ایک اسٹارٹ اپ نے سورج کی روشنی کو ری ڈائریکٹ کرنے اور شمسی پینلز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے موشن فری آپٹیکل ٹریکنگ نامی ایک غیر فعال میکانزم تیار کیا ہے۔
March 2021
ایک رینکوب پروٹوٹائپ کی انجام دہی۔ اسٹارٹ اپ نے سورج کی روشنی کو ری ڈائریکٹ کرنے اور شمسی پینلز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے موشن فری آپٹیکل ٹریکنگ نامی ایک غیر فعال میکانزم تیار کیا ہے۔ تصویر بشکریہ رینکوب۔
موجودہ طے شدہ جھکاؤ والے سولر پینل صرف دوپہر کے وقت ہی اعلیٰ سطح پر توانائی پیدا کرتے ہیں۔ پینل کی موجودہ ہیئت کی وجہ سے اسے دن کے دیگر اوقات میں پوری استعداد کے ساتھ استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ مثال کے طور پر صبح ۹ بجے یہ اپنی استعداد کی صرف ۵۰ فی صد ہی بجلی پیدا کر سکتا ہے۔ بینگالورو میں واقع اسٹار ٹ اپ کمپنی رینکوب نے سورج کی روشنی کونئی سمت دینے کے لیے غیر حرکت پذیر بصری سراغ رسانی کا طریقہ کار وضع کیا ہے۔ جب شمسی پینل اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کام نہیں کر رہا ہوتا ہے تو یہ ٹیکنالوجی روشنی کی سمت کو ازسر نو مقرر کرکے سال بھر کے دوران شمسی پینل کی استعداد میں ۲۰ فی صد اضافہ کر سکتی ہے اور کاربن کی اثرات کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔
سولر ریسرچ اینڈ ڈیو لپمنٹ کمپنی رینکوب تجدید توانائی کے شعبے میں جدید مصنوعات تیار کرنے کے مقصد سے ۲۰۱۷ء میں قائم کی گئی۔ اس نوخیز کمپنی کے اہلکاروں کی تربیت نئی دہلی کے امیریکن سینٹر میں واقع مرکز نیکسَس میں کی گئی۔
ہم نے کمپنی کی شریک بانی اور پرنسپل انجینئر لکشمی سنتھنم سے انٹرویو کیا تاکہ یہ جان سکیں کہ کمپنی مستقبل کے لیے شمسی توانائی کو کس طرح نئی شکل دے رہی ہے۔ سنتھنم نے یونیورسٹی آف سنسناٹی سے نیٹ ورک سکوریٹی میں پی ایچ ڈی کی۔ وہ کوالکم، انٹیل اور سسکو سمیت مختلف کمپنیوں میں ۱۰ برس کام کرنے کا تجربہ رکھتی ہیں۔ پیش ہیں ان سے انٹرویو کے اقتباسات:
رینکوب کے آغاز کی کہانی کیا ہے اور اس کے اصول ِ تاسیسی کیا تھے؟
رینکوب شمسی توانائی کے شعبے میں تحقیق و ترقی پر مرکوز ایک کمپنی ہے جس کو سسکو کے سابق ساتھیوں کے ایک گروپ کے ذریعہ قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں جدید مصنوعات تیار کرنے کے وژن کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ ہم کچھ نیا بنانا چاہتے تھے اور گرمی کو بجلی (شمسی توانائی) میں تبدیل کرنے کے ساتھ ہم نے اس کی شروعات کی۔ لیکن توانائی کی اس اکائی کا مالیاتی ماڈل کام نہیں کر سکا۔ ہم نے پایا کہ روایتی اشعاعی توانائی نظاموں کے لیے سورج کی بصری سراغ رسانی ممکن نہیں۔
مگر ہم نے اس دشواری کو ایک چیلنج کے طور پر لیا۔ ہم اس مسئلے کو حل کرنے کا ایک کثیر شعبہ جاتی نقطہئ نظراپنانا چاہتے تھے۔ ٹیم نے شمسی اور بصری شعبے میں سافٹ ویئر کی اپنی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے اسی مناسبت سے سافٹ ویئر بنایا۔ ہمارا سافٹ ویئر اعلیٰ درجے کی الگورِدم استعمال کرتے ہوئے شمسی پینل کے بہترین ڈیزائن تیار کرتا ہے۔اس طور پر ہم نے ۲۰۰ سے زیادہ ڈیزائن بنائے،دوسرے صنعتی سافٹ ویئر میں اس کی توثیق کی اور اپنے بنائے ہوئے ہر ساختیاتی نمونے کو لگاتار کوشش کے نتیجے میں بہتر بنایا۔
آپ ان لوگوں کو اپنے کام کے بارے میں کیسے بتاتی ہیں جو اب تک اس سے واقف نہیں؟
جس طرح سورج مکھی کا پھول سورج کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے اسی طرح ہماری کمپنی شمسی پینل کے لیے ایک نئی قسم کا گلاس پیش کرتی ہے جو سورج کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے۔ ہماری یہ مصنوعات بجلی، میکانکی یا سافٹ ویئر کے اجزاء کے بغیر ایسا کرسکتی ہے اور غیر متحرک حالت میں بھی سورج کی زیادہ روشنی حاصل کرسکتی ہے۔ اس طور پر شمسی توانائی کے حصول اور ذخیرے میں ۲۰ فی صد تک کا اضافہ ہوتا ہے۔
اپنی کمپنی کے قیام کے بعد سے اب تک آپ نے شمسی توانائی کے شعبے میں کس طرح کی بڑی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا ہے؟
شمسی توانائی کا بازار بہت تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ ۲۰۳۰ ء تک حکومت ہند کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو ۴۵۰ گیگا واٹ کے حوصلہ مند ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اس میں مزید تیزی درکار ہے۔ ہمارا خیال ہے کہ دو طرفہ سولر پینل اور شیشے پر شیشے کے ماڈیول کے فروغ میں زبردست صلاحیت موجود ہے اور ہم اشعاعی توانائی میں آئندہ کے رجحانات کے ساتھ رینکوب ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے کے بارے میں پرجوش ہیں۔
کیا آپ نیکسس اسٹارٹ اپ ہب میں اپنے تجربہ کی روشنی میں کچھ اہم باتیں بتا سکتی ہیں؟ اسٹارپ شروع کرنے اور چلانے کے بارے میں آپ نے کیاگہری سمجھ حاصل کی؟
نیکسس اسٹارٹ اپ ہب کے ذریعہ۸ ہفتوں کی تربیت نے میرے جیسے ابتدائی مرحلے کی نوخیز کمپنی کے لیے ایک جامع اور مکمل کورس پیش کیا۔ پروگرام کے معیار، سمجھانے کے انداز، رہنمائی سیشن اور پچ ٹریننگ (کلیدی پیغامات کی اس طرح ترسیل کہ وہ یاد رہ جائیں)زبردست تھی۔ اسٹارٹ ہب کی ٹیم تعدا دکے اعتبار سے بہترین ہے۔ اس سے پِچ اور پیشکش پر ذاتی تاثر کو یقینی بنانا ممکن ہو سکا۔ ہمارے کاروباری منصوبے کو آگے لے جانے میں تاثرات کا سیشن بھی بہت مددگار ثابت ہوا۔
غیر حرکت پذیر بصری سراغ رسانی تکنیک کا آغاز کیسا تھا اور آپ کی کمپنی کا مستقبل کیا ہے؟
ہم مصنوعات کے فروغ کے ابتدائی مراحل میں ہیں اور اعلیٰ گلاس اوراشعاعی توانائی کے شعبے میں سرگرم متعدد کمپنیوں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ آئندہ مہینوں میں آزمائش کا لائحہ عمل تیار ہے، جس کے بارے میں ہم سب بہت پرجوش ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں تیار کیے جانے والے ہر شمسی پینل میں رینکوب ٹیکنالوجی بالآخرپہلے سے طے شدہ طور پرموجود ہوگی!
جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سِلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔
تبصرہ