نقشے میں سبز رنگ بھرنا

سویچھا فاؤنڈیشن تکنیک کی پرداخت کرنے کے ساتھ ساتھ افراد اور ماحول موافق تکنیک کی وکالت کرنے والوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے تئیں تحریک دے رہا ہے۔

مائیکل گیلنٹ

May 2021

نقشے میں سبز رنگ بھرنا

سویچھا کے بانی اور آئی وی ایل پی سے سرفراز وملیندو جھا مہمان سنتوش ہریش کے ساتھ پائیداری کے موضوع پر گفتگو کرتے ہیں۔ یہ گفتگو گرین دی میپ پوڈکاسٹ کے دوران ہوئی۔

کورونا وائرس عالمی وبا کے سبب انسانی زندگی  کے زیادہ تر معاملات آن لائن ہو گئے ۔ مگر اسی میں وملیندو جھا اور اشیم بیری نے ایک سنہری موقع تلاش کرلیا۔ اور یہ موقع تھا بھارت کے تمام باشندگان کو ورچووَل طریقہ پر جوڑنا تاکہ ان کے طبقات کے درمیان مزاحمت میں اضافہ ہو سکے۔ اور ساتھ ساتھ ان کے اندر ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے خلاف جنگ لڑنے کی استعداد بھی پیدا ہو سکے۔

            جھا دراصل امریکی وزارت خارجہ کے انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام کے فیض یافتگان میں سے ہیں۔ انہوں نے ہی نئی دہلی میں سویچھا فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی۔ یہ ایک اختراعی تنظیم ہے جس کا مقصد اس کی ویب سائٹ کے مطابق ”ہمیشہ کے لیے ہر کس و ناکس کے لیے منصفانہ اور پائدار سماج قائم کرنا ہے۔“ بیری سویچھا میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ہیں۔ان کے دائرہ کار میں ڈجیٹل آؤٹ ریچ بھی شامل ہے جس کے ذریعہ سے وہ فاؤنڈیشن کے مشن کو فروغ دیتے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے تعلیمی اور ثقافتی معاملات سے متعلق بیوروکی امداد سے جھا، بیری اور سویچھا کے ان کے رفقا انٹرنیٹ کے ذریعہ سے اس وژن کو بروئے کار لانے میں مصروف ہیں۔

            ۲۰۲۰ءکے اواخر میں سویچھا نے”گرین دی میپ پاڈکاسٹ اینڈ ماسٹرکلاس سیریز“کے تحت اپنا پہلا ویڈیو جاری کیا تھا۔ یہ دراصل آن لائن وسائل کا مجموعہ تھا جس کا مقصد ناظرین کو تعلیم اور ترغیب دیناتھا۔ اس ویڈیو کے ذریعہ پائداری اور ماحولیات کے متعلق روز مرہ کے مسائل کے حقیقی حل پیش کرنے کی سعی کی گئی تھی۔

             پہلاپاڈکاسٹ دسمبر ۲۰۲۰ءمیں نشر ہوا۔ اس میں جھا سبکدوش فاریسٹ آفیسر منوج مشرا سے گفتگو کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ان دونوں کی گفتگو کا محور جمنا ندی کی صفائی ستھرائی اور تحفظ ہے۔ جمنا ندی لاکھوں افراد کے لیے پانی کا اہم ذریعہ ہے۔

گرین دی میپ کا اگلا ویڈیو جنوری کے اوائل میں جاری ہوا۔ یہ اپنے قسم کا پہلا آن لائن ماسٹر کلاس ویڈیو تھا۔اس کی میزبان  غیر منفعت بخش بانی اور شہری کسان پرگتی چاسوال تھیں۔اس ویڈیو میں پرگتی نے شہروں میں رہنے والے افراد کویہ بتانے کی کوشش کی کہ وہ چھوٹی سی بالکونی یا کچن کی کھڑکی کا تعمیری استعمال کرسکتے ہیں، اس طرح وہ خودکے لیے اشیائے خوردنی اگا سکتے ہیں۔اسی طرح ایک اور ویڈیومارچ میں منظر عام پر آیا۔ اس میں سوشل اینٹرپرائز یوز می ورکس کی بانی میناکشی شرما کے کام پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ شرما اس ویڈیو میں اپ سائکلنگ (چیزوں کے از سر نو استعمال) کے تصور کی وضاحت کرتی نظر آرہی ہیں۔ ساتھ ہی وہ یہ بتا بھی رہی ہیں کہ کس طرح پارٹی کے بینرس اورپرانے کپڑوں کے گٹھر کو کوڑے میں پھینکنے کی بجائے تعمیری کام میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ متنوع کاوشیں محض ابھی شروعات ہی ہیں۔امریکی وزارت خارجہ کے مالی عطیہ سے سویچھا کل ملاکرپانچ ماسٹر کلاسز اور چھ پاڈکاسٹ تیار کرے گی۔ان سب کا مطمح نظر فضلہ کا انتظام، ہوائی آلودگی میں تخفیف، کمپوسٹنگ(کھاد بنانا)وغیرہ ہے۔

            اب تک کے ہمارے نتائج خاطر خواہ برآمد ہوئے ہیں۔ سویچھا کے ویڈیوز سے دسیوں ہزاروں افراد اور شرکا نے استفادہ کیا ہے۔ بیری بتاتے ہیں”ہم نے پاڈکاسٹ اور آن لائن ماسٹرکلاسزپر اپنی توجہ اس لیے مرکو ز کی کیوں کہ ڈجیٹل پلیٹ فارم کی مدد سے ہم کافی کثیر تعداد میں لوگوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوپائیں گے۔ان ڈجیٹل مداخلتوں کی بدولت نہ صرف یہ کہ ہم اپنے مشن کو توسیع دے پائے اور بہت بڑی تعداد میں لوگوں تک پہنچ پائے بلکہ اپنے سرپرستوں اور دیگر متعلقین کوبھی مختلف النوع مسائل پر متحد کر سکے۔“ موضوع یا آڈینس سے قطع نظر سویچھا نے اپنے آن لائن پریزنٹیشنوں اور ورکشاپوں میں اعلیٰ ماہرین ہی کو دعوت دی ہے تاکہ ناظرین کے پاس درست معلومات پہنچے اور وہ اپنی زندگیوں اور ماحولیات کو بہتر بنائیں۔

            بیری کا کہنا ہے”سویچھا کو جو مالی امداد دی گئی ہے اس کا مقصد اپنی دنیا کی تصویر نو اور تشکیل نو ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہو سکے گا جب ہم افراد، خاندانوں، پاس پڑوس اور طبقات کی حقیقی ضرورتوں کے عملی حل تلاش کرنے میں کامیاب ہو پائیں گے۔ اس امداد کے ذریعہ سے ہم افراد اورطبقات میں صلاحیت بھی پیدا کریں گے تاکہ وہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔“

            بیری ہر اس شخص کی ہمت افزائی کرتے ہیں جو ماحولیاتی پائداری کے متعلق جاننے میں دلچسپی رکھتا ہیں اور اس میں بھی کہ کس طرح افراد اور طبقات سویچھا کے گرین دی میپ کاآن لائن مطالعہ کر سکتے ہیں، دیکھ سکتے ہیں اور اسے شیئر کرسکتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں ”ہم اپنا مواد مختلف میڈیا پلیٹ فارموں پر پوسٹ کرتے ہیں۔“  ناظرین مزید گہرائی میں جا کر سویچھا کے پاڈکاسٹ اور ماسٹر کلاس سے آگے بڑھ کر تحقیق کر سکتے ہیں۔اس کے لیے وہ سویچھا کے ہوم پیج پر موجود انفو گرافکس، پینل ڈسکشن، ٹاؤن ہال یا سوشل میڈیا فیڈ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

مائیکل گیلنٹ، گیلنٹ میوزک کے بانی اور سی ای او ہیں۔ وہ نیو یارک سٹی میں رہتے ہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے