امریکہ میں بھی پائے جاتے ہیں برساتی جنگلات

پیورٹو ریکو سے الاسکا تک امریکہ میں لا تعداد برساتی جنگل موجود ہیں۔ ان کے بارے میں مزید اس مضمون میں جانیں۔

نیولانی کرشنر

April 2022

امریکہ میں بھی پائے جاتے ہیں برساتی جنگلات

 

جنوب وسطی الاسکا کے جزیرہ نما کینائی پر چوگاچ نیشنل فاریسٹ میں ٹارمیگن جھیل کی جون ۲۰۲۱ء کی ایک تصویر۔(© Ray Bulson/Alamy)

جب زیادہ تر لوگ برساتی جنگلات کے بارے میں سوچتے ہیں تو اُن کے ذہن میں ایمیزون یا کانگو جیسی جگہوں پر سرسبز، استوائی برساتی جنگلات کا خیال آتا ہے۔

مگر کیا آپ نے کبھی امریکہ کے برساتی جنگلات کے بارے میں بھی سوچا ہے؟

برساتی جنگلات کی تعریف کچھ یوں کی جاتی ہے کہ وہ علاقے جہاں سالانہ ۲۰۰ سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہوتی ہو اُن علاقوں کے جنگلات کو برساتی جنگلات کہا جاتا ہے۔ اگر چہ یہ جنگلات دنیا کی زمین رقبے کا صرف ۶ فی صد ہیں تاہم وہ دنیا کے نصف سے زیادہ پودوں اور جانوروں کی انواع کی زندگیوں اور مسکنوں سے مالا مال ہیں۔امریکہ میں کئی علاقوں میں اتنی ہی مقدار میں بارش ہوتی ہے اور اسی وجہ سے وہاں استوائی یا معتدل جنگالات پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے چار برساتی جنگلات کا ذکر ذیل میں کیا جار ہا ہے:

 

چوگاچ قومی جنگل

جنوب وسطی الاسکا میں واقع چوگاچ نیشنل فاریسٹ (اوپر) سمندر اور برف سے ڈھکے پہاڑی علاقے کے درمیان ایک معتدل برساتی جنگل ہے۔

چوگاچ برساتی جنگل میں سیٹکا صنوبر اور پہاڑی اور مغربی شکران کے درختوں کے علاوہ ریچھ، مُوس اور گنجے عقاب بھی پائے جاتے ہیں۔ چوگاچ قومی جنگل میں رہنے والے گنجے عقابوں کی تعداد امریکہ کی ایک دوسرے سے جڑی ریاستوں میں پائے جانے والے گنجے عقابوں کی مجموعی تعداد سے زیادہ ہے۔

چوگاچ قومی جنگل میں گلیشیئر، ندیاں اور آبی ذخائر بھی ہیں۔ گو کہ اس کا رقبہ کم و بیش ریاست نیو ہیمپشائر کے رقبے کے برابر ہے مگر اس میں سے صرف ۱۴۵ کلومیٹر لمبی فاریسٹ سروس سڑکیں گزرتی ہیں۔ اس طرح چوگاچ کا شمار ملک کے اُن جنگلات میں ہوتا ہے جنہیں سب سے زیادہ تحفظ حاصل ہے۔

ایل ینکے قومی جنگل

Bridge spanning stream at edge of pool. (© Joe Ferrer/Alamy)

مارچ ۲۰۲۰ء میں پورٹو ریکو میں ایل ینکے نیشنل فاریسٹ میں بانیو ڈو اورو نامی راستے میں پڑنے والی ایک ندی پر بنا ہوا پل۔(© Joe Ferrer/Alamy)

پورٹو ریکو میں ایل ینکے نیشنل فاریسٹ واحد استوائی برساتی جنگل ہے جس کا انتظام امریکہ کی فاریسٹ سروس کے ہاتھوں میں ہے۔

اس پارک کا رقبہ لگ بھگ ۱۱۷ مربع کلومیٹر ہے اور اس کا شمار امریکی علاقے پر واقع سب سے چھوٹے برساتی جنگلوں میں ہوتا ہے۔ تاہم حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ ایل ینکے میں مقامی درختوں کی ۲۲۵ انواع پائی جاتی ہیں جن میں سے ۲۳انواع ایسی ہیں جو دنیا میں کہیں بھی نہیں پائی جاتیں۔ اس کے علاوہ معدومیت کے خطرے سے دوچار پورٹو ریکن طوطوں سمیت دستاویزی طور پر محفوظ کی گئیں فقاریہ انواع کی ۱۶۴ ایسی انواع بھی ہیں جودنیا میں کہیں بھی نہیں پائی جاتیں۔

ایل ینکے نیشنل فاریسٹ کے کچھ حصوں میں سالانہ ۶ میٹر تک بارش ہوتی ہے اور موسم سارا سال ۲۱ درجے سینٹی گریڈ پر خوشگوار طور پر گرم رہتا ہے۔

ہوہ برساتی جنگل

Trees and moss in rainforest (© George Rose/Getty Images)

فورکس، واشنگٹن کے قریب کائی سے ڈھکے دیودار، شکران، صنوبر اور بڑے پتوں والے چنار کے درختوں کی ۱۵ ستمبر ۲۰۲۱ءکو لی جانے والی ایک تصویر۔ (© George Rose/Getty Images)

ریاست واشنگٹن کے اولمپک نیشنل پارک کے اندر واقع ہوہ رین فاریسٹ میں سالانہ اوسطاً ۳ اعشاریہ ۵میٹر بارش ہوتی ہے اور یہ اپنے سرسبز منظر نامے کی وجہ سے مشہور ہے۔

اس جنگل میں مخروطی اور برگ ریز درخت، فرنز اور نرم کائی کے پھیلے ہوئے اُن جھرمٹوں پر چھتری بنائے ہوئے کھڑے ہیں جنہوں نے چٹانوں، درختوں کے تنوں کو اپنی لپیٹ میں لینے کے ساتھ ساتھ جنگل کے فرش کو بھی ڈھانپ رکھا ہے۔ اس گھنے جنگل میں اگنے والے نباتات، کیڑوں، سانپ، چھپکلیوں اور چھوٹے چوہوں کی افزائش کے لیے بہت موزوں ماحولیاتی نظام فراہم کرتا ہے۔

بوہ برساتی جنگل بہت سے ایلکوں، کالے ریچھوں، پہاڑی شیروں، جنگلی بلیوں اور اود بلاؤں کا گھر بھی ہے۔

ٹونگیس قومی جنگل

Ariel view of a highway through dense forest (© Georges/The Washington Post/Getty Images)

پرنس آف ویلز جزیرے، الاسکا پر واقع ٹونگیس نیشنل فاریسٹ کی ۲ جولائی ۲۰۲۱ء کی ایک تصویر۔(© Georges/The Washington Post/Getty Images)

جنوب مشرقی الاسکا میں ٹونگیس نیشنل فاریسٹ کا رقبہ ۶۸ ملین مربع کلو میٹر ہے اور یہ امریکہ کا سب سے بڑا قومی جنگل ہے۔

ماحولیاتی معنوں میں آج ٹونگیس نیشنل فاریسٹ دنیا کا سب سے بڑا محفوظ معتدل برساتی جنگل ہے۔ اس میں پرانے اور بڑھنے والے دیودار درختوں کے علاوہ سیٹکا صنوبر اور مغربی شکران کے درخت بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ گنجے عقابوں، موس اور کالے ریچھوں سمیت جنگلی حیات کی ۴۰۰ سے زائد انواع کا سب سے بڑا مسکن بھی ہے۔

تشکر برائے متن شیئر امیریکہ


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے