روشنی سے صفائی کا کام لینا

آدرش شکلاکی فوٹو لائٹ سطح کو افزودہ کرنے والی قلعی سے دستیاب روشنی کا استعمال کرکے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد دیتی ہے۔

جیسون چیانگ

May 2019

روشنی سے صفائی کا کام لینا

آدرش شُکلا کی فوٹو لائٹ پرت کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ کسی عمارت کی سطح کو ایک روشن ایئر پیوریفائر میں تبدیل کر دیتی ہے جس سے کہ اندرونی اور بیرونی فضائی آلودگی میں کمی آتی ہے۔ تصویر بشکریہ آدرش شُکلا۔

آدرش شکلا ایک ایسے تاجر ہیں جنہیں ٹیکنالوجی کا استعمال پُر جوش بناتا ہے۔ وہ اختراعی تکنیک کے استعمال سے بڑے مسائل کا حل کرنے کی خاطر سر گرمِ عمل ہیں۔سائنس اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی کے سبب انہوں نے نئی دہلی میں وائی این اے اِنٹر پرائزیز کی بنیاد ڈالی۔ فوٹو لائٹ (یہ سطح کو افزودہ کرنے والا ایسا لیپ ہے جو اندرونِ خانہ ہوا کا معیار بہتر کرتا ہے)کمپنی کی جدید ترین مصنوعات میں سے ایک ہے۔ یہ اصل میں ایک شفاف قلعی ہے جس کا مقصد دستیاب روشنی کا استعمال کرکے شہروں میں فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے۔اس لیپ میں روشنی سے چلنے والا مادّہ موجود ہے جس میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ کسی بھی عمارت کی سطح کو ہوا صاف کرنے والے آلہ میں تبدیل کردیتا ہے۔اس عمل کے ذریعہ آس پاس کے علاقے کی اندرونی اور باہری ہوا کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ، اس کے علاوہ بجلی کی بچت بھی کی جا سکتی ہے۔ اس سے ہوا کی صفائی کے لیے آلات پر انحصار کم ہو جاتا ہے۔ پیش ہیں آدرش شُکلا سے انٹرویو کے اقتباسات۔

 اپنے بارے میں کچھ بتائیں ۔ یہ بھی بتائیں کہ فضائی آلودگی کے بحران میں کمی کی جانب آپ کی توجہ کیسے مبذول ہوئی؟

میری پرورش لکھنؤ میں ہوئی۔ میں نے الیکٹرکل انجینئر نگ بھی وہیں سے کی۔بعد میں دہلی چلا آیا ۔ لکھنؤ شہر میں مجھے روزانہ نت نئے چیلنج اور پریشانی کا سامنا رہتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے تکنیک کا استعمال کرکے انسان کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کا شوق پیدا ہوا۔

فضائی آلودگی کے بحران کے حل کی جانب میرا سفر اس وقت شروع ہو ا جب میں نے ہمالہ پر چھٹیاں گزاریں اورصاف اور تازہ ہوا میں سانس لی۔ جب میں وہاں دو ہفتہ گزار کر دہلی واپس آرہا تھا تو میں نے ہوا میں گھٹن اور بدبو محسوس کی۔ تب مجھے محسوس ہوا کہ ہم روزانہ کس قدر فضائی آلودگی میں جی رہے ہیں ۔ اور یہی سبب ہے آلودگی سے ہونے والی اموات کی شرح میں اضافے کا۔

کیا فضائی آلودگی کے بارے میں ہم ابھی بھی بعض حقائق سے نا آشنا ہیں جن کے متعلق آپ بیداری پیدا کرنا چاہتے ہیں؟

جب بھی ہم فضائی آلودگی کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہم پھیپھڑوں کے امراض، الرجی اور اموات کے بارے میں ہی سوچتے ہیں۔ مگر لیاقت میں کمی کا واقع ہونا اور دانشورانہ مخالف رویہ بھی فضائی آلودگی کے بڑے مضر اثرات میں شامل چیزیں ہیں۔تعاملی گیس جیسے غیر مستحکم نامیاتی مرکبات اور نائٹروجن گیس کے آکسائڈ س بھی انسان کو خاموشی کے ساتھ موت کی جانب ڈھکیلتے ہیں۔ ان کے مضر اثرات کی جانکاری فوراََ نہیں ہوتی لیکن ان کی وجہ سے ہمارے دماغ کے فیصلہ کرنے کی صلاحیت رفتہ رفتہ کمزور پڑ جاتی ہے۔ فضائی آلودگی کے لیے ذمہ دار ان عناصر کی وجہ سے بچوں میں دماغی امراض کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور بزرگوں میں ڈیمنشیا (دماغی صلاحیتوں میں کمی کا واقع ہونا جیسے یادداشت کا کمزور پڑ جانا)جیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔

دفاتر میں جہاں اندرونی طور پر ہوا صاف نہیں ہوتی وہاں آلودگی پیدا کرنے والے عناصر کی افراط ہوتی ہے جس کی وجہ سے ملازمین کی سالانہ شرح پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔

آپ کو فوٹو لائٹ کا خیا ل کیسے پیدا ہوا؟

فوٹو لائٹ کا بنیادی متحرک یہ خیال تھا کہ ایسا پائیدار ، توسیع پذیر اور آسانی سے استعمال ہونے والا حل پیش کیا جائے جس سے شہروں میں ہوا کا معیار بہتر ہوسکے۔اسی خیال کے تحت میں نے ہوا صاف کرنے والی مشینوں پر تحقیق شروع کی اور نینو ٹیکنالوجی اور بایو کیمسٹری میں تجربات کرنے لگا۔

بعد میں مَیں نے شفاف اعلیٰ کارکردگی والا لیپ تیار کیا جس سے کسی بھی عمارت کی سطح روشنی کی موجودگی میں ہوا صاف کرنے والے آلہ میں تبدیل کی جا سکتی ہے۔ یہ غیر مہلک شئے ہے جسے شیشے پر بھی لگا یا جا سکتا ہے اور اس سے شیشہ کی شفافیت پر بھی کوئی اثر نہیں پڑتا ۔فوٹولائٹ نہایت ہی کارآمد حل ہے جس سے اندرونی فضا میں تعاملی گیسوں کے مضر اثرات سے حفاظت کی جاسکتی ہے ۔ اس سے سڑن اور وائرس سے بھی حفاظت ہوتی ہے۔

 روز مرہ کی زندگی میں فوٹولائٹ کے بعض عملی فائدے کیا ہیں؟

ہم اسّی سے نوے فی صد وقت گھر وں کے اندر ہی گزارتے ہیں ۔ایک ایسی دنیا کے بارے میں غور کیجئے جہاں اندرونی فضا آپ کا معیار ِ زندگی بلند کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی پیداوار کی شرح میں اضافے کا بھی باعث بنے۔اگرآپ گھر ، اسکول یا دفتر کی تجدید کاری کر رہے ہیں تو فوٹو لائٹ ایک بہترین حل ہے۔ چوں کہ یہ غیر مہلک اور آسانی کے ساتھ استعمال ہو سکنے والی چیز ہے اس لیے کوئی غیر تکنیکی آدمی بھی ،جو غسل خانے کے گندے ٹائلس ، سڑن یا باورچی خانے کی بدبو سے پریشان ہے ، اسے آسانی کے ساتھ استعمال کر سکتا ہے۔

نیکسَس کے ساتھ کام کرنے کا آپ کا تجربہ کیسا رہا؟

یہ تجربہ نہایت مفید رہا جس نے مجھے انڈیا کے کاروباری پیشہ وری کے نظام سے منسلک کیا ۔ یہاں سے مجھے نجی مشاورت کے ذریعہ بنیاد تیار کرنے میں مدد ملی ۔ یہیں سے مجھے ٹیکنالوجی اور مسائل کا حل دے سکنے والی مصنوعات کے درمیان فرق کا پتہ چلا۔

مستقبل میں فوٹولائٹ کے حوالے سے آپ نے کیا اہداف مقرر کیے ہیں ؟عالمی ماحولیات یا صحت سے متعلق کن چیلنجیز پر آپ کام کرنے کے خواہاں ہیں؟

میری خواہش ہے کہ فوٹو لائٹ کے ذریعہ ماحول کو مزید بہتر اور زرخیز بناؤں تاکہ زندگی کا معیار بہتر ہو سکے۔مجھے وسیع نیلے سمندر بڑے پُر کشش معلوم ہوتے ہیں ۔ میرا ارادہ ہے کہ میں قدرت کے اس ان چھوئے تحفے کا استعمال انسانی زندگی کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے کروں۔

جیسون چیانگ لاس اینجلس کے سِلور لیک میں مقیم ایک آزاد پیشہ قلمکار ہیں ۔


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے