یو ایس ایڈ کا حمایت یافتہ نیٹ ورکنگ اور راہنمائی پروگرام خاتون کاروباری پیشہ وروں کو اپنے کاروبار کے لیے اتحادی، امداد اور سرمایہ تلاش کرنے میں مدد کر رہا ہے۔
April 2024
رادھیکا مہادیون بینگالورو میں واقع کمپنی ’برڈ سانگ‘ کی بانی اور سی ای او ہیں۔انہیں ’وی اسکیل‘ پروگرام سے اتالیقی اعانت حاصل ہوئی۔
ہزاروں خاتون کاروباری پیشہ ور نئے نئے کاروبار شروع کرنے کی غرض سے انتھک محنت کرتی ہیں۔ مگر تحقیق بتاتی ہے کہ انہیں مالی امداد، بازار سے متعلق اہم معلومات اور اعلیٰ تکنیکی صلاحیتیں حاصل کرنے ، نیز اہم کاروباری رابطہ سازی میں مردوں کی بہ نسبت زیادہ دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیر اہتمام چلنے والے ’وی اسکیل ‘ پروگرام کے تحت خاتون کاروباری پیشہ وروں کو تکنیک کی مدد سے اپنے کاروبار کو وسعت دینے ، سرمایہ حاصل کرنے اور رابطہ سازی میں مدد کی جاتی ہے۔
’ وی اسکیل ‘پروگرام جو یو ایس ایڈ کے ساؤتھ ایشیا ریجنل ڈیجیٹل انیشیٹو (ایس اے آر ڈی اے) کا حصہ ہے، خاتون کاروباری پیشہ ور افراد کو ۱۲ ہفتوں پر محیط اعلیٰ سطح کی تربیت اور راہنمائی فراہم کرتا ہے جو آن لائن اور بالمشافہ بات چیت کے ذریعہ دی جاتی ہے۔
۲۰۲۳ء میں ان سرگرمیوں کے توسط سے ہندوستان، بنگلہ دیش ، نیپال اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والی ایک سو خواتین کو تجربہ کار کاروباری بانیان اور ماہرین کے ساتھ وابستہ کیا گیا جنہوں نے ان کو بازار کاری ، برانڈ سازی ، کاروباری منصوبہ بندی کی پیشکش ، حکومت کی پالیسیوں اور سائبر سیکوریٹی جیسی اہم کاروباری مہارتوں سے متعلق تربیت اور راہنمائی فراہم کی۔
مذکورہ اجلاس میں شرکت کرنے والی خاتون کاروباری پیشہ وروں نے مختلف النوع میدانوں میں نئے نئے کاروباری تصورات پیش کیے جن میں ماحولیات اور پایئداری، صنعت و حرفت، عالمی سپلائی چین اور صحت و تندرستی شامل ہیں۔ یو ایس ایڈ نے ہندوستان میں اس پروگرام کے نفاذ کے لیے’ سیڈ اسٹيج سپورٹ‘ تنظیم ’انڈیا ایکسیلیریٹ ‘کے ساتھ شراکت داری کی جب کہ ایشیا میں اس پروگرام کو رو بہ عمل لانے کے لیے ’ ایکسلریٹ ایشیا‘ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
’جینو مکی سولوشنس ‘ کی بانی دیکچھا بھارتیہ کہتی ہیں کہ انہوں نے ’وی اسکیل‘ پروگرام کے دوران سرمایہ کا انتظام کرنے کے بارے میں سیکھا۔(تصویر بشکریہ دیکچھا بھارتیہ)
رابطہ سازی
’وی اسکیل‘ پروگرام کی شرکاء خاتون کاروباری پیشہ ور بتاتی ہیں کہ اس پروگرام سے ان کو کئی فائدے حاصل ہوئے جیسے انہیں سرمایہ کاروں، ممکنہ گاہکوں، دیگر کاروباریوں اور اتالیقوں سے رابطے قائم کرنے میں مدد ملی۔
بینگالورو میں واقع صحت و تندروستی کے مصنوعات بنانے والی کمپنی برڈسانگ کی بانی اور سی ای او رادھیکا مہادیون کہتی ہیں’’اگر آپ کسی کاروباری خاتون سے پوچھیں گے تو وہ بتائیں گی کہ ان کا کاروباری سفر کتنا اکیلا تھا۔‘‘ برڈ سانگ منہ اور جلد کی دیکھ بھال اور درد سے راحت کے پائیدار آیورودیک مصنوعات تیار کرتی ہے۔’ وی اسکیل‘ پروگرام کے تجربہ کو بیان کرتے ہوئے مہادیون کا کہنا ہے کہ انہیں اس کے توسط سے چھوٹے کاروباری پیشہ وروں سے رابطہ سازی کا موقع ملا اور راہنمائی حاصل ہوئی۔ وہ کہتی ہیں ’’ہمارا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ میری ملاقات ہندوستان میں منھ کی دیکھ بھال کی مصنوعات بنانے والی ایک بڑی کمپنی ایک افسر سے ہوئی۔ عام حالات میں وہ میرے حریف ہوتے مگر یہاں وہ میرے اتالیق تھے۔‘‘
نوئیڈا میں واقع جنومیکی سلوشنس کی بانی اور ڈائریکٹر دیکشا بھارتیہ بتاتی ہیں کہ اس پروگرام کے اتالیقوں نے شرکاء کو فنڈ جمع کرنے کا گُر سکھلایا۔ وہ کہتی ہیں ’’اتالیق، جو کسی نہ کسی کمپنی کے بانی تھے، نے ہمیں سرمایہ کاروں سے گفتگو کرنے کا فن سکھایا۔ گو کہ بعض اوقات ہمارے سوالات بچکانہ ہوتے تھے مگر اس کے باوجود اتالیق نہایت خندہ پیشانی سے ان کا جواب دیتے تھے۔‘‘ وہ مزید بتاتی ہیں کہ اس پروگرام کے خاتمہ کے بعد بھی اکثر سرپرست ہم سے رابطہ میں رہے۔
بھارتیہ جن کا بایو انفارمیٹکس میں پی ایچ ڈی ہیں، کہتی ہیں کہ ایسی مدد خاص طور پر مفید رہی کیونکہ انہیں کاروبار چلانے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ وہ اس پراگرام میں شرکت سے چند ماہ قبل تک ایک سائنسداں کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
بھارتیہ اور مہادیون کی پہلی ملاقات’ وی اسکیل‘ پروگرام کے دوران ہوئی اور تب سے دونوں ایک دوسرے کے رابطے میں ہیں۔ بھارتیہ کہتی ہیں ’’رادھیکا اور میرا تعلق دو بالکل ہی مختلف قسم کے کاروباروں سے ہے۔ مگر ہم دونوں کی جدوجہد اور ہم دونوں کا سفر تقریباً ایک سا ہی ہے۔‘‘
رسائی کو وسعت
’انڈیا ایکسیلیریٹ ‘ کی پروگرام مینیجر گونیکا گروور کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد اُن خواتین کاروباریوں کی رہنمائی کرنا ہے جو ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہیں اور جنہیں راہنمائی کی ضرورت ہے۔ وہ کہتی ہیں ’’ہماری توجہ خاص طور پر بڑے شہروں سے دور ایسی کاروباری خواتین پر مرکوز تھی جن کے پاس کاروبار کے نئے نئے تصورات تو تھے مگر ان کی بڑے سرمایہ کاروں تک رسائی نہیں تھی۔‘‘
’وی اسکیل ‘ کے ۱۲ ہفتوں کے بنیادی پروگرام کے اختتام پر ۲۰ منتخب شرکاء نے ’وی اسکیل پلس‘ کے اعلیٰ سطحی پروگرام میں شرکت کی۔ اس کے تحت شرکاء کی اضافی راہنمائی اور کوچنگ بھی کی گئی ،نیز رابطہ سازی کے مزید مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
استقامت، مدد، راہنمائی اور شراکت داری کے ذریعے ’وی اسکیل‘ نے کئی خواتین کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کے وسائل فراہم کیے ہیں۔
برٹن بولاگ واشنگٹن ڈی سی میں مقیم ایک آزاد پیشہ صحافی ہیں۔
اسپَین نیوزلیٹر کو میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN
تبصرہ