داخلہ عرضی کی تیاری

اپنی درخواست کچھ اس طرح تحریر کریں جس سے آپ کی دلچسپیاں ظاہر ہوں، آپ کی صلاحیتوں کا اظہار ہواور آپ کی پوری شخصیت نکھر کرسامنے آئے۔

اُنَّتی سنگھانیا

April 2022

داخلہ عرضی کی تیاری

طلبہ دس غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنی حصولیابیوں کی تفصیل اپنی کالج عرضی میں دے سکتے ہیں۔ اس کی شروعات وہ اپنے اسکول کے دنوں سے کر سکتے ہیں۔ ان میں نیچر کلب، ثقافتی کلب، ٹریکنگ، کھیل کود اور بحث و مباحثہ شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تصاویر(گھڑی کی سوئی کی گردش کے اعتبار سے دائیں سے: ویو بریک میڈیا لمیٹیڈ/ویو بریک میڈیا/گیٹی امیجیز؛آرین زویگرس/بشکریہ وکی پیڈیا؛ شانتانو نایک/ اَن اسپلیش؛ ڈی جی لیمیجیز/آئی اسٹاک/ گیٹی امیجیز؛ گابن والیٹ/اَن اسپلیش)

بین الاقوامی ہائی اسکول طلبہ اکثر امریکہ میں انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے درخواست دیتے ہیں۔غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ میں داخلوں کی پالیسی مجموعی نوعیت کی ہے۔ داخلہ کے عمل سے درخواست دہندگان کو اپنے متعلق اظہار رائے کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس میں نہ صرف تدریسی اجزا مثلاً مارک شیٹ اور مختلف ٹسٹ میں حاصل شدہ نمبرات شامل ہوتےہیں بلکہ اس میں مشہور سرگرمیوں کی فہرست میں اپنی شخصیت اور دلچسپیوں کے بارے میں اظہار کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

درخواست میں طلبہ ہائی اسکول سے لے کر اب تک کی ۱۰ غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنے  کارناموں کا ذکر کرسکتے ہیں۔  غیر نصابی سرگرمیوں سے یونیورسٹی کو یہ سمجھنے میں آسانی ہوتی کہ کوئی طالب علم ان کی طلبہ برادریوں میں کس حد تک موزوں بیٹھتا ہے۔ اکثر ان ہی معلومات کا تجزیہ کرکے صلاحیت کے لحاظ سے اسکالر شپ جاری کی جاتی ہیں۔ طلبہ کوچاہیے کہ وہ درخواست میں مضمون تحریر کرتے وقت اپنی اقدارکو واضح کرتے ہوئے ان سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالیں۔

تو اب سوال یہ پیداہوتا ہے کہ ایسی درخواست کیسے تحریر کی جائے جس سے آپ بھیڑ میں سب سے منفرد نظر آئیں؟ چونکہ آج کی عالمی وبا کے بعد کی دنیا انتہائی عالم گیریت پرمبنی ہے،لہٰذا اس سوال کا جواب قدرے مختلف ہے۔ ایجوکیشن یو ایس اے مشیر کی حیثیت سے اس عمل کے دوران میں سیکڑوں طلبہ کے ساتھ کام کرتی ہوں۔ پیش خدمت ہیں چند اہم مشورے جو آپ کو کام شروع کرنے میں مددگارثابت ہوں گے۔

 اپنی دلچسپیوں کا اظہار کریں

پہلا قدم ہے اپنی دلچسپیوں کی نشاندہی کریں۔ سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ آپ خود کو اس سانچے میں فٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو آپ محسوس کرتے ہیں کہ یونیورسٹیوں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش ہوگا۔ درحقیقت قوی ترین درخواست میں محض آپ کی دلچسپیوں اور ذہنی افتاد کا ذکر ہوتا ہے۔ عام حالات کے بر خلاف، آج کے دور میں یہ اشد ضروری ہے کہ آپ ازخود ایسے مواقع کی تلاش کریں جو آسانی سے دستیاب نہیں ہیں۔ اس کے لیے آپ اپنے ہم عمروں سےصلاح مشورہ کریں اور اپنے اساتذہ سے رہنمائی حاصل کریں۔ یہ بہترین موقع ہے جس میں آپ ان تمام اقسام کی سرگرمیوں کا تفصیلی ذکرکرتے ہیں جن میں آپ نے کبھی شرکت کی۔

آپ ان تمام سرگرمیوں اور کلبوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں جو آپ کے ہائی اسکول میں پہلے سے موجود ہیں۔ اساتذہ اور اسکول کے مشیر آپ کی دلچسپیوں اورجو کچھ موجود ہے ان میں ربط پیدا کر سکتے ہیں۔ بہت سارے اسکولوں میں مختلف مقاصد کے لیے کلب ہوتے ہیں ۔ ان میں سے چند ایک ہیں نیچر کلب، ثقافتی کلب، کوہ پیمائی کلب، اسکاؤٹس، اسکول میگزین، مجلس ادارت، کھیل کود کی ٹیمیں اور مباحثہ حلقہ وغیرہ ۔ صرف ان کا رکن ہونا ہی کافی نہیں ہے۔ بلکہ بہتر ہوگا کہ آپ خود قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے پرو جیکٹس کی شروعات کریں اور تہواروں اور پروگراموں میں سرگرمی کے ساتھ شرکت کریں۔ اگر آپ کی دلچسپی کا کوئی کلب موجود نہیں ہے تو آپ خود ایک نئے کلب کی بنیاد ڈالنے کے بارے میں سوچیں۔ اس میں اپنے ہم خیال دوستوں کو شامل کریں اور ایک ہم خیال استاد کو اپنے کلب کا مشیر بنائیں اوراپنے اسکول رابطہ کار کے پاس اس کی درخواست لے کر جائیں۔

قائدانہ صلاحیت اور خود سے اقدام کرنے جیسی خصوصیات داخلہ کمیٹی کی نظر میں کافی اہمیت کی حامل ہیں۔ اگر آپ کے تعلیمی ادارے میں ابھی بھی آف لائن تعلیم کا نظام نہیں ہو پایا ہے،تو آپ مجازی طور پر خود سے اقدام کرتے ہوئے آن لائن تہوار کا انعقاد کرسکتے ہیں جس میں بین الاقوامی شرکا ہوں ۔ یا پھر آپ اسکول میگزین کو ڈجٹائز کرنے کی سوچ سکتے ہیں۔

اگر آپ کے اسکول میں غیر نصابی سرگرمیاں زیادہ نہیں ہیں تو دلبرداشتہ ہونےکی قطعاًکوئی ضرورت نہیں۔ آپ کی درخواست کے عمل کے دوران تعلیمی ادارے کے مشیرحضرات کو ادارے کا تفصیلی پروفائل داخلہ افسران کو جمع کرنا ہوتا ہے جس سے وہ آپ کی درخواست فیصلہ کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ لہذا آپ کو اس کی سزا نہیں ملے گی۔

کھیل کود کی اپنی صلاحیت کا استعمال کریں

اگر آپ کھلاڑی ہیں تو آپ کمیونٹی کالجوں کے لیے مخصوص نیشنل کالیجیٹ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن، نیشنل ایسوسی ایشن برائے انٹر کالیجیٹ ایتھلیٹکس یا نیشنل جونئیر کالج ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن  کی ویب سائٹ پر درج کھیلوں اور کھیل سکھانے والوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ یہاں آپ کوان جامعات کے نام ملیں گے جو مختلف سطحوں کے ایتھلیتکس کمٹمنٹس کی تعریف بیان کریں گی جن کی توقع آپ سے پڑھائی کے ساتھ ساتھ کی جاتی ہے۔ آپ ایتھلیٹکس اسکالرشپ کے مجاز قرار دیے جاسکتے ہیں۔ یا یہ بھی ممکن ہے کہ کسی دوسری یونیورسٹی میں آپ کو اہلیت اور صلاحیت پر مبنی اسکالر شپ مل جائے۔ لیکن اس کی تیاری آپ کو کافی پہلے سے کرنی ہوگی بلکہ بہتر ہوگا کہ آٹھویں جماعت سے اس کا آغاز کردیں ۔ ایک بار جب آپ یونیورسٹی کے کوچوں سے گفتگو شروع کردیں گے تو وہ داخلہ دفتر کے ساتھ مل کر آپ کے داخلہ پر کام کرنا شروع کردیں گے۔ کوچ حضرات ہائی اسکول اسپورٹس سیزن میں آپ کی کارگردگی دیکھ کر طے کریں گے کہ آیا آپ ان کی ٹیم کے لیے موزوں ہیں اور آپ کو کارکردگی ٹیپ کے علاوہ بھی اسکالرشپ کے لیے زائد فارم درکار ہے۔ آپ کی یونیورسٹی داخلہ  کی درخواست میں ’’توصیفی خط‘‘ کے تقاضوں کے حساب سےآپ خارجی کوچوں سے بھی توصیفی خط لکھوا سکتے ہیں۔

اپنی برادری سے جڑیں

ہائی اسکول کی حدود سے آگے بڑھ کر اپنی برادری اورپاس پڑوس کی سرگرمیوں میں شرکت کریں۔ جہاں آپ کی رہائش  ہے،وہاں کے اسپورٹس کلب، پرفارمنگ آرٹس یا زبان کی کلاسیز میں شمولیت اختیار کریں۔ایسی متعدد سرگرمیاں ہیں جن میں آپ دوسروں کو سکھا سکتے ہیں۔ صفائی ستھرائی کی مہم کا حصہ بنیں، رضا کارانہ طور پربزرگوں کی دیکھ بھال کریں یا پھر کسی مقامی تنظیم کے ساتھ منسلک ہوں۔ ان مصروفیات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اپنے آس پاس کے ماحول کے متعلق فکر مند ہیں۔ یہ تمام سرگرمیاں تفاعلی یا نیچر کلب کے ذریعہ اسکول میں فراہم کی جاتی ہیں۔

اپنے ہنر کو نکھاریں

موسم گرما کی تعطیلات اور اختتامِ ہفتہ  کا موقع اپنی درخواست کوتشکیل دینے کا بہترین موقع ہیں۔ امریکہ کی بہت سی اوراب تو بھارت کی بھی متعدد لبرل آرٹس یونیورسٹیاں اور ہائی اسکول دو سے تین ہفتوں کا سمر پروگرام چلاتی ہیں جن میں آپ اپنے کسی خاص ہنر کو نکھار سکتے ہیں۔ بہت سی امریکی جامعات گیارہویں اور بارہویں کے طلبہ کے واسطے پری۔کالج کورسوں کا بھی اہتمام کرتی ہیں۔ آپ ان میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ آن لائن اور ایڈوانسڈ پلیسمنٹ کورسز کا بھی ذکر آپ کی درخواست میں کیا جا سکتا ہے۔ اس سے آپ کی بہترین تدریسی صلاحیتوں کا اندازہ ہوتا ہے۔ اگر آپ کا کوئی شوق ہے تو اس کا کچھ اس طرح سےذکر کریں کہ وہ آپ کی درخواست سے کسی نہ کسی صورت میں مطابقت رکھے۔ آرٹ اور پرفارمنگ آرٹ کے طلبہ بصری پورٹ فولیو بنائیں تو بہتر ہوگا۔

بہر کیف آپ کو ا پنی عرضی کو سنوارنے اور نکھارنے کے لیے کافی مواقع ملیں گے۔ مگر خیال رہے کہ آپ ان ہی دلچسپیوں کا صداقت کے ساتھ ذکر کریں جو آپ کے اسکول، ایتھلیٹکس اور برادریوں کے دائروں میں موجود ہیں۔ آپ کے کارنامے آپ کی درخواست اور مضمون میں کیسے اچھی طرح سے سما جائیں اس سلسلے میں  کارآمد باتوں کے لیے اپنے نزدیکی ایجوکیشن یو ایس اے مرکز سے رابطہ کریں۔

اُنَّتی سنگھانیا ایجوکیشن یو ایس اے میں صلاح کار ہیں  اور کولکاتا  میں مقیم ہیں ۔ وہ ریاست اوہائیو کے دی کالج آف ووسٹر کی سابق طالبہ ہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے