فضائی آلودگی سے نمٹنا

نیکسس کے ایک سابق طالب علم اور کاروباری پیشہ ور اس مضمون میں بتا رہے ہیں کہ ہم کس طرح صاف ہوا کے حصول میں تعاون کر سکتے ہیں۔

سنجے موریا

July 2023

فضائی آلودگی سے نمٹنا

سنجے موریا(دائیں سے دوسرے) یو بریتھ کی اپنی ٹیم کے ساتھ۔ (تصویر بشکریہ سنجے موریا)

بھارت میں فضائی آلودگی صحت عامہ کو درپیش سب سے بڑے خطرات میں سے ایک ہے۔ ’دی لانسیٹ پلینیٹری ہیلتھ ‘میں شائع ایک مطالعے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ ۲۰۱۹ء میں بھارت میں فضائی آلودگی کی وجہ سے ایک اعشاریہ ۶۷ ملین اموات ہوئیں۔ ان اموات میں سے زیادہ تر محصور ذرّات کی آلودگی اور گھریلو فضائی آلودگی کی وجہ سے ہوئیں۔

۲۰۲۲ءمیں شائع ہونے والے صحت کے عالمی ادارے (ڈبلیو ایچ او ) کے اعداد و شمار کے مطابق، محصور فضائی آلودگی اور گھریلو فضائی آلودگی کے مشترکہ اثرات سالانہ ۶ اعشاریہ ۷ ملین اموات کے لیے ذمہ دار تصور کیے جاتے ہیں۔

صحت پر مرتب ہونے والے اثرات

انسانی صحت پر ہوا کے خراب معیار کے اثرات کو کم کر کے اس کا اندازہ نہیں لگا یا جا سکتا۔ آلودہ ہوا میں طویل عرصے تک رہنے سے جسمانی اور ذہنی تندرستی دونوں کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ آلودہ ہوا میں موجود ذرّات پھیپھڑوں میں گہرائی تک داخل ہو سکتے ہیں، جس سے سانس سے متعلق مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ، پھیپھڑوں کے کام کی صلاحیت کم ہو سکتی ہے اور قوت مدافعت کمزور ہو سکتی ہے۔

ہوا میں موجود سلفر ڈائی آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ اور اتار چڑھاؤ والے نامیاتی مرکبات جیسی زہریلی آلودگی قلبی صحت پر مضر اثرات مرتب کرتی ہے ۔ مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ طویل مدت تک فضائی آلودگی میں رہنے سے دمہ، پھیپھڑوں کے کینسر، امراضِ قلب ، دل کا دورہ اور دیگر امراضِ تنفس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ بچے، بزرگ اور پہلے سے صحت کے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد خاص طور پر صحت پر پڑنے ان اثرات کے تئیں حسّاس ہوتے ہیں۔

کرنے کا کام

فضائی آلودگی سے نمٹنے اور صحت مند ماحول کو فروغ دینے کے لیے لوگ متعدد اقدامات کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے کارپول(ایک جگہ جانے کے لیے الگ الگ کاروں کی بجائے ایک کار کا استعمال)، پبلک ٹرانسپورٹ یا سائیکل جیسے پائیدار نقل و حمل کے متبادل کا انتخاب کریں۔اس سے گاڑیوں سے ہونے والے اخراج میں قابل ذکر کمی آ سکتی ہے۔ گاڑی خریدتے وقت الیکٹرک یا ہائبرڈ( دو طرح کے ایندھن کا استعمال کرنے والی گاڑی) قسموں کا انتخاب کریں اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے باقاعدگی سے ان کا رکھ رکھاؤ کریں ۔

گھر میں پائیدار طریقوں کو فروغ دینا ایک اور اہم قدم ہے۔ توانائی کی بچت کرنے والے آلات کا انتخاب کریں، ایل ای ڈی لائٹنگ کا استعمال کریں اور جب بھی ممکن ہو قابل تجدید توانائی کے ذرائع اختیار کریں ۔ ضرورت سے زیادہ حرارت یا ٹھنڈک کو کم کرنے کی خاطر توانائی بچانے کے لیے گھروں کو اچھی طرح سے محفوظ بنائیں۔

گھروں کے اندر آلودگی کو بھی کم سے کم کیا جانا چاہیے۔ کیڑے مار ادویات اور صفائی کے لیے کیمیاوی رقیق کے استعمال سے پرہیز کریں جو آلودگی پھیلاتے ہیں۔ اندرونی جگہوں کو اچھی طرح سے ہوادار رکھیں اور آلودگی کی بہتر صفائی اور ہوا کے معیار میں بہتری کے لیے ’ایئر پیوریفائر ‘کے استعمال پر غور کریں۔

فضلہ کا ذمہ دارانہ بندوبست فضائی آلودگی کو کم کرنے کا ایک لازمی پہلو ہے۔ فضلہ کو ذمہ داری سے ٹھکانے لگائیں اور ری سائیکل کرنے کے لائق مواد کو الگ کریں۔فضلہ کو کھلے عام جلانے سے بچنا اورکھاد بنانا غور کرنے کے لائق اضافی اقدامات ہیں۔

سبز اقدامات کی حمایت کریں، سبز جگہوں کی تخلیق اور شہری باغبانی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں۔ درخت قدرتی ہوا صاف کرنے والے کے طور پر کام کرتے ہیں اور آلودگی کو جذب کرتے ہیں، جبکہ سبز جگہیں شہری ماحول میں سانس لینے کی جگہ فراہم کرتی ہیں۔

طویل مدتی بہتری کےلیے تبدیلی کی وکالت بہت ضروری ہے۔ صاف ہوا کی اہمیت اور صحت عامّہ پر اس کے اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرکے افراد دوسروں کو کام کرنے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔ مقامی برادریوں کے ساتھ مشغول ہونا، شہریوں کی زیر قیادت اقدامات میں حصہ لینا اور ہوا کے معیار میں بہتری کو ترجیح دینے کے لیے پالیسی سازوں پر دباؤ ڈالنا تبدیلی لانے اور سبھی کےلیے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے مؤثر طریقے ہیں۔

فطرت سے سیکھنا

’یوبریتھ‘ کی’ بریتھنگ روٹس ٹیکنالوجی‘ پودوں کی ہوا صاف کرنے کے قدرتی طریقے کو استعمال کرتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ہوا صاف کرنے کی مشینیں ایک منفرد ڈیزائن کی حامل ہوتی ہیں جو ’سینٹری فیوگل‘ پنکھے کی مدد سے تقریباً ۵۰۰ گنا پودوں کے ’فائیٹوریمیڈییشن‘ کے عمل کو بڑھاتی ہیں ۔ ’فائیٹوریمیڈییشن ‘ایک ایسا عمل ہے جو آلودہ مٹی، پانی اور ہوا کے علاج کےلیے پودوں کا استعمال کرتا ہے۔ پنکھے کی موجودگی سے مٹی کی جڑ کے علاقے میں ہوا کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے جڑ میں موجود ’مائیکرو بایوم ‘زیادہ ہوا کے ساتھ تعامل کرنے اور اسے صاف کرنے کے اہل ہو جاتے ہیں ۔

مارکیٹ میں موجودہ میکا نکل فلٹر تیز اور خام ہوتے ہیں،انہیں خراب ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے اور ان سے کاربن ڈائی آکسائڈ کا اخراج زیادہ ہوتا ہے۔ ’یوبریتھ‘ کی پودوں پر مبنی ہوا کو صاف کرنے کی قدرتی تکنیک ہوا کے معیار کا کُلّی طور پر احاطہ کرتی ہے جس سے ہوا کو صاف کرنے کے عمل میں کاربن ڈائی آکسائڈ کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہتا ۔

سنجے موریا نیکسس کے سابق طالب علم اور’ یوبریتھ‘ کے شریک بانی ہیں۔


اسپَین نیوزلیٹر کو ای میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے