اختیاری عملی تربیت حاصل کریں

اختیاری عملی تربیت امریکہ میں بین الاقوامی طلبہ کو ان کے مطالعے کے شعبے میں کام کرنے کے لیے عارضی ملازمت کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

جیسون چیانگ

July 2021

اختیاری عملی تربیت حاصل کریں

 

(انسائڈ کریٹو ہاؤس/آئی اسٹاک/گیٹی امیجیز)

اختیاری عملی تربیت (او پی ٹی) ایف ۔ ون ویزے پر آئے مستحق بین الاقوامی طلبہ کو حقیقی دنیا کے کام کا تجربہ حاصل کرنے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرتی ہے جس کا تعلق براہ راست ان کے مطالعے کے شعبے سے ہوتا ہے۔ او پی ٹی کے ذریعہ طلبہ اپنے تعلیمی ادارے میں سیکھی گئی چیزوں کو استعمال کرنے اور انہیں مکمل کرنے کا موقع حاصل کرتے ہیں۔

او پی ٹی بھارتی طلبہ کے لیے کسی امریکی یونیورسٹی میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد امریکہ ہی میں کام کرنے کا ایک مقبول متبادل  ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کے اوپن ڈورز سروے کے مطابق۲۰۲۰۔۲۰۱۹  تعلیمی سال میں امریکہ میں قریب قریب ۲ لاکھ بھارتی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے تھے جن میں ۸۱ہزار بھارتی طلبہ او پی ٹی پروگرام کا حصہ تھے۔

ایجوکیشن یو ایس اے کےبھارت بھر میں پھیلے ۸ مراکز میں مشیروں کی ٹیم ان طلبہ کے لیے ایک قیمتی وسیلے کی حیثیت رکھتی ہے جو امریکہ میں او پی ٹی کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔  معلوم ہو کہ ایجوکیشن یو ایس اے امریکی محکمہ خارجہ کا نیٹ ورک ہے جو امریکہ بھر میں ثانوی تعلیم کے بعد کی تعلیم فراہم کرنے والے تسلیم شدہ اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع کے بارے میں جامع معلومات پیش کرکے امریکی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دیتا ہے۔ ان اداروں میں یونیورسٹیاں، کالج اور پیشہ ورانہ اسکول شامل ہیں۔

اختیاری عملی تربیت کیا ہے؟

یہ تربیت کی وہ شکل ہے جس کے لیے عام طور سے فیس ادا کرنی پڑتی ہے اور جس کا تعلق براہ راست ایف ۔ ون زمرہ کے ویزا کے تحت آنے والے طالب علم کے مطالعے کے پروگرام سے ہوتا ہے۔ ایف ۔ ون طلبہ یا تو اپنے مطالعے کے پروگرام کے دوران او پی ٹی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جسے مکمل ہونے سے قبل کے او پی ٹی (پری ۔ کمپلیشن اوپی ٹی) کے نام سے جانا جاتا ہے یا مطالعہ کا اپنا پروگرام ختم کرنے کے بعد اس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جسے مکمل ہونے کے بعد کا او پی ٹی (پوسٹ ۔ کمپلیشن او پی ٹی) کہا جاتا ہے۔

اختیاری عملی تربیت تین طرح کی ہوتی ہے:

اوپی ٹی: ثانوی تعلیم کے بعد کی پڑھائی فراہم کرنے والے (پوسٹ سیکنڈری) اداروں یا موسیقی کی درس گاہوں (کنزرویٹری) میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ہر اعلیٰ سطح کے مطالعے کے لیے ۱۲ ماہ کا باقاعدہ او پی ٹی کا اہتمام ہے۔ مثال کے طور پر کوئی طالب علم بیچلر ڈگری کے لیے  ۱۲ ماہ کے اوپی ٹی کا انتخاب کر سکتا ہے اور پھر وہ ماسٹر ڈگری کے لیے بھی مزید ۱۲ ماہ کے او پی ٹی کا انتخاب کر سکتا ہے۔

پری کمپلیشن او پی ٹی : طالب علم کے پروگرام کی اختتامی تاریخ سے پہلے استعمال ہونے والا او پی ٹی کا کوئی حصہ پری۔ کمپلیشن او پی ٹی کے زمرے میں آتاہے۔  یہ جزوقتی یا کل وقتی ہوسکتا ہے۔ جب تعلیمی ادارہ کھلا ہو تو یہ پروگرام ۲۰ گھنٹے فی ہفتہ تک محدود ہوتا ہے لیکن وقفوں اور سالانہ چھٹیوں کے دوران یہ کل وقتی بھی ہوسکتا ہے۔

پوسٹ کمپلیشن او پی ٹی : طالب علم کے پروگرام کی اختتامی تاریخ کے بعد استعمال ہونے والا او پی ٹی کا کوئی حصہ اس زمرے میں آتا ہے۔ یہ کل وقتی ہونا چاہئے۔

۲۴ ماہ کی توسیع پر مبنی (اسٹیم)او پی ٹی : یہ منظور شدہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی ڈگری والے کامیاب طلبہ کے لیے کورس مکمل ہونے کے بعد کے او پی ٹی میں ۲۴ ماہ کی توسیع ہے۔ اسٹیم او پی ٹی کے لیے منظور شدہ طلبہ با قاعدہ پوسٹ کمپلیشن او پی ٹی کی تکمیل کے بعد اضافی ۲۴ماہ کی تربیت میں مشغول ہو سکتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کی سطح پر دوسری کوالیفائنگ اسٹیم ڈگری حاصل کرنے کی صورت میں طلبہ دو الگ الگ اسٹیم او پی ٹی توسیعی پروگرام میں حصہ لے سکتے ہیں۔

او پی ٹی کے لیے درخواست کیسے دی جائے۔

او پی ٹی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دینے کے کئی اہم مراحل  ہیں:

۱۔ ایف ۔ ون طلبہ کو اپنے نامزد اسکول عہدیدار (ڈی ایس او) کے پاس اجازت نامہ حاصل کرنے کی درخواست دینی چاہیے۔

۲۔ ڈی ایس او اسٹوڈینٹ اینڈ ایکسچینج وزیٹر انفارمیشن سسٹم (ایس ای وی آئی ایس) میں سفارش کریں گے اور غیر تارکین وطن طالب علم کی حیثیت کے لیے  اہلیت کے سرٹیفکیٹ، فارم آئی-۲۰ کی توثیق کریں گے۔

۳۔ اس کے بعد طالب علم کو فارم آئی-۷۶۵داخل کرنا چاہیے جو درخواست برائے روزگار کی اجازت ہے ۔ اس کے ساتھ ہی طالب علم کو  یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسیز (یو ایس سی آئی ایس) میں معاون دستاویزات جمع کرنی ہوتی ہے ۔

۴۔ اگر منظوری مل جاتی ہے تو یو ایس سی آئی ایس ایک فارم آئی-۷۶۶ جاری کرے گا جو روزگار کی اجازت کا دستاویزہے۔

۵۔ ایک بار جب ایف ۔ ون طلبہ کو یو ایس سی آئی ایس سے اجازت مل جاتی ہے تو وہ اپنی اختیاری عملی تربیت شروع کر سکتے ہیں۔

ایجوکیشن یو ایس اے کس طرح مدد کر سکتا ہے

ایجوکیشن یو ایس اے امریکی اعلیٰ تعلیم کے بارے میں معلومات کا سرکاری ذریعہ ہے جوبھارتی طلبہ کو درست، تازہ ترین اور جامع معلومات کے ذریعے امریکی یونیورسٹیوں میں درخواست دینے کے عمل میں مدد کرتا ہے۔ ایجوکیشن یو ایس اے کے مشیر طلبہ کو ان کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترجیحات کی نشاندہی کرنے، باخبر انتخاب کرنے اور داخلوں کے عمل میں فعال فیصلہ ساز بننے میں رہنمائی کرتے ہیں۔ مشیر طالب علموں کو مہارت اور وسائل سے آراستہ کرتے ہیں تاکہ وہ امریکی کیمپسوں میں کامیاب قیام کر پائیں۔

ایجوکیشن یو ایس اے کی سینیر پروگرام آفیسر بھاونا جَولی کہتی ہیں’’عملی تربیت کے مواقع امریکی اعلیٰ تعلیم کی شناخت ہیں جو طلبہ کو تعلیمی جانکاری کو قابل روزگار مہارتوں میں تبدیل کرنے اور مطالعے کے اپنے پروگرام میں متعلقہ کام کا تجربہ حاصل کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔او پی ٹی کامیاب کریئر کی تعمیر کے لیے ایک اہم قدم ہے جو طلبہ کو اس بات کا موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی تعلیم پر کی جانے والی ’سرمایہ کاری کا فائدہ‘اٹھائیں جو بیرون ملک یونیورسٹیوں کے انتخاب میں بھارتی کنبوں کے لیے ایک اہم عنصرہے۔‘‘

جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سِلورلیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں۔


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے