طبّی خدمات تک آسان رسائی

یو ایس ایڈ سے امداد یافتہ صحت پلیٹ فارم ’ای کیور‘ عارضی اور کم آمدنی والے کارکنوں کو کفایتی حفظان صحت تک رسائی فراہم کرتا ہے۔

نتاشا ملاس

August 2024

طبّی خدمات تک آسان رسائی

تعمیراتی کارکن یو ایس ایڈ سے امداد یافتہ صحت پلیٹ فارم ’ای کیور‘ کے ذریعے بیمہ پروگرام کے لیے اپنا اندراج کراتے ہوئے۔ (تصویر بشکریہ انشول کھرانہ)

طبّی اخراجات سے متعلق گھریلو استعمال کے بارے میں قومی نمونہ سروے کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ۸۰ فیصد سے زیادہ ہندوستانیوں کے پاس طبیّ اخراجات کی کوریج یا صحت بیمہ نہیں ہے۔ سروے کے مطابق سب سے زیادہ طبّی اخراجات ہسپتال میں بھرتی ہونے پر آتے ہیں۔ اس مَد پر اوسطاً ایک دیہی کنبہ سالانہ ۱۶ ہزار ۶۷۶ روپے جبکہ ایک شہری کنبہ ۲۶ ہزار ۴۷۵ روپے خرچ کرتا ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)/انڈیا کی مالی اعانت سے چلنے والے شہری صحت کے پروجیکٹ سماگرا کے ذریعے شہری کم آمدنی والی آبادی کے لیے معیاری حفاظتی، معاون اور بنیادی حفظان صحت کو یقینی بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ حفظان صحت تک رسائی میں اس کمیونٹی کے لیے آؤٹ آف پاکٹ اخراجات (وہ اخراجات جن کی باز ادائیگی تقریباً ناممکن ہے) کلیدی رکاوٹوں میں سے ایک ہیں، کیونکہ ان میں سے اکثر کے پاس بیمہ کی کوریج محدود یا بالکل نہیں ہوتی ہے۔

یو ایس ایڈ کے سماگرا پروجیکٹ کے تحت پاپولیشن سروسز انٹرنیشنل اور اینٹائٹلڈ سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ نے ای کیور تیار کیا ہے، جو عارضی مزدوروں اور غیربیمہ شدہ کنبوں کو یومیہ بنیاد پر حادثات کی کوریج، یومیہ ہسپتال کیش فوائد، ٹیلی مشاورت اور سالانہ ہیلتھ چیک اپ جیسے جامع فوائد پیش کرتا ہے۔

اینٹائٹلڈ سولیوشنز کے شریک بانی انشول کھرانہ کہتے ہیں ’’جہاں سماگرا نے آؤٹ آف پاکٹ اخراجات میں تخفیف کے لیے توسیع پذیر حل پر کام کیا، وہیں پروجیکٹ نے کمزور ذیلی گروپوں کی بھی تلاش کی جن تک مؤثر طریقے سے پہنچا جا سکتا ہے۔‘‘ وہ کہتے ہیں کہ ان کے ادارے نے پایا کہ شہری ہندوستان میں تقریباً دس ملین مزدور، جو عارضی اور معاہداتی کم آمدنی والی نوکریاں کرتے ہیں، کمزور ہیں، جنہیں صحت سے متعلق فوائد کی ضرورت ہے اور ’’عام طور پر آجر یا پلیٹ فارم ایکو سسٹم کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں۔‘‘ اب جبکہ ۳۰۔۲۰۲۹ تک اس ورک فورس (عارضی پروجیکٹوں پر کام کرنے والے کارکنوں) کی تعداد تقریباً ۲۳ اعشاریہ ۵ ملین تک پہنچنے کی توقع ہے، کفایتی طبّی دیکھ بھال کی فوری ضرورت مزید اجاگر ہوتی ہے۔

طبّی خدمات کو توسیع دینا

ای کیور کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ عارضی اور کم آمدنی والے کارکنوں کے لیے مخصوص طور پر ڈیزائن کردہ حسبِ ضرورت مصنوعات تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ مصنوعات آجر کے پلیٹ فارموں کے ساتھ مربوط ہیں، جن کے اخراجات اکثر موقعوں پر آجر خود برداشت کرتے ہیں۔

یو ایس ایڈ /انڈیا کے شعبہ ہیلتھ سسٹم اسٹرینتھنگ کی سینئر صلاح کار انورادھا جین کہتی ہیں ’’موجودہ پیشکش ایک جامع سبسکرپشن پروگرام پر مشتمل ہے جو ڈاکٹروں کی مشاورت، تجویز کردہ تشخیص اور فارمیسی خدمات تک رسائی فراہم کرتی ہے۔‘‘ مزید برآں فلیکسی مائیکرو اور گروپ ہیلتھ انشورنس پلان دستیاب ہیں، جو او پی ڈی اور ہسپتال میں داخلے پر آنے والے اخراجات یعنی دونوں خدمات کا احاطہ کرتے ہیں۔ ای کیور کے تحت اہلیت کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے اور پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن جیسے سرکاری صحت بیمہ پروگراموں تک رسائی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

وہ مزید کہتی ہیں ’’ای کیور نے ہائپر لوکل نیٹ ورک سمیت خدمات فراہم کرنے والوں اور لیبس کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کیا ہے تاکہ آجروں اور عارضی کارکنوں کی مخصوص ضروریات کی تکمیل کرنے والی حسبِ ضرورت اور کم لاگت والی مصنوعات فراہم کی جا سکیں۔‘‘

تکنیکی رشتوں سے فیضیاب ہونا

ای کیور ڈیجیٹل اور آن سائٹ سرگرمیوں کے ذریعے بیداری پیدا کرنے کے لیے ایمپلائمنٹ ایکو سسٹم کا استعمال کرتا ہے۔ یہ آن سائٹ سرگرمیوں اور ٹیلی فونک وابستگی کے ساتھ ساتھ متعدد زبانوں میں مواصلات کے لیے بنیادی طور پر واٹس ایپ کا استعمال کرتا ہے۔ ۴۰ سے زیادہ افرادی قوت کے پلیٹ فارموں اور انجمنوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کے ذریعے ای کیور نے ایک بڑی آبادی تک اپنی خدمات کی توسیع کر دی ہے۔

یو ایس ایڈ /انڈیا میں تعینات سینئر ہیلتھ لیڈ نیتا راؤ کہتی ہیں کہ ’’ای کیور بنیادی طور پر بزنس ٹو بزنس ٹو کنزیومر (بی ٹو بی ٹو سی) ماڈل پر کام کرتا ہے اور عارضی اور اسٹافنگ پلیٹ فارموں کے ساتھ ساتھ ایسے آجروں کے ساتھ تعاون کرتا ہے جو بلیو کالر کارکنوں کے ایک اہم نیٹ ورک کو چلاتے ہیں۔ ہمارے یہاں تقریباً ایک لاکھ اندراجات ہیں، جس کے نتیجے میں جوابی شرح تقریباً ۲۰ فیصد ہے۔‘‘

ای کیور ایک جامع فوائد کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جو طبّی خدمات فراہم کرنے والوں اور عارضی کارکنوں کے درمیان رابطہ کار کے طور پر کام کرتا ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں ’’بیمہ، ٹیلی مشاورت اور ای فارمیسی سمیت ہندوستان میں صحت سے متعلق فوائد اب تکنیکی طور پر دستیاب ہیں اور ای کیور ایک جامع فوائد کے پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔‘‘

ای کیور علاج فراہم کرنے کے چیلنجوں کے لیے بنیادی طور پر ڈیجیٹل نقطہ نظر کو استعمال کرتے ہوئے آپریشن کے اخراجات کو کم از کم کرنے میں کامیاب رہا ہے، اس طرح ایک بڑے گروپ کو انتہائی مسابقتی قیمتوں پر علاج فراہم کر رہا ہے۔ مزید برآں اس کے لچکدار ادائیگی کے اختیارات صارفین کو وقت کے ساتھ ساتھ چھوٹی ادائیگیاں کرنے کی اجازت دیتے ہیں، جس سے کم از کم پیشگی اخراجات کے ساتھ جامع کوریج حاصل کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔

نتاشا ملاس نیو یارک سٹی میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔


اسپَین نیوزلیٹر کو اپنے میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے