ایک نتیجہ خیز کاروبار

ہ بھارت میں خاتون سی ای اوزکی کامیابی سے متعلق چار قسطوں پر مبنی مضامین کے مجموعے کادوسرا مضمون ہے۔

مائیکل گیلنٹ

October 2021

ایک نتیجہ خیز کاروبار

پورنیما کھنڈیلوال آئی این ایل فارمس کی شریک بانی اور سی ای او ہیں ۔ کمپنی کی توجہ عمدہ کارکردگی، خواتین کے لیے مساوی تنخواہ اور برتاؤ اور ماحولیاتی اعتبار سے محفوظ اور پائیدار زرعی طریقوں پر ہے۔تصویر بشکریہ پورنیما کھنڈیلوال

پیہ بھارت میں خاتون سی ای اوزکی کامیابی سے متعلق چار قسطوں پر مبنی مضامین کے مجموعے کادوسرا مضمون ہے۔

۸ ریاستوں اور ۳۵ممالک میں کاروبار کرنے کے ساتھ آئی این آئی فارمز بھارت میں سب سے زیادہ تخلیقی ، کامیاب اور ترقی پسند پھل سپلائرز میں سے ایک ہے۔ کمپنی ایک اختراعی ’کھیت سے دسترخوان‘ ماڈل کے توسط سے صارفین کے لیے ممکنہ حد تک تازہ خوراک کو براہ راست طور پر لانے میں مہارت رکھتی ہے ۔اور اس نے دنیا بھر کے ۵ ہزار سے زائد چھوٹے پیمانے کے فارموں کوخوردہ کاروباریوں کے ساتھ جوڑا ہے۔

پورنیما کھنڈیلوال آئی این آئی فارمز کی شریک بانی اور سی ای او ہیں۔ کولکاتہ کے سینٹ زیویئر کالج اور ٹی اے پائی مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ ، منی پال میں معاشیات اور کاروبار کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کھنڈیلوال نے ایک کامیاب مشاورتی فرم قائم کی جس نے ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اور زراعت سمیت دیگر شعبوں پر توجہ دی۔ اپنے کام کے ذریعےیہ جان کر انہیں حیرت ہوئی کہ بھارت کی پھلوں کی صنعت بکھری ہوئی ہے اور اختراع کے لیے تیار ہے۔ کھنڈیلوال نے ۲۰۰۹ء میں آئی این آئی فارمز کی مشترکہ طور پر بنیاد رکھی جس میں موثر طور پر کاروبار کرنے ، خواتین کے لیے مساوی تنخواہ اور علاج معالجے اور کاشتکاری کے طریقوں پربہت زیادہ دھیان دیا گیا جو ماحولیاتی طور پر محفوظ اور پائیدار ہیں۔

آج ، کھنڈیلوال نے آئی این آئی فارمز کو عالمی سطح پر کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ کمپنی نے ملیشیا اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں، یوروپ اور اس کے باہر کے ملکوں سمیت عالمی بازار میں ۴۰ ہزار ٹن سے زائد تازہ کیلے، انار اور کھانے کی دیگر اشیا برآمد کی ہیں۔ آئی این آئی فارمز کی توسیع اس قدر ہو گئی ہے کہ اب اس میں سستی کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ کھنڈیلوال کہتی ہیں ’’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہماری سخت محنت اور ہماراعزم رنگ لایا۔جب میں نے آئی این آئی فارمز کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا تو فصل کے بعد کے محدود میکانزم اور برآمداتی ذرائع اور مہارت کی کمی کی وجہ سے بھارت کی عالمی بازار میں قریب قریب کوئی موجودگی نہیں تھی۔ ترقی کا موقع بہت زیادہ تھا۔‘‘

حالاں کہ اس طرح کے زبردست موقع سے فائدہ اٹھانا آسان بھی نہیں تھا۔ دیگر چیلنجوں کے علاوہ کھنڈیلوال کو ان کسانوں اورکاروباریوں کے درمیان پیشگی تصورات اور تعصب پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کرنا پڑی جنہوں نےاس سے قبل کبھی کسی خاتون ایکزیکٹو کے ساتھ کام نہیں کیا تھا۔ کھنڈیلوال کہتی ہیں ’’ جب میں نے کاشت کاری میں اپنا کیریئر شروع کیا تو یہ زیادہ تر مردوں کے غلبے والا شعبہ تھا۔ اس نے مجھے ایک صنعت کار بننے سے نہیں روکا۔ مجھے کمپنی کے ویژن پر مکمل اعتماد تھا اورمجھے ایک قیمتی عالمی برانڈ بنانے کا جنون تھا۔‘‘

کھنڈیلوال کی اس بات سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے کہ پچھلے چند برسوں میں ان کی صنعت کے اندر رویوں میں کس طرح تبدیلی آئی ہے۔ وہ کہتی ہیں ’’ خواتین نے ابتدا سے ہی کاشت کاری اور اس سے وابستہ شعبوں میں اہم رول ادا کیا ہے۔آج ، خواتین کو صرف زرعی مزدور سے ترقی کرتے ہوئے زرعی ماحولیاتی نظام اور دیگر جگہوں پر قیادت کے عہدوں تک پیش رفت کرتے ہوئے دیکھنا حوصلہ افزا ہے۔‘‘

آئی این آئی فارمز کی کامیابی نے کاروبار کے لیے مدد فراہم کرنے اور اس کی ترقی میں تعاون کرنے کی مانگ کرنے والے مالی امداد فراہم کرنے والوں کی توجہ مبذول کرائی۔ اکتوبر ۲۰۱۹ءمیں اوورسیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن جو کہ ایک امریکی سرکاری ایجنسی ہے اور جو اس سال کے آخر میں امریکی عالمی ترقیاتی معاشیاتی کارپوریشن (ڈی ایف سی) میں تبدیل ہو گئی ، فورڈ فاؤنڈیشن اور سٹی انکلوسیو فائنانس، ان سب نے مل کراسکیلنگ انٹرپرائز متعارف کرایا ، جو۱۰۰ ملین ڈالر قرض ضمانت کی سہولت ہے۔ اس سہولت نے سٹی کو ان کمپنیوں کو مقامی کرنسی میں ابتدائی مرحلے میں مالی مدد فراہم کرنے میں اہل بنایا جو ابھرتے ہوئے بازاروں میں کم آمدنی والی برادریوں کے لیے مصنوعات اور خدمات تک رسائی کو بڑھاتی ہیں۔ اس سہولت کے تحت پہلے دو لین دین میں سے ایک آئی این آئی فارمز کے ساتھ تھا ، جہاں شراکت داروں نے بھارت میں چھوٹے کاشت کاروں کو برآمداتی بازاروں تک رسائی اور ۲۰ فی صد تک آمدنی بڑھانے میں مدد کرنے کے لئے ۵ ملین ڈالر کی مالی اعانت کا عہد کیا۔

کھنڈیلوال کو فخر ہے کہ انہوں نے خواتین صنعت کاروں کی نئی نسلوں کے لیے راہ ہموار کی ہے۔ وہ کہتی ہیں ’’ میں تمام نوجوان خواتین کو مشورہ دوں گی کہ وہ ہمیشہ اپنے آپ پر اور کسی برانڈ میں ان کے ذریعہ لائے جانے والے قدر میں اضافہ پر یقین کریں اور غیر متوقع راستے اختیار کرنے سے نہ گھبرائیں۔‘‘

ڈی ایف سی کی حمایت  سے کامیاب خواتین سی ای او کے مزید منصوبوں کے بارے میں جاننے کے لیے مالی خدمات کی راہ ہموار کرنا اور  چھوٹا کاروبار کرنے والوں کی مدد کرنا کا مطالعہ کریں۔

مائیکل گیلنٹ، گیلنٹ میوزک کے بانی اور سی ای او ہیں۔ وہ نیو یارک شہر میں رہتے ہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے