فلبرائٹ ۔نہرو فیلو مانسی بال بھارگو نے خود کو پانی کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے وقف کر رکھا ہے۔
April 2024
مانسی بال بھارگو ’ویڈنیسڈیز فار واٹر‘ کی شریک بانی ہیں جو آبی تحفظات ، بحالی آب اور آبی انتظام سے متعلق شہریوں کاایک گروہ ہے۔ (تصویر بشکریہ مانسی بال بھارگو)
فلبرائٹ۔ نہرو فیلو مانسی بال بھارگو کو بگڑے ہوئے ماحولیاتی نظام کو اپنا توازن بحال کرنے میں مدد کرنے میں ان کی سرگرمیوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ ایک کاروباری پیشہ ور ، محقق، معلّم اور اتالیق کی حیثیت سے بھارگو کو آبی وسائل میں کمی اور پانی کی بڑھتی ہوئی پریشانی کے بارے میں گہری تشویش سے ترغیب ملتی ہے۔ وہ ماحولیاتی تحفظ کے تئیں پُرجوش ہیں اور پائیداری کے لیے اٹھنے والی آوازوں کی وکیل ہیں۔
بھارگو ۱۷۔۲۰۱۶ میں فلبرائٹ ۔نہرو فیلوشپ فار پروفیشنل اینڈ اکیڈمک ایکسی لینس کے دوران ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے اسکول آف سسٹین ابلیٹی سے وابستہ رہیں جہاں انہوں نے شہروں کی منصوبہ بندی اور رکھ رکھاؤ میں شہری آبی ذرائع کے انضمام کا مطالعہ کیا۔ انہوں نے ممبئی میں واقع امریکی قونصل خانہ کے ساتھ شراکت داری میں آبی بندوبست پر متعدد ورکشاپ کی قیادت بھی کی ہے۔
پیش ہیں ان سے لیے گئے ایک انٹریو کے اقتباسات۔
ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اپنے کام اور تحقیق کے بارے میں بتائیں۔
ماحولیاتی تحفظ اور اس کے بندوبست پر عمل کرنے کی میری تقریباً تین دہائیوں کی کوششوں میں میں نے جو سیکھا اور سبق حاصل کیا وہ ماحولیاتی شعبے میں ’کیا نہیں کرنا چاہیے‘ کے ارد گرد مرکوز ہے۔ مثال کے طور پر شہر میں جھیلوں اور ان کے رکھ رکھاؤ پر میری دیرینہ تحقیق نے مجھے ایک ایسا موقف تیار کرنے میں مدد کی جو تحفظ کو ترجیح دیتی ہے۔ جھیل سے متعلق کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو ’نہیں‘ کہنے کے لیے میں زندگی بھر پابند عہد ہوں جس میں اس کا تحفظ شامل نہ ہو۔ ’جھیلوں کے ساتھ کیا نہیں کرنا ہے‘کے تعلق سے میں نے ایک ماڈیول تیار کیا ہے جو اب ملک بھر میں ایکزیکٹو ٹریننگ اور کالج کے نصاب میں شامل ہے۔
ہمیں تحقیق، تحریر اور عوامی تقریر کے ذریعے ہندوستان میں آبی تحفظ اور اس کے بندوبست میں اپنے تعاون کے بارے میں بتائیں۔
میرا مقصد پانی سے متعلق معاملات پر مکالمے اور تبادلہ خیال کے لیے سائنس اور سماج کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ میں ہندوستان میں آبی تحفظ اور اس کے بندوبست میں کاروباری پیشہ وری ، تحقیق، تعلیم، عوامی تقریر اور رہنمائی کے ذریعے اپنا تعاون فراہم کرتی ہوں۔ میں مختلف فریقوں کےدرمیان بات چیت کے لیے مشترکہ الفاظ تیار کرنے کے لیے کوشاں ہوں کیونکہ بات چیت میں سادہ زبان کا استعمال پانی کے موثر تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔
آبی وسائل میں کمی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے ہم کیسے نمٹ سکتے ہیں؟
تحفظ اور بندوبست کے لحاظ سے پانی سے متعلق معاملات کو حل کرنے کے لیے پانی کی آگاہی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ دو اہم عوامل اس چیلنج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پہلا یہ کہ پانی کے تعلق سے آگاہی کا فقدان ہے اور دوسرا یہ کہ دستیاب تعلیم منقسم اور بکھری ہوئی ہے جس کی وجہ سے مسائل کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے بارے میں غلط فہمیاں اور غلط تشریحات جنم لیتی ہیں۔ مثال کے طور پر نیک نیتی رکھنے والے لوگوں کو بھی بعض اوقات آبی وسائل اور پانی تک رسائی کو آپس میں جوڑنے میں چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کچھ عام مثالوں میں زیر زمین موجود پانی کی نکاسی اور کسی آبی پروجیکٹ کی پیش رفت پر بحث شامل ہے۔
کیا آپ ماحول کے تحفظ کی خاطر افراد اور طبقات کے لیے کچھ عملی اقدامات کا اشتراک کر سکتی ہیں؟
پہلا اور سب سے اہم قدم ماحولیات سے متعلق آگاہی کو وسعت دینا ہے۔ یہ افراد اور طبقات کو ماحولیاتی تحفظ میں فعال طور پر حصہ لینے کے قابل بناتا ہے۔
انفرادی طور پر ہم مندرجہ ذیل چیزیں کر سکتے ہیں:
ایک کمیونٹی کے طور پر ہم جو کر سکتے ہیں، ان میں:
آپ کی فلبرائٹ نہرو فیلوشپ نے آپ کو کس طرح متاثر کیا ہے؟
فلبرائٹ ۔نہرو فیلوشپ میری زندگی کا ایک اہم موڑ تھا۔ فیلوشپ کے دوران مجھے غور و فکر کرنے کا موقع ملا اور اس نے مجھ میں ماحولیاتی بحالی کے لیے شہری سائنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ایک سال پر محیط فیلوشپ میں بات چیت، کانفرنس اور محکمہ جاتی سیمینار شامل تھے جس سے مجھے مضبوط نیٹ ورک بنانے میں مدد ملی۔ مختصر کورسس میں حصہ لینے سے مجھے اپنے تربیتی پروگراموں کو تیار کرنے میں مدد ملی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسکالرشپ نے مجھےکاروباری پیشہ وری ، تحقیق اور تعلیم کے انضمام کو رفتار دینے کی ترغیب دی۔ عوامی تقریر اور اتالیقی میری فطرت میں شامل ہے اور یہ میرے کام کا اہم حصہ ہے ۔ اس عمل میں سننا اور سیکھنا میرے لیے ایک بہتر انعام اور مقصد معلوم ہوتا ہے۔
مستقبل کے لیے آپ کے کیا ارادے اور منصوبے ہیں؟
ذاتی طور پر میں نے کچھ قلیل مدتی منصوبے تیار کیے ہیں۔ مثال کے طورپر میں جو کچھ سکھاتی ہوں، اس پر عمل کرنے کی کوشش کرنا اور اپنی روزمرہ کی ضروریات کو کم سے کم کرنا۔ پیشہ ورانہ طور پر میں آبی تحفظ، پانی سے متعلق آگاہی کے اقدامات کے فروغ اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے کے لیے آبی تحفظ سے متعلق شعبے کے کارکنوں کے کام کو دستاویزی شکل دینے اور اسے وسعت دینے کے لیے اپنا کام جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔
اسپَین نیوز لیٹر کو اپنے میل پر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN
تبصرہ