کیمپس کے حفاظتی انتظامات سے بہرہ مند ہونا

طلبہ کو ان کی سلامتی اور ذہنی صحت کا خیال رکھنے میں مدد کرنے کے لیے امریکی یونیورسٹیوں میں وسائل، راہنماؤں اور طبقات کی کمی نہیں ہے۔

دیپاکشی بھاردواج 

May 2024

کیمپس کے حفاظتی انتظامات سے بہرہ مند ہونا

امریکی یونیورسٹیاں دانستہ طور پر کیمپس میں حفاظتی انتظامات سے متعلق سرمایہ کاری کرتی ہیں۔ ان میں روشن راستے، باقاعدگی کے ساتھ حفاظتی گشت اور ہنگامی کال باکس شامل ہیں۔(آروائی او الیکزینڈر/شٹر اسٹاک ڈاٹ کام)

امریکہ میں تعلیم حاصل کرنا ایک دلچسپ اور شاندار تجربہ ہوتا ہے تاہم حفاظت اور ذہنی صحت کے وسائل تک رسائی کے بارے میں خدشات، خاص طورسے بین الاقوامی طلبہ کے لیے، فطری ہیں۔ جب طلبہ امریکہ میں اپنے اعلیٰ تعلیم کے سفر کا آغاز کرتے ہیں تو کیمپس اور اس سے باہر  حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے دستیاب وسائل سے ان کا آگاہ ہونا ضروری ہے۔

امریکہ میں کیمپس کے اندر طلبہ کی سلامتی کے لیے متعدد حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں ذہنی صحت کے وسائل میں اضافہ، جنسی تعلقات میں رضامندی سے متعلق بیداری کو پھیلانا، جنسی تشدد کی روک تھام ، منشیات سے متعلق  تعلیم اورحفاظت کے بنیادی ڈھانچے میں اضافہ شامل ہیں۔ یونیورسٹیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی طبقات کے مابین تعاون کالج کے طلبہ کے لیے حفاظتی خدشات کو مؤثر طریقے سے حل کرتا ہے۔

محفوظ ماحول

امریکی یونیورسٹیاں شعوری طور پر کیمپس میں مختلف حفاظتی اقدامات میں سرمایہ کاری کرتی ہیں۔ ریاست وِسکونسِن کے لبرل آرٹس اسکول، بیلوئٹ کالج میں اپنے زمانے کے دوران میں نے پورے کیمپس میں سخت حفاظتی اقدامات کا مشاہدہ کیا جن میں روشن راستے، پولس گشت اور ہنگامی کال باکس شامل تھے۔ یہ وسائل آسانی سے دستیاب ہو تے ہیں، خاص طور سے رات کے وقت۔ میں نے پایا کہ حفاظتی عملہ طلبہ کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہا کرتا،یہاں تک کہ ضرورت پڑنے پر اندھیرا ہونے کے بعد انہیں ان کے ہاسٹل تک لے جایا کرتا۔ ایک بین الاقوامی طالب علم کے طور پر میں نے ہمیشہ مدد یا رہنمائی کے لیے حفاظتی عملے تک پہنچنے میں آسانی محسوس کی۔

کیمپس میں آر اے وی ای ایمرجنسی سسٹم کا انتظام ہے جو ہنگامی حالات میں ہدایات کے ساتھ براہ راست طلبہ کو ای میل اور موبائل کے ذریعہ متنبہ کیا کرتا۔  آگ سے حفاظت اور طوفان سے نمٹنے کے قابل ہونے کے لیے کیمپس میں باقاعدگی سے مشقیں ہوا کرتیں۔ کیمپس کمیونٹی بھی ایک محفوظ ماحول کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ریزیڈنٹ اسسٹنٹس (آر اے) ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اچھی طرح تربیت یافتہ ہوتے ہیں جو طلبہ، پروفیسروں اور عملے کے درمیان خیر سگالی کا ماحول بنایا کرتے۔ ان میں سے ہر کوئی جانتا کہ کسی ہنگامی صورت حال میں کس سے رابطہ کرنا ہے۔

میں نے طالب علموں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں ان رابطوں کے کردار کوخود محسوس کیا ہے۔ گھر سے دور ہونے کی وجہ سے مجھے یہ جان کر سکون ملا کہ میرے پاس ایسے لوگوں کا ایک نیٹ ورک ہے جن پر میں بھروسہ کر سکتی ہوں۔ اس طرح کی کمیونٹی کا حصہ بننے سے پیدا ہونے والے  تعلق کا احساس انمول ہے، خاص طور پر جب کسی نئے ملک کے حساب سے زندگی کوڈھالنا ہوتا ہے۔

ذہنی صحت کو ترجیح

جسمانی حفاظت کے علاوہ ذہنی صحت سے متعلق بیداری اور مدد امریکی کیمپس کی زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔ بہت سے دیگر اداروں کی طرح بیلوئٹ کالج میں بھی فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور ذہنی صحت کے چیلنجوں کا سامنا کرنے والوں کو وسائل فراہم کرنے کے لیے وقف پروگرام ہیں۔

میرے کالج کا ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹر (ایچ ڈبلیو سی) مفت مشاورت اور ٹیلی ہیلتھ سیشن جیسی مختلف خدمات کا مرکز ہے۔ کالج ذہنی صحت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور کمیونٹی کے احساس کو فروغ دینے کے لیے ہفتہ وار سرگرمیوں کا اہتمام کرتا ہے۔ چاہے وہ تھیراپی ڈوگ کے دورے ہوں یا ہفتہ وار فٹنس کلاسیں جیسے یوگ، زومبا یا انڈور سائیکلنگ ہو، طلبہ کے لیے مشغول ہونے اور مدد حاصل کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں۔

بیلوئٹ کالج میں آر اے کا عملہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ایک متنوع گروپ پر مشتمل ہوتا ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ پر توجہ دی جا ئے۔  کشیدگی میں سختی سے کمی، ابتدائی طبّی امداد کے طریقے اور کسی معاملے کے وقت وہاں موجود لوگوں کی مداخلت سے متعلق تربیت کیمپس کی معمول کی سرگرمیاں ہیں۔

کیمپس خودکشی جیسے حساس مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی فعال اقدامات کرتا ہے۔ خودکشی کی روک تھام کے لیے ہاٹ لائنس آسانی سے دستیاب ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پائیدار مکالمہ گروپ بات چیت کو فروغ دینے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ امریکہ یا اپنے آبائی ملک میں پریشان کن واقعات سے متاثر ہونے والے طلبہ کو بھی کالج فوری امداد فراہم کرتا ہے۔

تیاری اور سرگرمی

بین الاقوامی طلبہ کو کیمپس کے وسائل اور ہنگامی  صورت حال کے ضوابط کے بارے میں جاننے کے لیے پہل کرنی چاہیے ۔ کھلے ذہن اور فعال رویے کے ساتھ امریکی یونیورسٹی کیمپسوں میں کیمپس سکیورٹی اور ذہنی صحت سے متعلق کام کرنے والوں سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔

کیمپس کی زندگی کا محفوظ طریقے سے پتہ کرنے میں آپ کی مدد کے لیے یہاں کچھ عملی تجاویزپیش کیے  جارہے ہیں۔

  • اس شہر اور ریاست سے متعلق معلومات حاصل کریں جہاں آپ رہیں گے۔
  • اہم دستاویزات اور رقم کو محفوظ رکھیں۔
  • جب بھی ممکن ہو دوستوں کے ساتھ سفر کریں، خاص طورسے  رات کے وقت۔
  • غیر ارادی طورپرخلاف ورزیوں  سے گریز کرنے کے لیے مقامی قوانین اور ضوابط کے بارے میں جانیں۔
  • اپنے لوگوں سے جڑے رہنے کے لیے ٹریکنگ ایپس یا لایو لوکیشنس کا استعمال کریں۔
  • رات کو کسی دوست کے ساتھ چہل قدمی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع کیمپس کے حفاظتی عملہ کو فوراً دیں۔

ان آسان احتیاطی تدابیر کو اختیار کرکے آپ اعتماد اور ذہنی سکون کے ساتھ  امریکہ میں اپنے تعلیمی سفر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

دیپاکشی بھاردواج ریاست وِسکونسِن میں واقع بیلوئٹ کالج کی سابق طالبہ ہیں۔


اسپَین نیوز لیٹر کو میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے  فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے