اسٹیم میں کامیاب کریئر سازی

اس مضمون میں یونیورسٹی آف ورجینیا کی ایک ہندوستانی محقق اسٹیم شعبہ جات میں تحقیق کے دوران ادارے کے مشمولی طبقات اور اتالیقوں کی راہنمائی سے بہرہ مند ہونے کی خبر دے رہی ہیں۔

ڈاکٹر شفق زہرا

May 2024

اسٹیم میں کامیاب کریئر سازی 

شفق زہرا یونیورسٹی آف ورجینیا کی ایک تجربہ گاہ میں۔ (تصویر بشکریہ شفق زہرا)

میں یونیورسٹی آف ورجینیا (یو وی اے) میں بایو انفارمیٹکس میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کر رہی ہوں۔ میں خود کو خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ میں ایک فعال اور مددگار تدریسی عملہ کا حصہ ہوں جو اسٹیم شعبہ جات(سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اور ریاضی ) میں تنوع اور شمولیت کا علم بردار ہے۔ اسٹیم شعبہ جات میں خواتین کو بااختیار بنانے والے مشمولی طبقات اور قابل قدر تعاون نے یونیورسٹی آف ورجینیا میں میرے تعلیمی سفر اور کریئر میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔

یونیورسٹی آف ورجینیا میں شمولیت کو پروان چڑھانے والی ثقافت ہے جہاں مختلف پس منظر والے محققین اشتراک اور اختراع کا فیض اٹھاتے ہیں۔یہی سبب ہے کہ یونیورسٹی میں صنفی اور نسلی مساوات اور باہمی عزت و احترام کا خوش گوار ماحول ہے جہاں ہر کس و ناکس کو خیال آرائی کی آزادی ملتی ہے اور اس کو وقعت بھی دی جاتی ہے۔ میں نے خود تنوع والے کئی ورک شاپ، رابطہ کاری پروگراموں اور قرابت داری پروگراموں میں شرکت کی ہے۔ ان تمام چیزوں سے مختلف مضامین کے مابین بہتر اور معنی خیز روابط قائم ہوتے ہیں۔

مارچ (امریکہ میں خواتین کے لیے مخصوص ماہ) کی مناسبت سے پورے امریکہ میں مختلف طبقات خواتین کی ہمہ جہت خدمات بشمول سائنس اور میڈیسین کے شعبہ جات میں ان کے کردار کی تعظیم کرتی ہیں۔ اس سال ہم نے قومی عنوان ’’ وہ خواتین جو مساوات ، تنوع اور مشمولیت کی علم بردار ہیں ‘‘ کے تحت تقریبات منعقد کیں۔ اس کا مقصد ورجینیا یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کی تعظیم کرنا تھا جنہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ صحت میں بیش بہا خدمات انجام دیں۔پورے امریکہ اور یو وی اے ہیلتھ دونوں میں ہی غیر معمولی خواتین کی لا ثانی خدمات رہی ہیں نیز انہوں نے میڈیکل سائنس میں کارہائے نمایاں انجام دینے کے ساتھ ساتھ صنفی اور نسلی مساوات کو بھی فروغ دیا ہے۔ صحت کے میدان میں جن تاریخی خواتین کا شمار ہوتا ہے ان میں امریکی فوج کی اوّلین سرجن اور حقوق نسواں کی علم بردار ڈاکٹر میری ایڈوارڈس واکر، پہلی امریکی خاتون طبیب ڈاکٹر سوزین لا فلیش پکاٹ اور ڈاکٹر ویوین پِن جنہوں نے یو وی اے اسکول آف میڈیسن سے تعلیم حاصل کی اور جنہیں قومی ادارہ برائے صحت کے دفتر برائے صحت نسواں تحقیق کی اولین کُل وقتی ڈائریکٹر ہونے کا شرف حاصل ہے، کے نام قابل ذکر ہیں۔

یو وی اے کے اپنے قیام کے دوران میرا رابطہ مشمولی طبقات اور اتالیقوں سے ہوا۔ ادارے کے ان متنوع تجربات سے میرے اندر قابل قدر ہنر پیدا ہوا، تعلقات میں وسعت آئی اور میں اپنی پیشہ ورانہ اعلیٰ تعلیم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اس سال یو وی اے میں خواتین کی طبّی خدمات کا صد سالہ جشن منایا جارہا ہے۔ اس کا انعقاد یو وی اے کمیونٹی آن ویمن ان میڈیکل اینڈ سائنس اور میگزائین پلاٹزر لِن ویمنس سینٹر مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ میں ان تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے کافی زیادہ پُرجوش ہوں۔

یو وی اے کا خیر مقدم کرنے والا ماحول اور یونیورسٹی آف ورجینیا کی مشمولی ثقافت میرے لیے بہت سود مند ثابت ہوئی۔ میرا عزم ہے کہ کریئر اہداف میں پیش قدمی کرتے ہوئے میں اسٹیم شعبہ جات میں تنوع اور سرپرستی کو فروغ دیتی رہوں گی ۔

شفق زہر۱ورجینیا یونیورسٹی میں پوسٹ ڈاکٹورل ریسرچر ہیں جن کا تخصص کا میدان بایو انفارمیٹکس ہے ۔


اسپَین نیوزلیٹر کو اپنے میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے