کاروبار میں خاتون قیادت

وی ہَب تکنیکی معاونت، راہنمائی، نیٹ ورکنگ اورتصور کے ثبوت یا کم از کم قابل عمل مصنوعات کو فروغ دے کر اختراعی خیالات کے ذریعے کاروباری پیشہ وروں کی رہنمائی کرتا ہے۔

جیسون چیانگ

October 2021

کاروبار میں خاتون قیادت

تربیت اور اطالیقی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ وی ہب خواتین کی قیادت والی نوخیز کمپنیوں کواپنی دفتری سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔ تصویر بشکریہ وی ہب۔

موافق حالات، سرکاری وسائل تک رسائی اور خواتین کی قیادت میں کاروباری اداروں کو فروغ دینے کے لیے وی ہَب ایک عالمی تعاون نیٹ ورک کی تشکیل کےذریعے خواتین کی کاروباری پیشہ وری کو فروغ دیتا ہے۔

۲۰۱۷ء میں حیدرآباد میں منعقد امریکی محکمہ خارجہ کی کاروباری پیشہ وری سے متعلق عالمی چوٹی اجلاس (جی ای ایس) کا موضوع’’خواتین پہلے، سب کے لیے خوشحالی‘‘ تھا جو بھارتی معیشت میں خواتین کی شرکت کو رفتاردینےکی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوا۔ سربراہ اجلاس کے دوران خواتین کاروباری پیشہ وروں کی مدد اور رہنمائی کے لیے ایک وقف پلیٹ فارم کی اشد ضرورت کی نشاندہی کرنے کے بعد حکومت تلنگانہ نے خواتین کاروباری پیشہ وروں کے مرکز (ویمن  انٹرپرینرس ہَب)  یا وی ہَبکا تصور پیش کیا اور مارچ ۲۰۱۸ء میں اس کے قیام کا اعلان کیا۔ وی ہَب کی چیف ایکیزیکٹو افسر دیپتی راوُلا کہتی ہیں’’اس  سربراہ اجلاس نے ایک ایسی بات چیت کو جنم دیا جس کے نتیجے میں اس طرح  کے  ایک پلیٹ فارم کو تشکیل دینے کی پہل کی گئی جو زیادہ سے زیادہ خواتین کو کاروباری ماحولیاتی نظام کا حصہ بننے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، اسے فروغ دیتا ہے اوربہتر خواتین کےانتخاب کے ایک نظام کوتشکیل دیتا ہے۔‘‘

وی ہَب کا مقصد ابتدائی تصور کے مرحلے میں خواتین کی قیادت میں اسٹارٹ اپ اور کاروباری اداروں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہے۔ وی ہَب تکنیکی معاونت، راہنمائی،  نیٹ ورکنگ اورتصور کے ثبوت یا کم از کم قابل عمل مصنوعات کو فروغ دے  کر اختراعی خیالات کے ذریعے کاروباری پیشہ وروں کی رہنمائی کرتا ہے۔ راوُلا کہتی ہیں’’کوئی بھی خاتون چاہے وہ ایک خواہش مند کاروباری پیشہ ورہویا کوئی دیگر جو ابھی کام شروع کررہی ہوں یا اپنے کام  کو رفتار دینا چاہ رہی ہوں، مدد کے لیے وی ہَب سے رابطہ کر سکتی ہیں۔‘‘وہ کہتی ہیں’’ایک اہم پہلو جس میں وی ہَب بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہا ہے وہ پورے ماحولیاتی نظام کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کا کام ہے تاکہ خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو فعال کیا جا سکے اور انہیں فروغ دیا جاسکے۔‘‘موافق  حالات اور رہنمائی کے علاوہ وی ہَب خواتین کی قیادت میں اسٹارٹ اپس کو اپنی دستیاب سہولتوں تک رسائی بھی فراہم کرتا ہے جن میں مردوں اور خواتین کے ایک ساتھ  کام کرنے کی جگہیں، کانفرنس رومز، پریزینٹیشن کے لیے آڈیٹوریم اور بچوں کے کھیلنے کی  جگہ شامل ہیں۔

راوُلا کہتی ہیں’’اہم فرق یہ ہے کہ وی ہَببغیر کسی تفریق کے کام کرنے والا  انکیوبیٹر ہے جو ملک بھر میں ہرقسم  کے انکیوبیٹر کے ساتھ اپنا  کام  انجام  دیتا ہے۔ موافق حالات پیدا کرنے کے ساتھ ہی ہم  لوگ  ٹیکنالوجی اور کاروباری پیشہ وری، پالیسی کے نفاذ اور قرض سے متعلق روابط میں لڑکیوں اور خواتین کو کام کرنے کے اہل بناتے ہیں۔‘‘

نئی پہل 

جولائی ۲۰۲۱ء میں خواتین کی قیادت میں ۴۷بھارتی اسٹارٹ اپس نے وی ہَب کے انکیوبیشن پروگرام سے کامیابی حاصل کی۔ تلنگانہ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشنز، کے ٹی راما راؤ کی موجودگی میں وی ہب نے ۳ نئے پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا۔

’امپاور دی گریٹر ۵۰پرسینٹ‘ کے حصے کے طور پر وی ہَب، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شراکت داری کرے گا تاکہ ۱۰۰ خواہشمند خواتین کاروباری پیشہ وروں کو موافق حالات  فراہم  کرنے  اور بھارت میں ملک گیر پیمانے پر۲۰ قائم شدہ اسٹارٹ اپس کے لیے ایک انکیوبیشن پروگرام کا آغاز کیا جاسکے۔

’گرلز اِن اسٹیم‘، ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت اور متعلقہ شعبوں میں خواتین کاروباری پیشہ وروں کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم بنانے کی خاطر شروع کی گئی ایک اور پہل ہے۔ وی ہَب، ویمن اِن ڈیٹا سائنس اور اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے تعاون سے اس نئی پہل کے حصے کے طور پر بھارت کے ۵ شہروں بینگالورو، سری نگر، ممبئی، حیدرآباد اور ترواننت پورم سے ۱۰۰ اسکول طلبہ کے ایک گروپ کی تشکیل کرے گا۔

تیسری پہل، وی الفا، طالبات کو کاروباری پیشہ وری اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ وی ہب تلنگانہ بھرمیں ۵ تکنیکی تعلیمی اداروں کے ساتھ کاروباری ترقیاتی پروگراموں، راہنمائی اور نمائش سے متعلق دوروں کے ذریعے ۵۰ طلبہ کی مدد کرے گا۔

بھارت میں ان امید افزا نئے اشتراک کو شروع کرنے کے علاوہ وی ہَب ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر میں خواہش مند خواتین کاروباری پیشہ وروں تک پہنچنے کی بھی امید کر رہا ہے۔ وی ہَب نے حال ہی میں دنیا بھر میں خواہش مند خواتین کاروباری پیشہ وروں کے لیے ایک تعلیمی ویڈیو سیریز ’لانچر‘کی نمائش کی ہے۔ ۲۰ قسطوں پرمشتمل کاروباری پیشہ وری سے متعلق یہ سیریز نہ صرف کاروبار شروع کرنے کے بارے میں بصیرت فراہم کرے گی بلکہ خواتین کو اپنے ذاتی پیشہ ورانہ سفر کو مشترک کرنے کے بھی  قابل بنائے گی۔

وی ہَب اپنے  شعبے میں گرچہ ایک نیاادارہ ہے لیکن راوُلا کا خیال ہے کہ یہ  صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور پہلے سے ہی بہت زیادہ اثر ڈال رہا ہے۔وہ کہتی ہیں’’ہم خواتین کاروباری پیشہ وروں کو معلومات اور اس ماحولیاتی نظام سے آراستہ کرنے جارہے ہیں جسے ہم لوگوں نے ۳۴۰۰ سے زائد خواتین کاروباری پیشہ وروں اور ۱۲ اسٹارٹ اپ پروگراموں کے ساتھ کام کرکے،۱۴۸ اسٹارٹ اپس کو فروغ دیتے ہوئے اورملازمت  کے۳۰۰ سے زائد مواقع پیدا کرتے ہوئے گذشتہ ۳ برسوں میں تیار کیا ہے۔ ‘‘صحیح معلومات تک رسائی حاصل کرنا خواتین کے درمیان کاروباری ترقی کو آگے بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور وی ہَب کو امید ہے کہ وہ اس سے متعلق علم کو پھیلانے کی خاطر دنیا بھر میں خواتین کے لیے  مزید منصفانہ پلیٹ فارم تخلیق کرے گا۔

جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکارہیں۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے