اتحاد برائے شمولیت 

امریکی یونیورسٹیوں میں مختلف قسم کی دلچسپیوں کے لیے کلب دستیاب ہیں ۔ ان میں شامل ہونا دنیا بھر سے آئے طلبہ سے دوستی کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

جیسون چیانگ

October 2022

اتحاد برائے شمولیت 

گرلنگ سوسائٹی ۲۰۰۲ میں شروع ہونے کے بعد سے لے کر اب تک کھلی جگہ میں کھانا بنانے کے مشترکہ شوق کو مہمیز کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو یکجا ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

امریکی اعلیٰ تعلیم ادارے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس ثقافتی تنوع نے امریکی یونیورسٹیوں کو ایسی منفرد جگہوں میں تبدیل کیا ہے جہاں تعاون پر مبنی شمولیت، ترقی اور کامیابی پروان چڑھتی ہیں۔ یونیورسٹیاں کیمپس میں تنوع کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہیں۔ لہٰذا وہ کئی طرح کے گروپوں کی تشکیل اور سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو ہم خیال ساتھیوں سے جڑنے اور نئے دوست بنانے میں مدد کرتی ہیں۔ ہر طالب علم کو اس کی دلچسپی کا کیمپس گروپ مل ہی جاتا ہے۔

کھیلوں کے شائقین کی جنت

ریاست کولو راڈو کے شہر باؤلڈر میں واقع یونیورسٹی آف کولو راڈو میں ایک پُرجوش اور متحرک طلبہ گروپ موجود ہے جو مکمل طور پر گیمنگ اور ای اسپورٹس کے لیے وقف ہے۔ یہ الیکٹرانک کھیلوں کے مقابلے کی ایک شکل ہے جس میں ویڈیو گیمس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ سی یو گیمنگ نامی اس گروپ کی بنیاد ۲۰۱۵ ءمیں طلبہ کے اس گروپ نے رکھی جو معروف ویڈیو گیم ’کاونٹر اسٹرائیک‘ کھیلنے کا خواہشمند تھا۔ اپنے قیام کے بعد سے ہی یہ گروپ فروغ پا رہا ہے۔ اب تو یہ ایک پھلتی پھولتی بنیادی سطح کی ای اسپورٹس کمیونٹی بن چکا ہے جہاں دریافتِ خودی، سالمیت اورامتیازات کو قبول کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

’سی یو گیمنگ گروپ ‘کی ویب سائٹ کا منشور کہتا ہے ’’ ہم یہاں اس لیے ہیں کہ تمام کھیلوں کی حوصلہ افزائی کریں،نہ کہ اس لیے کہ ذاتی ترجیحات کی بنا پر کسی کو تنقید کا نشانہ بنائیں۔ کھیل کو نسل، صنف، جنس، مذہب اور سیاسی نظریات سے بالاتر ہونا چاہیے۔‘‘

نئے کھیلوں کی شمولیت اور مسابقتی تقریبات کی بڑھتی تعداد کی بدولت سی یو گیمنگ یونیورسٹی آف کولوراڈو میں ایک بڑے طلبہ گروپ کے طور پر ابھرا ہے جس میں ۱۵۰۰ سے زیادہ رجسٹرڈ طلبہ آن لائن حصہ لیتے ہیں۔ سی یو گیمنگ ذاتی طور پر حصہ لینے کے پروگراموں کی میزبانی بھی کرتا ہے جو نئے لوگوں سے ملنے اور مشترکہ جذبے کے تحت رابطہ قائم کرنے کا ایک عمدہ طریقہ ہے۔ سی یو گیمنگ کمیونٹی کا بنیادی مقصد نہ صرف اراکین کو بہترکھلاڑی بنانا بلکہ انہیں ایک بہتر انسان بنانا بھی ہے۔

اسٹینفورڈ میں بلندی کا سر کرنا

اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں طلبہ کا ایک مقبول گروپ ہے جو کوہ پیمائی کا شوق رکھنے والوں کے لیے مختص ہے۔ یونیورسٹی کیمپس ہی میں ایک شاندار دیوار کھڑی کی گئی ہے جس کی اونچائی ۲۸ فٹ ہے۔ ایریلاگا آؤٹ ڈور ایجوکیشن اینڈ ریکریشن سینٹر میں کوہ پیمائی کے لیے تقریباً ۷۵ ہزار مربع فٹ جگہ مخصوص کی گئی ہے۔

یونیورسٹی میں اس کوہ پیما گروپ کی قیادت ۲۰۱۲ء میں فِل سینڈلن اور اینڈریو ڈی ٹوریس نے کی تھی جو ایک اور منفرد کیمپس گروپ ’اسٹینفورڈ ایڈونچر پروگرام‘ کا حصہ تھے۔ دونوں نے کلائمبنگ کلاسز شروع کیں اور مہارت کی تمام سطحوں کے شرکا کے لیے اسکول میں اس دیوار کا انتظام کرایا۔ اسٹینفورڈ کی اس ٹیم نے کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔ اس ٹیم میں اب ۴۰ سے زیادہ مسابقتی کوہ پیما شامل ہو چکے ہیں اور اس نے ایک رسمی اسٹینفورڈ کلب اسپورٹ کے طور پر اپنی شناخت قائم کر لی ہے۔ اس کے پاس اسٹینفورڈ کے طلبہ کو تعلیمی اور تفریحی دونوں طرح کی کو ہ پیمائی خاص طور پر دیوار پر چڑھنے کا ہنر سکھانے کے لیے مصدقہ اساتذہ کا ایک مکمل عملہ موجود ہے۔

تعلیمی سال کے دوران یہ کلائمبنگ ٹیم یو ایس اے کلائمبنگ کالجیٹ چیمپئن شپ کے حصے کے طور پر منعقد ہونے والے مقامی، علاقائی اور قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیتی ہے۔ اسٹینفورڈ کلائمبنگ ٹیم امریکہ کی سرفہرست ٹیموں میں سے ایک ہے جس نے ۲۰۱۸ ءاور ۲۰۱۹ ءمیں کلائمبنگ کالجیٹ نیشنل چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ان مقابلوں کے علاوہ کلائمبنگ ٹیم بیرونی مہم جوئی والے علاقوں کا دورہ کراتی ہے جس میں یوسمائٹ، بشپ اور ریڈ راکس نیشنل پارکس شامل ہیں۔

اسٹینفورڈ کلائمبنگ ٹیم موجودہ انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کی شمولیت کے لیے تیار ہے جو ہر سال موسم ِ خزاں کے سہ ماہی سمسٹر کے آغاز میں ہونے والی ہفتہ وار مشقوں میں شرکت کے لیے پُر عزم ہیں۔

کھانوں کی بدولت پروان چڑھتے رشتے

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی’ گِرلنگ سوسائٹی ‘ کھانے کے شوقین کسی بھی فرد کے لیے بہترین کیمپس گروپ ہو سکتی ہے۔ ۲۰۰۲ ءسے اس طلبہ گروپ نے کھلی جگہ میں کھانا بنانے کے مشترکہ شوق کو مہمیز کرنے کے لیے یکساں شوق رکھنے والے افراد کو یکجا کیا ہے۔
اس گروپ کا نعرہ ہے ’’ہرے بھرے درختوں کے درمیان جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی گِرلنگ سوسائٹی، دوستی اور تعلقات کی اس آگ کے ذریعے جس پر کھانا تیار کیا جاتا ہے، انسانیت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔‘‘
ہر جمعہ کو صبح ۱۱ بجے سے دوپہر ۲ بجے تک ممبران جارج ٹاؤن کیمپس کے ریڈ اسکوائر پر فروخت کے لیے ہاٹ ڈاگس اور مقبول راؤنڈ برگرس آگ پر تیار کرتے ہیں۔ یہ گروپ ویج برگر بھی بناتا ہے۔

تمام طلبہ اس مطبخ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ کھانے کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی خیراتی کاموں کے لیے دے دی جاتی ہے۔ ہر سال جارج ٹاؤن یونیورسٹی گِرلنگ سوسائٹی فنڈریزر پروگرام ’گریلاتھون‘ کی میزبانی کرتی ہے جس سے کھانوں سے متعلق غیر منافع بخش تنظیموں اور طبقات پر مبنی تنظیموں کی مدد کی جاتی ہے۔

۲۰۲۱ءمیں گریلاتھون نے ۶۹۲۳ اعشاریہ ۴۱ ڈالر جمع کیے جو ’میریز میلس ‘ نامی غیر منافع بخش تنظیم کے ذریعے پورے سال کے لیے ۳۰۰ سے زیادہ بچوں کو کھانا کھلانے کے لیے کافی ہے۔ یہ تنظیم ۲۰ ممالک میں دو ملین سے زیادہ بچوں کو روزانہ اسکول میں کھانا کھلانے کا انتظام کرتی ہے۔

خواہ طلبہ کی دلچسپی گیمنگ، کوہ پیمائی، کھانا پکانے یا کسی دوسری سرگرمی میں ہی کیوں نہ ہو، یہاں انہیں ایسے ان گنت طلبہ گروپ ملیں گے جن میں امریکی کالج کے تجربے کا متنوع اور جامع جذبہ سرایت کرتا ہے۔ اگر کیمپس میں کسی سرگرمی یا مشغلے کے متعلق کوئی گروپ نہیں ہے تو طلبہ کو اسے شروع کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ ہر کالج کلب کے قیام کا آغاز اسی طرح ہوتا ہے۔

 

جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سِلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے