نیکسس سے تربیت یافتہ ایک اسٹارٹ اپ کمپنی پانی اور مٹی کو صاف کرنے کے لیے پیٹنٹ شدہ ٹیکنالوجی تیار کرتی ہے جس سے پائیداری کو فروغ ملتا ہے۔
October 2024
بایو سولو اننوویشنس بیکٹیریا کے ایک پیٹنٹ شدہ مرکب کا استعمال کرتا ہے جس سے آلودگی کا سبب بننے والے بہت چھوٹے ذرات کو تلف کرنے کے لیے بایو فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ (ایس آئی وی اسٹاک اسٹوڈیو/ شٹراسٹاک ڈاٹ کام)
نیکسس سے تربیت یافتہ اسٹارٹ اپ کمپنی بایو سالوشنس آلودہ پانی کو صاف کرنے کا مؤثر حل پیش کرتی ہے ۔ اس پانی کو بعد میں گھریلو اور صنعتی دونوں ضرورتوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کو موسمی دیب ناتھ نے قائم کیا ہے جو ایک استاد ہونے کے ساتھ ساتھ ایک محقق بھی ہیں۔ کمپنی پیٹنٹ شدہ بیکٹریریا کے مرکب کا استعمال کرتی ہے جو آلودگی کے بہت چھوٹے ذرّات کو ختم کرنے کے لیے بایو فلم تشکیل دیتا ہے۔ اس طور پر پانی صاف بھی کیا جا سکتا ہے اور اس میں موجود کسی قسم کے رنگ اور بدبو کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح خراب پانی کے انصرام میں بایو سالوشنس ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دیب ناتھ کہتی ہیں ’’جدت طرازی اور دانشورانہ املاک ہی درحقیقت بایوسالو کی اصل قوت ہیں۔ ہماری تمام تر توجہ ماحولیاتی مسائل پر مرکوز ہے۔ زمین کو حیات کے پھلنے پھولنے کے لیے ایک بہترسیارہ بنانے کی جستجو ہی ہمیں بہتر کاروباری پیشہ ور بناتی ہے۔ ہماری کاوشوں کے نتیجہ میں صاف پانی دستیاب ہو رہا ہے اور یوں ہم ایک صحت مند کرۂ ارض بنانے میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ ہمارا فعال سطحی عامل مٹی کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے جس سے مزید صاف اور زیادہ پائیدار زمین فروغ پاتی ہے۔‘‘
پیش خدمت ہیں دیب ناتھ سے لیے گئے ایک انٹرویو سے چند اہم اقتباسات۔
آپ اپنے پس منظر کے متعلق کچھ بتائیں اور یہ بھی کہ کاروبار میں آپ کی دلچسپی کیسے پیدا ہوئی؟
میں ایک پُرجوش محقق ہوں اور میرے پاس امریکہ، جرمنی اور آسٹریلیا میں پوسٹ ڈاکٹورل تحقیق کا تجربہ ہے ۔نیز میں پیشے کے اعتبار سے ایک استاد بھی ہوں۔ میری تحقیقی کاوشوں کا مرکزی موضوع ایسی اختراع پردازی ہے جس سے وقت اور توانائی دونوں کی بچت ممکن ہو سکے،اور وہ جو مصنوعات مرکوز اور عمل مرکوز ہے۔
جے پور میں کپڑا صنعت سے کافی بڑی مقدار میں رنگین پانی براہ راست امانی شاہ نہر میں خارج کر دیا جاتا تھا۔ یہ دیکھنا میرے لیے ناقابل برداشت تھا۔ زیادہ تکلیف دہ بات یہ تھی کہ یہی پانی فصلوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس بدحالی کو دیکھ کر میں نے کچھ کرنے کا فیصلہ کیا اور بالآخر بایوسالو انوویشنس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے ایک کمپنی قائم کی۔ اس اسٹارٹ اپ کا مقصد طبقات اور صنعتوں کو صاف پانی مہیا کرانا، نیز خراب پانی کو دوبارہ کارآمد بنانا ہے تاکہ اسے صنعت اور کاشت کاری کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔
گندے پانی کو صاف کرنے کا آپ کا حل کیسے کام کرتا ہے؟
ہم ایک ترمیم شدہ موونگ بیڈ بایو فلم ری ایکٹر کا استعمال کر کے مختلف صنعتوں اور گھروں سے خارج ہونے والے گندے پانی کو صاف کرتے ہیں اور اسے کارآمد بنے نے کے ساتھ ساتھ دوبارہ استعمال کرنے کے لائق بناتے ہیں۔ ہم بیکٹیریا سے نئے حیاتیاتی مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں جس سے خورد جراثیم کی ایک باریک جالی تیار کی جاتی ہے جو کہ آلودگی پیدا کرنے والے عناصر کو مسلسل ختم کرتی رہتی ہے۔ ایک بار یہ نظام نصب ہو جائے تو اس کی دیکھ ریکھ میں بہت کم خرچ درکار ہوتا ہے۔ یہ ایک بالکل محفوظ عمل ہے جو کہ بہت کم جگہ گھیرتا ہے اور جس میں توانائی بھی بہت کم خرچ ہوتی ہے ۔ یہ زہریلے مرکبات میں کمی کو بھی یقینی بناتا ہے۔
موسمی دیب ناتھ(پہلی قطار میں مرکز میں سفید ساڑی میں) راجستھان کی ایک استقبالیہ تقریب کے دوران۔(تصویر بشکریہ موسمی دیب ناتھ)
اسپَین نیوزلیٹر کو میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN
تبصرہ