آکاش شاہ کی نوخیز کمپنی کیئر آف ماہانہ بنیاد پر پیشگی خرید کے ذریعے ذاتی ضرورت کے مطابق حیاتین پارسل فراہم کرتی ہے۔
November 2018
آکاش شاہ کی اسٹارٹ اپ کمپنی اپنے صارفین کو ان کے اہداف اور طرز زندگی کے اعتبار سے روزانہ وٹامن پَیک فراہم کرتی ہے۔(تصویر بشکریہ کیئر آف)
ہند نژاد امریکی کاروباری پیشہ ور آکاش شاہ لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے پُر عزم ہیں ۔ اسی وجہ سے انہوں نے نوخیز کمپنی کیئر آف کا شریک بانی بننا پسند کیا ۔ یہ ایک ایسی کمپنی ہے جو صارفین کو پیشگی خرید کے متبادل کے ذریعے ذاتی ضرورت کے مطابق وِٹامن پَیک فراہم کرتی ہے۔ شاہ کی قیادت میں کمپنی نے ’گولڈ مین سیکس انویسٹ مینٹ پارٹنرس ‘،’گُڈ واٹر کیپیٹل‘ ، ’ٹَسک وینچرس‘ ، ’آر آر ای وینچرس‘ اور’ جکسٹا پوز ‘جیسے اعلیٰ درجے کی نجی سرمایہ کار کمپنیوں سے ۴۶ ملین ڈالر سے زائد کی رقم اکٹھا کی ۔فوربس میگزین نے شاہ کو اپنی ہر برس جاری ہونے والی فہرست میں ۲۰۱۸ ءکے لیے ۳۰ برس سے کم عمر والے تاجروں کے زمرے میں جگہ دی۔ پیش ہیں ان سے لیے گئے انٹرویو کے اقتباسات۔
اپنے پس منظر، اپنی تعلیم اور کام کے تجربے کے بارے میں بتائیں۔
میری پیدائش اور پرورش و پرداخت امریکی ریاست مشی گن کے سب سے بڑے شہر ڈیٹرائٹ میں ہوئی جہاں بھارت سے ۱۹۸۴ ءمیں ہجرت کرنے کے بعد میرے والدین مقیم ہیں۔ میں ۲۰۱۰ ءمیں یونیورسٹی آف پین سلوانیا کے ’دی وارٹن اسکول
سے بیچلر آف سائنس اِن اکونومکس‘ میں گریجویٹ ہوا۔اسی یونیورسٹی کے’ ہَنٹس مین پروگرام اِن انٹرنیشنل اسٹڈیز اینڈ بزنس‘ سے میں نے بیچلر آف آرٹس اِن انٹرنیشنل اسٹڈیز کا کورس مکمل کیا۔ میں فی الحال اپنی اہلیہ کے ساتھ نیو یارک سٹی میں رہتا ہوں۔میری اہلیہ ایک نرس پریکٹیشنر (ایک ایسی نرس جو بعض خصوصی حالات میں ڈاکٹر کی راست نگرانی کے بغیر بھی مریض کا علاج کر سکنے کی مجازہو)ہیں جو خواتین کی صحت کے شعبے میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں۔
صارفین کے ذاتی تجربے کے بعد میں نے۲۰۱۵ ءمیں ۳۹ بلین ڈالر والی وٹامن اور اضافی غذا والی صنعت کو منتشر کرنے کے لیے’ بونو بوس ‘ نامی کمپنی کے سابق مارکیٹنگ ایکزیکٹو کریگ ایلبرٹ کے ساتھ شراکت داری کی۔۲۰۱۶ ءمیں اپنی شروعات کے بعد سے کمپنی نے ہر ماہ اپنی آمدنی دوگنی کی ہے، لاکھوں فعال صارفین حاصل کیے ہیں اور تیز رفتار سے یہ ایک مارکیٹ لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔
اس کمپنی سے پہلے میں نے شراکت داری میں گھروں میں بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والی تکنیکی طور پر اہل سہولت والی ایک کمپنی ہوم ٹیم قائم کی تھی جس نے ۴۰ ملین ڈالر کا سرمایہ یکجا کیا تھا۔۲۰۱۳ ءمیں فوربس تھرٹی انڈر تھرٹی (فوربس جریدہ اور اس کے بعض علاقائی ایڈیشن کی جانب سے ہر برس جاری ہونے والی فہرستوں کی ترتیب )کے سابق رکن جوش برونو کے ساتھ کمپنی کے شروع کیے جانے کے بعد سے ہی ہوم ٹیم نے ہزاروں کنبوں کے لیے ذہنی سکون سے پُر ماحول کی تشکیل میں مدد کی ہے اوردیکھ ریکھ کرنے والے ایک ہزار سے بھی زائد پیشہ وروں کی تقرری کی ہے۔ دونوں کمپنیوں کا قیام میری ذاتی کوشش اور لوگوں کی زندگی کو مثبت طور پر متاثر کرنے کے میرے مقاصد کے ثبوت ہیں۔
آپ کی نظر میں درست وٹامن، معدنیات اوراضافی غذا کے انتخاب میں وہ کون سے بعض اہم مسائل ہیں جن کا صارفین کو سامنا کرنا پڑتا ہے؟
چند مسائل ہیں جن کا ذکر ضروری ہے ۔ ان میں پہلا مسئلہ یہ ہے کہ وٹامن کی دنیا مغلوب اورحیران کرنے والی ہے۔ اس کے بہت سارے متبادل ہیں۔ لہٰذا صارفین کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ ان کے لیے کون سے وٹامن درست ہیں۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ بہت سارے لوگ تشکیک کا شکار ہوتے ہیں کہ ان میں کیا ہے۔ صارفین کے لیے یہ معلوم کرنا بڑا مشکل ہے کہ کون سے برینڈ قابل اعتما د ہیں۔ اور تیسرا مسئلہ یہ ہے کہ صارفین کے لیے اس بات کا علم ہونا آسان نہیں کہ جو وٹامن یا اضافی غذاوہ لے رہے ہیں ان سے انہیں کوئی فائدہ ہو بھی رہا ہے یا نہیں ۔کیوں کہ عام طور پر’ فیڈ بیک‘(کسی اقدام کے بعدظاہر ہونے والا رد عمل) حاصل کرنے کا کوئی نظام نہیں ہوتا۔
کیئرآف کس طرح کام کرتی ہے ؟
ہم لوگوں کو درست رہنمائی اور بہترین عناصر کی بنیاد پر روزانہ کے اپنے وٹامن پیک کے انتخاب کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ اس کے لیے مندرجہ ذیل طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔
اپنے بارے میں ہمیں بتائیں: آپ اپنے مقاصد، طرز زندگی اور اقدار سے متعلق چند آسان سے سوالات کے جواب فراہم کریں۔
سفارشات پر توجہ دیں: ہم لوگ درست وٹامن اوراضافی غذا کا مشورہ دیتے ہیں۔ آپ اپنی ضرورت کے اعتبار سے اس میں کچھ اضافہ کر سکتے ہیں یا پھر کچھ کمی کرسکتے ہیں۔
روزمرہ کا ذاتی وٹامن پیک: آپ اپنے لیے تیار کیا گیا وٹامن پیک ہر مہینے موصول کریں۔ آ پ اپنے آرڈر میں کسی بھی وقت تبدیلی کر سکتے ہیں یا اسے منسوخ کر سکتے ہیں۔ ۲۰ ڈالر سے زیادہ کی فرمائش مفت روانہ کی جائے گی۔
ہم تمام لوگ اپنے آپ میں منفرد ہیں۔ لیکن ہمارے مقاصد اور طرز زندگی میں فرق ہونے کی وجہ سے ملٹی وٹامن کے بڑے بازار کا خیال ہمارے لیے فرسودہ ہو جاتا ہے۔ اضافی غذا پر کی جانے والی دلچسپ ترین تحقیق مخصوص آبادیوں کے لیے ہوتی ہے ۔ہم یہ معلوم کرنے میں آپ کی مدد کریں گے کہ آپ کے لیے کیا درست ہے۔ ہمارے سائنسی مشاورتی بورڈ معروف ڈاکٹروں ، سائنس دانوں اور تغذیہ کے ماہرین پر مشتمل ہیں۔ لہٰذا ہم لوگ اپنی مصنوعات کی پیداوار ، منطقی سفارشات اور تازہ ترین تحقیقات کے نتائج کے سلسلے میں اپنے ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں ۔ہماری تمام مصنوعات امریکہ میں بنتی ہیں اور یہیں ان کو ٹیسٹ بھی کیا جاتا ہے۔
ہمارے پاس شاید ہر قسم کی سائنسی باریکیوں کے جوابات نہ ہوں لیکن ہم ہمیشہ اپنی مصنوعات کو آپ کے لیے تیار کرتے رہیں گے اورانفرادی طور پر آپ کی رہنمائی بھی کرتے رہیں گے ۔
نتاشامِلاس نیویارک سٹی میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔
تبصرہ