بہتر جرّاحی کے لیے اے آئی کا استعمال

نیکسَس سے تربیت یافتہ ایک اسٹارٹ اپ طبّی علاج کو زیادہ درست اور موثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور روبو ٹِکس کا استعمال کرتا ہے۔

جیسون چیانگ

August 2024

بہتر جرّاحی کے لیے اے آئی کا استعمال

طبّی شعبے میں روبوٹِکس اور اے آئی کے دوش پر ہونے والی ترقی مریضوں کی دیکھ بھال، نگہداشت اور عمل جرّاحی میں انقلاب پیدا کررہی ہے جس سے زیادہ صحت مند مستقبل کی امید پیدا ہوتی ہے ۔ (تصویر از ہیو اے نائس ڈے فوٹو/شٹر اسٹاک ڈاٹ کام)

مریضوں کے علاج میں درستگی اور کارکردگی کو بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے شرون کمار مڈیلا اور پون منتھراودھی نے ۲۰۲۲ءمیں اسکائی چِپ روبوٹکس کی مشترکہ طور پر بنیاد رکھی تاکہ روبوٹکس کے ساتھ مربوط اختراعی مصنوعی ذہانت (اے آئی ) پر مبنی حل تیار کیے جا سکیں ۔

حیدرآباد میں واقع اسٹارٹ اپ کا باوقار پروڈکٹ مصنوعی ذہانت کی مدد سے چلنے والا ایک خود مختار سرجیکل روبوٹک سسٹم ہے جسے لیپرو اسکوپک اینڈو اسکوپک سرجنوں کو آپریشن کے دوران جرّاحی کے عمل کے دوران کیمروں کی نقل و حرکت کا بندوبست کرنے میں مدد کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ آپریشن کی درستگی اور اس کی اثر انگیزی کو بہتر بنانے ، جرّاحی کے عمل کے اوقات کو کم کرنے اور انسانی غلطی کے خطرے کو کم سے کم کرنے کے لیے اے آئی ایلگو رِدم کا استعمال کرتا ہے۔

نئی دہلی کے امریکی سفارت خانہ اور الائنس فار کمرشیلائزیشن اینڈ انوویشن ریسرچ (اے سی آئی آر) کے درمیان شراکت داری والا اسکائی چِپ نیکسس اسٹارٹ اپ ہب میں ۱۸ویں گروپ کا حصہ تھا۔ نیکسس ا سٹارٹ اپس، اختراع کاروں اور سرمایہ کاروں کو جوڑتا ہے اور نیٹ ورکس، تربیت، اتالیق اور فنڈنگ تک رسائی کی راہیں ہموار کرتا ہے۔ پیش ہیں مڈیلا کے ساتھ انٹرویو کے اقتباسات۔

آپ نے لیپرواسکوپک آپریشن کو ہدف بنانے کا فیصلہ کیوں کیا؟

میرے شریک بانی پون اور میں طبّی آلات کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ہماری تحقیق اور کام کے تجربے نے آپریشن کے دوران سرجنوں کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں بصیرت حاصل کرنے میں ہماری مدد کی۔ لیپرواسکوپک جرّاحی کو ہدف بنانے کا فیصلہ بھی اس تکنیک کے وسیع استعمال سے متاثر ہوا۔

اس طرح کے آپریشن کےلیے بہتر تعاون سے سرجن، معاونین، اسپتال اور مریض فیضیاب ہو سکتے ہیں ۔ ہمارا مقصد لیپرواسکوپک سرجنوں کو خود مختار طور پر کیمروں کو کنٹرول کرنے کی اجازت دینا ہے، اس طرح سرجری کے دوران درستگی اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

آپ کو ٹیکنالوجی اور حفظان صحت کے باہمی تعلق میں دلچسپی کیسے ہوئی؟ ان شعبوں میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کے لیے آپ کی کیا صلاح ہے؟

میرا تعلق آندھرا پردیش کے تروپتی ضلع کے ایک گاؤں سےہے ۔میں بچپن میں ڈاکٹر بننا چاہتا تھا، لیکن میرے خاندان کے مالی حالات کی وجہ سے یہ ممکن نہیں تھا۔ اس کے باوجود میں نے الیکٹرانکس میں ماسٹر ڈگری حاصل کی اورطبّی شعبہ سے منسلک رہنے کے لیے عملی زندگی میں میڈیکل انجینئر بننے کا فیصلہ کیا ۔ فی الحال میں اے آئی اور طبّی آلات میں پی ایچ ڈی کر رہا ہوں ۔ میں نے اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور بڑے کارپوریشنوں کے ساتھ کام کیا ہے۔

ابتدائی طور پر، میں نے عالمی سطح پر سستی اور جدید طبّی تکنیک کی ضرورت محسوس کی۔ اے آئی اور روبوٹکس کا استعمال کرتے ہوئے میرا مقصد ایسے حل تیار کرنا ہے جو طبّی علاج کو زیادہ درست، ہموار اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک قابل رسائی بنائیں اور بالآخر دنیا بھر میں مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری آئے ۔

حفظان صحت کے شعبے میں کامیابی کے لیے مریضوں پر توجہ مرکوز کرنا بہت ضروری ہے۔ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کے ساتھ مل کر ایک متنوع ٹیم کی تشکیل سے اختراع اور اثرانگیزی میں اضافہ ہوتا ہے۔ مزید برآں، حفظان صحت کے معیارات اور ضوابط کو سمجھنا اور ان پر عمل آوری معیار اور حفاظت کو برقرار رکھنے کےلیے ناگزیر ہے۔

شرون کمار مڈیلا(بائیں) اور نسوانی معاملات کی سرجن ڈاکٹر روما سنہا رائبو سرجیکل اسسٹنٹ روبوٹ کے بغل میں کھڑی ہیں جسے ڈاکٹروں کی آپریشن کے دوران لیپرواسکوپک اور اِنڈواسکوپِک کیمروں کی نقل و حرکت کا بندوبست کرنے میں مدد کرنے کی غرض سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ (تصویر بشکریہ شرون کمار مڈیلا )

اے آئی میں ایک کاروباری شخص کے طور پر آپ نے اس شعبے میں سب سے زیادہ امید افزا تبدیلی کیا دیکھی ہے کیونکہ اسے اصل دھارے میں اپنایا جا رہا ہے؟

سب سے زیادہ امید افزا تبدیلی جس کا میں نے مشاہدہ کیا وہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے روبوٹک نظام کا انضمام ہے جو حقیقی وقت میں ڈیٹا کی وسیع مقدار کا تجزیہ کرسکتا ہے ، پیچیدہ طریقہ کار میں سرجنوں کی مدد کر سکتا ہے اور کم ازکم متجاوز تکنیکوں کے ذریعے مریض کے نتائج کو بہتر بنا سکتا ہے۔ اے آئی سے چلنے والے سرجیکل روبوٹس کی طرف سے پیش کی جانے والی بڑھتی ہوئی درستگی نے جراحی کے عمل کو محفوظ اور تیز تر بنا دیا ہے۔

تاہم، ترقی کے باوجود اے آئی پر مبنی جراحی سسٹمس کی زیادہ قیمت ان کی رسائی کو محدود کرتی ہے، خاص طور پر کم وسائل والے ڈھانچوں میں۔ ان ٹیکنالوجیز کو زیادہ سستے اور وسیع پیمانے پر دستیاب کرانا ایک اہم چیلنج ہے۔

مزید برآں، حفظان صحت میں اے آئی کے لیے انضباطی منظرنامہ اب بھی ارتقائی مرحلہ طے کر رہا ہے۔ اخلاقی معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے، بالخصوص مریضوں کے ڈیٹا کی رازداری اور رضامندی سے متعلق ضوابط پر عمل آوری کو یقینی بنانا بڑے پیمانے پر اپنانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

نیکسس پروگرام سے آپ کے اہم نکات کیا تھے؟ ان تجربات نے ٹیکنالوجی اور حفظان صحت میں ایک کاروباری شخص کے طور پر آپ کے سفر کو کیسے تشکیل دیا؟

نیکسس پروگرام نے کاروباری پیشہ وری کے بارے میں ہماری تفہیم میں نمایاں اضافہ کیا۔ یکے بعد دیگرے رہنمائی سے حاصل ہونے والی بصیرتوں نے عسکری معاملات میں مجھے وسعت نظری بخشی جس سے مجھےاسکائی چِپ کی تکنیکی اختراعات کو حقیقی دنیا کے حفظان صحت کی ضروریات کے ساتھ مؤثر طریقے سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملی۔ ممکنہ شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ قائم کردہ رابطوں سے شراکت داری میں سہولت فراہم ہوئی جو ہمارے پروجیکٹوں کو آگے بڑھانے اورمالی اعانت حاصل کرنے کےلیے اہم ہیں۔کسی خیال یا منصوبے کی تجویز پیش کرنے اور کاروباری حکمت عملی سے متعلق ورکشاپوں نے ہماری قدر کی تجویز کے بارے میں موثر طور پر بتانے اور شراکت داروں سے دلچسپی اور تعاون کو اپنی طرف مبذول کرنے کی میری صلاحیت کو نکھارا ۔

تربیت کے دوران صارفین رخی حل پر توجہ مرکوز کرنے سے ہماری ترقی کی کوششوں میں صارف کے تجربات کو ترجیح دینے کی ضرورت کو تقویت ملی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ہماری ٹیکنالوجیز حقیقی صارف کے مسائل کو حل کرتی ہیں اور حفظان صحت میں فرق پیدا کرتی ہیں۔

جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے