مشمولی اور متنوع قیادت

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کا گلوبل ہیومن ڈیولپمنٹ پروگرام مختلف پس منظر، تجربات، شناخت اور نقطہ نظرکو اختیار کرتا ہے۔

اسٹیون ریڈلیٹ اور اِروِن ٹیونگسن

August 2021

مشمولی اور متنوع قیادت

اسٹیون ریڈلیٹ(بائیں)جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے عالمی انسانی ترقیاتی پروگرام کے ڈائریکٹر ہیں۔ اِروِن ٹیونگسَن ( دائیں)جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے عالمی انسانی ترقیاتی پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں۔

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کا گلوبل ہیومن ڈیولپمنٹ (جی ایچ ڈی) پروگرام اختراعی اور تعلیمی لحاظ سے مشکل مہارتوں پر مبنی ایک ماسٹر ڈگری پروگرام ہے ۔ اسے ترقیاتی پیشہ ورافراد کی اگلی نسل کو سرکاری اور نجی کاروباری اداروں اور غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ مل کر انسانی ترقی میں رفتا ر لانے اور عالمی غربت سے جنگ کے لیے تیار کرنے کی خاطر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ۲۰۱۲ء میں اپنے آغاز کے بعد سے ہی جی ایچ ڈی پروگرام نے دنیا بھر میں بین الاقوامی ترقی سے متعلق اہم گریجویٹ ڈگری پروگراموں میں سے ایک پروگرام کے لیے خود کو ایک مرکز کے طور پر قائم کیا ہے۔ کورس ورک، غیر نصابی سرگرمیاں، اساتذہ کی رہنمائی اور عملی فیلڈ ورک تجربات کے ذریعے ہمارے گریجویٹ ترقی کے شعبے میں قائد بننے اور ہماری عالمی برادری میں تبدیلی لانے کے لیے ضروری علم، مہارت اور تجربات کو فروغ دیتے ہیں۔

جی ایچ ڈی کے دو سالہ نصاب میں معاشیات، سیاسی معیشت، مقداری تجزیہ، تعین قدر، ترقیاتی مالیات، پروجیکٹ ڈیزائن اور مینجمنٹ کے بنیادی کورسیز شامل ہیں۔ اس نصاب کا مقصد طلبہ کو ان موضوعات میں ایک مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے اور اس کے ساتھ ہی ان شعبوں میں اپنے انتخاب پر توجہ مرکوز کرنے کی آزادی فراہم کرنا ہے جن میں وہ تخصص اور سرٹیفکیٹ کے لیے خاص طور پر دلچسپی رکھتے ہیں ۔ ان میں غذائی تحفظ، تعلیم، مقداری تجزیہ، ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی بحران جیسے مضامین شامل ہیں۔ان کورسیز کی تکمیل ہم لوگ اپنی اخلاقیات، ہنر مندی سے متعلق ورکشاپ، سیمینار اور اختیاری زبان کے کورسیزکے ذریعہ کرتے ہیں جوایک ساتھ طلبہ کو وہ مہارتیں فراہم کرتے ہیں جن کی انہیں کامیاب ترقیاتی کریئر کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔ ہمیں جارج ٹاؤن اسکول آف فارن سروس کا حصہ بننے پر فخر ہے جس نے ایک طویل عرصے سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی ہے۔

جی ایچ ڈی پروگرام طلبہ کے لیے حقیقی دنیا کے ترقیاتی امور پر کام کرنے کے عملی مواقع پر زور دیتا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں بہت سی ترقیاتی تنظیموں میں انٹرن کے طور پر کام کرنے والے طلبہ موسم گرما کے عملی تجربے کے لیے دنیا بھرکے ترقی پذیر ممالک میں دلچسپ منصوبوں پر کام کرتے ہیں۔ وہ اپنے دوسرے سال کے اختتامی پروجیکٹ کو حقیقی دنیا کی اپنی گاہک تنظیم سے متعلق کسی اہم معاملے پر کئی مہینوں تک مشغول رہنے میں وقف کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہمارے طلبہ اہم پیشہ ورانہ تجربات اور ملازمت میں مدد کے لیے رابطے کی طویل فہرست کے ساتھ اپنا پروگرام مکمل کرتے ہیں۔

جی ایچ ڈی کے تجربے کی بنیاد طلبہ ، اساتذہ اور عملے کے درمیان تعلقات ہیں۔ جیسا کہ اقدار سے متعلق ہمارے بیان میں کہا گیا ہے ، ہم لوگ ویسے ہی ایک معاشرے کی طرح جو کام بھی انجام دیتے ہیں وہ خدمت ، شمولیت ، جدت اور اخلاقیات کی ہماری چار بنیادی اقدار پر مبنی ہیں۔ تقریبا ۳۰ طلبہ کے ہمارےچھوٹے گروپ، اکثرچھوٹے گروپ پر مشتمل مباحثے اور معاشرتی ماحول کی وجہ سے طلبہ ، اساتذہ اور عملہ ایک دوسرے سے اچھی طرح واقفیت حاصل کرتے ہیں، ایک دوسرے سے سیکھتے ہیں اور ایک دوسرے کی حمایت بھی کرتے ہیں۔

جی ایچ ڈی پروگرام کا سب سے اہم اثاثہ خود اس کےطلبہ ہیں۔ ہم دانستہ طور پر دنیا بھر سے متنوع پس منظر اور وسیع تجربات والے طلبہ کو اس یقین کے ساتھ منتخب کرتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے سے زیادہ سے زیادہ سیکھ سکیں جیسا کہ وہ اساتذہ سے سیکھ سکتے ہیں۔جیسا کہ اقدار سے متعلق ہمارے بیان میں کہا گیا ہے، ہم لوگ اسی طرح متنوع پس منظر، تجربات، شناخت اور نقطہ نظر کو اپناتے ہیں اوراس بات کی ستائش کرتے ہیں کہ یہ اختلافات ترقی سے متعلق ہمارے نقطہ نظر کو کس طرح مالا مال کرتے ہیں اور ہماری معاشرے کے تنوع میں مزید وسعت کی کوشش کرتے ہیں۔

ہمارا مقصد ترقی کے لیے ایک ایسے نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے جو عاجزی اور احترام پر مبنی ہو اور جس معاشرے میں ہم کام کرتے ہیں وہاں کےلوگوں کی آواز پر توجہ مرکوز کرنا، ان کی آواز بلند کرنااور اسے وسعت دینا ہو۔ ہمیں یقین ہے کہ ترقی لانے کی کوششیں اس وقت سب سے زیادہ کامیاب ہوتی ہیں جب ان کی بنیاد باہمی احترام، جامعیت، مقامی ملکیت اور علم اور خیالات کے بےباک تبادلے پر ہوتی ہے۔

اس مقصد کے لیے گزشتہ کئی برسوں کے دوران ہم نے اپنے طلبہ اداروں، اساتذہ، نصاب اور ترقی کے نقطہ نظر کو متنوع بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔ ہم لوگوں نے جو اہم ترین اقدام کیے ہیں ان کا مقصد طلبہ کا ایک ایسا ادارہ تشکیل دینا ہے جس میں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد اور تنوع دونوں زیادہ ہو ۔ آنے والے سال کے لیے مجموعی طور پر ۶۲ طلبہ کے ہمارے دو گروپوں میں، ۲۱طلبہ(۳۴ فی صد) بین الاقوامی ہیں، ۱۸ طلبہ (۲۹فی صد) اقلیتی امریکی (سیاہ فام، مقامی اور رنگدار یعنی جنہیں سفید فام نہ خیال کیا جاتا ہو یا بی آئی پی او سی) اور ۲۳ طلبہ(۳۷ فی صد) سفید فام امریکی ہیں۔ اس کے مقابلے میں پانچ سال قبل ۵۲طلبہ کے دو گروپوں میں ۱۶ طلبہ (۳۱ فی صد)بین الاقوامی، ۴ طلبہ (۸ فی صد) امریکی بی آئی پی او سی اور ۳۲ (۶۲ فی صد) سفید فام امریکی تھے۔ اس میں طالبات کا حصہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ۶۰ سے ۶۵ فی صد رہا ہے۔

ہم نے اپنے اساتذہ کو متنوع بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ اس سال ہمارے ۴۸ فی صد کورسیز کی تعلیم بین الاقوامی یا امریکی بی آئی پی او سی فیکلٹی نے دی ہے جو پانچ سال پہلے کی تعداد سے ۲۶فی صد زیادہ ہیں۔اس کے ساتھ ہی خواتین اساتذہ کی جانب سے پڑھائے جانے والے کورسیز کا حصہ ۳۰ فی صد سے بڑھ کر ۴۶ فی صدہو گیا ہے۔ ہم مزید متنوع مطالعات اور نقطہ نظر کو شامل کرنے، کلاس میں اہم بحث کو آسان بنانے اور نسل، انصاف، اخراج اور اخلاقیات سے متعلق مزید مواد کی شمولیت کے لیے اساتذہ کیحوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہم بہت پرجوش ہیں کہ اس موسم خزاں میں ہم لوگ ایک نیا مطلوبہ بنیادی کورس، اتھیکل لیڈرشپ ان ڈیولپمنٹ متعارف کرائیں گے جسے پروفیسر موہنی ملہوترا پڑھائیں گی ۔ اس موسم بہار میں پروفیسر شرین جوشی نے سماجی شناخت اور ترقیاتی پالیسی میں شمولیت پرمبنی ایک نیا اختیاری کورس متعارف کرایاہے۔

جی ایچ ڈی میں ہم ایک جامع، کھلے اور معاون معاشرے کو تشکیل دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ جارج ٹاؤن بین الاقوامی اور اقلیتی طلبہ کے لیے مختلف قسم کی معاون خدمات فراہم کرتا ہے۔اس کے علاوہ ہمارے اساتذہ مختلف امور پر طلبہ کے ساتھ باقاعدگی سے ملاقات کرتے ہیں۔ ہمارے دو طلبہ سماجی انصاف کے لیے جی ایچ ڈی اسٹوڈنٹ اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔ یہ ایک ایسا کردار ہے جس کے ذریعہ ہمارے نصاب، تقریبوں، آسامیوں اور ہمارے پروگرام کے سماجی انصاف کے پہلوؤں کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر اساتذہ اور عملے کو معلومات اور سفارشات فراہم کی جاتی ہیں۔ اپنے پروگرام کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے ہم لوگ مسلسل طریقے تلاش کر رہے ہیں اور اس کوشش کے لیے طلبہ کی معلومات کافی اہم ہوتی ہیں۔ اگر آپ عالمی انسانی ترقی پر مرکوز گریجویٹ کی تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آئیں ہم لوگوں سے ملاقات کریں۔

اسٹیون ریڈلیٹ،جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں عالمی انسانی ترقیاتی پروگرام کے ڈائریکٹر ہیں۔

اِروِن ٹیونگسن جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں عالمی انسانی ترقیاتی پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے