میجرکے مضمون کا انتخاب

طلبہ کے لیے میجرکے مضمون کا انتخاب چیزوں کا مطالعہ کرنے، غور و فکر کرنے اور بالآخر ایک اہم عمل کے آغاز سے لطف اندوز ہونے کا ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔

نتاشا مِلاس

April 2022

میجرکے مضمون کا انتخاب

میجرکے مضمون کا انتخاب ایک مغلوب کردینے والا عمل ہے۔ اس موقع پر اکثر طلبہ خود سے سوالات پوچھتے اور جواب دیتے پائے جاتے ہیں ۔ ان میں ان کی دلچسپیاں کیا ہیں، چار برس کے دوران کیا سیکھنا چاہتے ہیں اور کسی مخصوص میجر میں ان کے کریئر کے متبادل کیا ہیں، جیسے سوالات شامل ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو ڈرائنگ یا تھیٹر کا شوق ہے تو آپ شاید آرٹ یا ڈراما کو بطور میجر مضمون پڑھنے میں دلچسپی لیں گے۔اگر آپ جانتے ہیں کہ آپ قانون یا طب کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ ایک ایسے میجرمضمون کا انتخاب کریں گے جو آپ کو قانون یا میڈیکل اسکول میں داخلہ حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔

زیادہ تر کالج گرچہ آپ سے اپنی درخواست میں میجر کو واضح کرنے کے لیے کہتا ہے لیکن آپ کے پاس یہ اختیار بھی ہوسکتا ہے کہ آپ اپنے میجر کو ’’غیر واضح‘‘ رکھیں۔ مختلف مضامین کی تلاش اور مطالعے کے اپنے پہلے اور یہاں تک کہ دوسرے سال میں عمومی کورسیز کا انتخاب مکمل طور پر ایک فطری عمل ہے۔ اس سے طلبہ کو مختلف مضامین میں بنیادی تعارف حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ ساتھ ساتھ میجر کے انتخاب میں بھی ان کے لیے راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔ آپ اپنے فیصلے میں خواہ کتنے ہی یقینی یا غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرتے ہوں، یاد رکھیں کہ آپ ابھی بھی اپنے فیصلے کے پابند نہیں ہیں۔ ایک بار جب آپ اپنے کالج یا یونیورسٹی میں پہنچ جاتے ہیں تو آپ اپنے میجر کو تبدیل کرنے کے بارے میں کسی مشیر سے بات کرسکتے ہیں۔

جب آپ اپنی تلاش شروع کرتے ہیں تو پڑھائی کے لیے امریکہ آنے سے پہلے ایجوکیشن یو ایس اے کے مراکز کے مشیروں سے بات کریں اور اس کے ساتھ ہی اپنے میجر کا اعلان کرنے سے پہلے یونیورسٹیوں میں تعلیمی مشیروں سے بھی تبادلہ خیال کریں۔ آخر کار آپ جس مضمون کا بھی انتخاب کریں، عام مشورہ یہی ہوتا ہے کہ ’’اپنے میجر سے آپ محبت کریں۔‘‘

پیش ہیں میجر کے انتخاب کے بارے میں ایجوکیشن یو ایس اے کی مشیر آستھا وِرک سنگھ کے ساتھ ایک انٹرویو کے بعض اقتباسات:

میجر کا انتخاب کرتے وقت طلبہ کو کس چیز کی تلاش ہونی چاہیے؟ اس میں غور و خوض کے بعض عوامل کیا ہیں؟
آئیے اس کا آغاز اس بات کو سمجھنے سے کرتے ہیں کہ آخر میجر کیا ہے۔ کالج میں آپ کا میجر ایک ایسا مضمون ہے جس میں آپ اپنے کورسیز کی اکثریت کا انتخاب کرتے ہیں اور اس کے تعلق سے عمیق افہام و تفہیم کے مرحلے سے گزرتے ہیں۔ یہ وہ شعبہ ہے جس میں آپ اپنے مطلوبہ کورسیز مکمل کرنے کے بعد گریجویٹ ہوتے ہیں۔ زیادہ تر طلبہ چار سالہ تعلیمی کورس کے پہلے یا دوسرے سال میں بھی عام کورسیز کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ اس سے تعلیم کے تعلق سے ایک مکمل نقطہ نظر کی اجازت مل جاتی ہے اور طلبہ دنیا کے بارے میں بہتر سمجھ حاصل کرتے ہیں۔

بعض طلبہ اپنے میجر کے علاوہ مائنر مضمون کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔ ایک مائنر مضمون وہ کورس ورک ہے جس میں آپ کسی اور شعبے کی تلاش کرتے ہیں لیکن اتنے گہرے اور وسیع پیمانے پر نہیں جتنا کہ آپ اپنے میجر کے لیے کرتے ہیں۔ ایک مائنر مضمون آپ کے میجر مضمون کی تکمیل کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر بزنس ایڈمنسٹریشن میں مائنر یا کسی زبان میں مائنر کے ساتھ پبلک رلیشنز میں میجر کا انتخاب ۔ بعض اسکول آپ کو ڈبل میجر لینے کی اجازت دیتے ہیں جہاں آپ دو میجر مکمل کرتے ہیں لیکن یہ آپ کے کام کے بوجھ میں اضافہ کرتا ہے اور ہوسکتا ہے کہ یہ ہر کسی کے لیےممکن نہ ہو۔

میجرکے انتخاب کے وقت آپ خود سے مندرجہ ذیل سوالات کر سکتے ہیں:

آپ کس طرح کی زندگی کا تصور کرتے ہیں؟

آپ خود کو کہاں کام کرتے ہوئے دیکھتے ہیں؟

آپ کے اقدار کیا ہیں، کون سی چیز آپ کو ترغیب دیتی ہے، آپ کے لیے کیا اہم ہے، آپ کی ترجیحات کیا ہیں اور آپ کے لیے کون سی چیز اہمیت کی حامل ہے؟

تعلیم کے لحاظ سے آپ کی مثبت چیزیں کیا ہیں اور آپ اپنے بہترین گریڈ کہاں سے حاصل کرتے ہیں؟ آپ کون سے مضامین سیکھنا پسند کرتے ہیں اور کون سی آپ کی پسندیدہ کلاسیز ہیں؟

آپ اسکول یا اسکول سے باہر کون سی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں؟

اپنی قابلیت کا جائزہ (آپ کس چیز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں)، آپ کی دلچسپیاں (آپ کیا کرنا پسند کرتے ہیں) اور آپ کی شخصیت (آپ کون ہیں اور آپ کے لیے کیا اہم ہے)، آپ کو ان موضوعات اور کریئر کی اقسام کو سمجھنے میں مدد کرے گی جنہیں حاصل کرنے میں آپ دلچسپی لے سکتے ہیں۔

کیا یہ درست ہے کہ ابھی کسی میجر کا انتخاب نہ کیا جائے اور پہلے ایک یا دو سال کے لیے دلچسپی کے مضامین کی تلاش کی جائے؟
یہ نہیں جاننا بھی بالکل درست ہے کہ آپ کیا تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں یا اپنے کریئر کے لحاظ سے آپ کہاں جا رہے ہیں! جو درست نہیں ہے وہ یہ ہے کہ طلبہ بعض اوقات اہم معلومات کی تحقیقات اور انہیں اکٹھا کرنے کے عمل سے محروم رہ جاتے ہیں جو بالآخر انہیں یہ اہم فیصلہ کرنے میں مدد کرنے والی ہوتی ہے۔ بہت سے طلبہ ہائی اسکول سے فارغ التحصیل ہونے کے ساتھ ہی کسی مضمون کے انتخاب میں بے حد دباؤ محسوس کرتے ہیں اور بعض اوقات جلد بازی میں فیصلہ کرنے کے شکار ہو جاتے ہیں۔ سوالات پوچھ کر اپنے مستقبل کی سرمایہ کاری کریں۔ شاید آپ نے اب تک ایک میجر کے لیے ذہن نہیں بنایا ہوگا لیکن آپ ایسی معلومات سے لیس ہوں گے جو آپ کو صحیح مضامین کو منتخب کرنے میں مدد کریں گی۔ بہت سے طلبہ امریکی یونیورسٹیوں میں ’’غیر طے شدہ‘‘ میجر والی درخواست دیتے ہیں اور پھر ایک سال کے بعد اپنے آخری میجر کے بارے میں فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ تمام استعمال اور فوائد کے ساتھ تلاش اور خود شناسی میں مدد کے لیے امریکی اعلیٰ تعلیم کو ڈیزائن کیا گیا ہے۔

بھارتی طلبہ کے لیے سب سے زیادہ مقبول میجرس کیا ہیں؟
انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے شائع کردہ ۲۰۲۱ء کی اوپن ڈورس رپورٹ کے مطابق مطالعے کے مندرجہ ذیل شعبے بین الاقوامی طلبہ کے لیے سب سے زیادہ مقبول تھے*

انجینئرنگ

ریاضی اور کمپیوٹر سائنس

بزنس اینڈ مینیجمنٹ

سوشل سائنسیز

فزیکل اینڈ لائف سائنسیز

فائن اینڈ اپلائیڈ آرٹس

ہیلتھ پروفیشنز

کمیونکیشن اینڈ جرنلزم

ایجوکیشن

*یہ ڈیٹا بین الاقوامی طلبہ کے لیے ہے۔ امریکہ میں طلبہ کی بین الاقوامی آبادی میں بھارتی طلبہ کی تعداد ۱۸ فی صد ہے۔

میجر کا انتخاب کرتے وقت طلبہ کو کس چیز سے گریز کرنا چاہئے؟

میجر کا انتخاب لازمی طور پر ایک اہم اور اکثراوقات ایک مشکل فیصلہ ہوتا ہے۔ اس لیے انتخاب کا عمل شروع کرتے وقت ایسی ممکنہ رکاوٹیں ہوتی ہیں جن سے گریز کرنا چاہیے:

طویل مدت کے لیے غور و فکرنہیں کرنا اور صرف تنخواہ یا آمدنی پر ہی غوروخوض کرنا

ساتھیوں کے دباؤ کے سامنے جھک جانا یا ہجوم کے پیچھے چل پڑنا
کسی اور کو خود پر اثر انداز ہونے دینا یا خود کے لیے انہیں انتخاب کرنے دینا
تجربے یا تحقیق کے بغیر انتخاب کرنا
صرف نتائج کے بارے میں خیال کرنا اور اس کے سفر کے تعلق سے غور و فکر نہ کرنا
میجر کو رومانی بنانا

امریکی یونیورسٹی میں داخلہ سے پہلے اور امریکہ میں داخل ہونے کے بعد طلبہ کو اپنے میجر کے انتخاب کے بارے میں کس سے مشورہ کرنا چاہیے؟

آپ خود شناسی کے ساتھ یا اپنے سرپرستوں، اسکول مشیروں، اساتذہ اور والدین کی مدد سے میجر کے انتخاب کا عمل شروع کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ ایک ایسے پیشہ ور کی خدمات بھی لے سکتے ہیں جو نفسیاتی جانچ کے ذریعہ طلبہ کی صلاحیت، دلچسپی اور شخصیت کی پیمائش کرکے طلبہ کو کریئر کے انتخاب کے لیے رہنمائی کرتا ہو۔ اس پر غور کرنا بہت ضروری ہے کہ ذاتی طور پر آن لائن ٹیسٹ کافی نہیں ہے بلکہ آپ کو ٹیسٹ کے نتائج کے تجزیے اور تشریح پر کسی پیشہ ور سے رہنمائی حاصل کرکے اس عمل کو مکمل کرنا ہوگا۔ بہت سے طلبہ اور کنبے غلطی سے یہ توقع کرلیتے ہیں کہ کوئی پیشہ ور صرف کریئر کے تین سرفہرست انتخابات کی نشاندہی کر دے گا ۔ اس کے بجائے یہ توقع کرنا حقیقت پسندانہ ہوتا ہے کہ کوئی پیشہ ور آپ کے کریئرکے اعلیٰ مجموعے پر تبادلہ خیال کر سکتا ہے اور ان کے اندرسے آپ کو مزید تبادلہ خیال اور تحقیق کے بعد حتمی فیصلہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔

اپنی دلچسپیوں اور قابلیت کے بارے میں مزید دریافت کے بعض طریقے رضاکارانہ طور پر یا انٹرن شپ کے ذریعے قیمتی تجربہ حاصل کرنا ہیں۔ یہ آپ کو کام کی حقیقی دنیا میں ایک پریشان کن مرحلے سے گزرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور آپ کو اپنی مہارتوں کو نکھارنے اور کسی بھی کاروبار یا خدمت کے اہتمام کی سمجھ حاصل کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔

کریئر سے متعلق باخبر فیصلے کرنے کے لیے مستقبل میں مواقع کے بارے میں قابل اعتماد معلومات کی ضرورت ہوتی ہے۔ کریئر اور ملازمت کے رجحانات کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ بہت سے مضامین کا اطلاق دوسرے شعبوں میں ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ ہیلتھ سائنسیز کے شعبے پر نظر ڈالیں تو کوئی بھی ڈاکٹر، اسپتال منیجر، صحت کے شعبے سے متعلق مصنف یا صحافی، ڈیٹا تجزیہ کار، ٹیکنالوجی ایکسپرٹ، ہیلتھ لیگل ایکسپرٹ وغیرہ بن سکتا ہے۔ کام اور ملازمتوں کے مستقبل کو سمجھنے کے لیے ملازمتوں اور مارکیٹ کے رجحانات کے بارے میں مطالعہ ضروری ہے۔

میجرس، کریئرس اور ملازمت کے مواقع کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کے آغاز کے لیے کچھ مقامات کا دورہ کیا جا سکتا ہے:

ایجوکیشن یو ایس اے امریکی اعلیٰ تعلیم کا سرکاری ذریعہ ہے۔ ایجوکیشن یو ایس اے کے مشیر طلبہ کو داخلوں اور درخواست کے عمل کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں اور امریکی یونیورسٹیوں میں میجرس اور پروگرامس کے بارے میں مشورہ دے سکتے ہیں۔

امریکی یونیورسٹیوں میں اعانتی خدمات ، کریئر خدمات اور انٹر نیشنل اسٹوڈنٹ آفسیز کے بارے میں بتاتے ہیں۔

اسکول کونسلرس، پلیسمنٹ آفیسرس، کریئر کونسلرس جو کریئر کونسلنگ میں مہارت رکھتے ہیں، کالج اور کریئر سے متعلق فیصلہ کرنے میں طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں۔

لائبریریوں اور کریئر کی رہنمائی سے متعلق مراکز جو کالج اور ملازمت کی تلاش میں مدد کے لیے فائدہ مند وسائل رکھتے ہیں۔

کورس کی ضروریات اور کالج میں آپ کو جو کلاسیں لینی ہوں گی انہیں سمجھنے کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹس ذاتی رابطوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور کسی ایسے شخص کے ساتھ رابطہ جو مخصوص کریئرس اور کمپنیز کے بارے میں آپ کے سوالات کا جواب دے سکتا ہے۔

میجر کے انتخاب کا عمل شروع کرنے والے طلبہ کے لیے آپ کا کیا مشورہ ہے؟

میجر کا انتخاب ایک تکلیف دہ تجربہ ہوسکتا ہے کیونکہ انتخاب کے لیے بہت سارے مضامین ہوتے ہیں۔ فطری طور پر طلبہ کی دلچسپی کئی مضامین میں ہو سکتی ہے ۔ لہٰذا، صرف ایک مضمون کے لیے عہد کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ طلبہ ہمیشہ ایک مائنر شعبے کا انتخاب کرنے اور اپنے منتخب شعبے کو وسعت دینے کے لیے اپنی دلچسپی کے موضوعات پر مختلف قسم کے ا ختیاری مضامین کے ساتھ اپنے میجر کی تکمیل کرسکتے ہیں۔
بہت سے وسائل ایسے ہیں جو روانگی سے پہلے کے مرحلے میں اور کالج یا یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران طلبہ کے لیے دستیاب ہیں۔ طلبہ کو مختلف وسائل اور مشیروں سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ انہیں میجر کے انتخاب کے عمل میں مدد مل سکے۔
میجر کا انتخاب طلبہ کے لیے ایک پیچیدہ عمل ہوسکتا ہے لیکن اسے ذہن کو کشیدگی سے دوچار کرنے والا نہیں ہو نا چاہیے۔ یہ دریافت کرنے، غور و خوض کرنے اور بالآخر لطف اندوز ہونے کا ایک بہترین موقع ہے۔

نتاشا ملاس نیو یارک سٹی میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں ۔


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے