر اپنی برادری اور رابطے کا احساس ہوتا ہے جو بھارت کے مختلف علاقوں کے لوگوں کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہیں۔ ان تہواروں میں فنکارانہ مظاہروں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس طرح کے ورکشاپ کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں تعلیمی بصیرت اور لذیذ بھارتی کھانے فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مہمان مقررین اور پینل مباحثوں کے شرکا بھارتی ثقافت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں جس سے فکری تحریک ملتی ہے۔

کیا مستقبل میں کسی اشتراک یا پروگرام کا ارادہ ہے جن کے لیے ایس آئی اے فی الحال منصوبہ بندی کر رہا ہے؟

نکّا: ایس آئی اے نے مختلف سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی ہے جن میں ’’مہندی کی رات‘‘ تقریبات ، دیوالی کی تقریب ، پیشہ ورانہ ترقیاتی سیشن اور اگلے سمسٹر میں متحرک ہولی اور سنکرانتی کی تقریبات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ساؤتھ ایشین اسٹوڈنٹس بینکوئٹ یو ایس ایف میں تمام جنوبی ایشیائی طلبہ کو ایک دوسرے کے نزدیک لانے کے لیے تیار ہے جس سے کمیونٹی اور اتحاد کے احساس کو فروغ ملے گا۔

جیسون چیانگ لاس اینجیلس کے سِلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔


اسپَین نیوز لیٹر اپنے میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے