رابطے قائم کرتے ہوئے آگے بڑھنا

کلیمسَن یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے اس مضمون میں رابطہ سازی کے گُر بتائے ہیں تاکہ کسی امریکی یونیورسٹی میں پڑھنے والے طلبہ یونیورسٹی کے دورانِ قیام پُرسکون ماحول میں علمی مدارج طے کرسکیں۔

مدیش سمانو

November 2023

رابطے قائم کرتے ہوئے آگے بڑھنا

مدیش سمانو کلیمسَن یونیورسٹی کیمپس میں۔ (تصویر بشکریہ مدیش سمانو)

میں کلیمسَن یونیورسٹی میں  امورِ طلبہ اور اعلیٰ تعلیم پروگرام میں زیر تعلیم ہوں۔ میں ایم اے کے دوسرے سال میں ہوں۔  میں نے آئیووا اسٹیٹ یونیورسٹی سے سنہ ۲۰۲۲ء میں حیاتیات میں بیچلرس ڈگری حاصل کی۔ میں ۲۰۱۸ء میں امریکہ آیا ۔ گرچہ میرے پاس محض تین بیگ تھے مگر میں اپنے

حیرت انگیز علمی سفر کے بارے میں بہت زیادہ پُر جوش تھا۔ امریکہ میں قیام کے دوران میرا  سابقہ اچھے لوگوں سے پڑا جن کی حیثیت اب میری زندگی میں دیرینہ دوست، مشیر اور اہل ِ خانہ کی سی ہے۔

میں یہاں آپ سے چند باتوں کا اشتراک کرنا چاہوں گاتاکہ آپ کیمپس میں اور اس کے باہر رابطہ سازی کرسکیں اور یونیورسٹی کے دورانِ قیام پُرسکون انداز میں اپنا علمی سفر جاری رکھ سکیں۔

خود سے پہل کریں: جب بھی میں کسی سے ملتا ہوں تو خود ہی گفتگو کا آغاز کرتا ہوں۔ جب بھی میں کسی نئی جگہ پر جاتا ہوں تو خود ہی لوگوں سے بات شروع کر دیتا ہوں۔ سب سے پہلے اپنا تعارف پیش کرتا ہوں اور پھر تعلقات کی بنیاد ڈالنے کے لیے چھوٹی چھوٹی باتیں، نیز ایسے سوالات کرتا ہوں جن کا جواب ہاں یا نا سے آگے ہوتا ہے۔ مجھے ہمیشہ حیرت ہوتی ہے کہ صرف سامنے والے انسان کی گفتگو کو غور سے سن کر ہی میں کتنا زیادہ علم حاصل کر لیتا ہوں۔

کانفرنسوں میں شرکت کریں: اپنے تدریسی میدان میں میری اپنے ہم کاروں سے اوّلین ملاقاتیں اکثر پیشہ ور انہ کانفرنسوں میں ہی ہوئی ہیں۔ در اصل کانفرنسوں میں دنیا بھر کے ماہرین شرکت کرتے ہیں جو اپنے اپنے میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دے چکےہوتے  ہیں۔ کانفرنسوں میں حاضری اور شرکت سے مجھے اپنا پیشہ ورانہ نیٹ ورک بنانے میں کافی مدد ملی۔

وابستگی اختیار کریں: کیمپس اور کیمپس کمیونٹی کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر کسی کے لیے کچھ نہ کچھ ایسا ضرور ہوتا ہے جس سے وہ وابستگی اختیار کر سکتا ہے۔ اس کا بہترین ذریعہ کلب اور دیگر تنظیمیں ہیں۔ آپ اپنی دلچسپیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان میں شمولیت اختیار کر کے مختلف تقریبات کا حصہ بن سکتے ہیں۔ جن کلبوں کا میں رکن بنا ان سے مجھے یونیورسٹی میں اپنائیت کا احساس ہوا اور مجھے اپنے آپ کو ظاہر کرنے نیز ،اپنی قائدانہ صلاحیتیں ابھارنے کا موقع میسر ہوا۔

رضا کار بنیں: مقامی اور کیمپس کمیونٹی سے وابستگی کیمپس کے باہر کے لوگوں سے ملاقات کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ مجھے تو اپنی برادری میں کام کرنے سے بہت فائدہ ہوا۔ مثال کے طور پر میں نے اپنی برادری میں طلبہ حکومت، کیمپس کمیٹی اور ایامِ خدمت جیسی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ رضاکاری سے مجھے اپنے حلقہ احباب میں قوی تعلقات قائم کرنے میں بہت مدد ملی۔

اپنی آن لائن موجودگی کو وسعت دیں: لِنکڈ ان اور سماجی رابطہ کے دیگر پلیٹ فارموں پر سرگرم رہیں۔ یہ آپ کے رابطہ قائم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سے آپ افراد اور پیشہ ور تنظیموں سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ ان آن لائن کمیونٹیز سے آپ کو گریجویٹ اسکولوں، انٹرن شپ اور ملازمتوں کی تلاش  کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ ترقی کے دیگر مواقع حاصل کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔

مدیش سمانو جنوبی کیرولینا میں واقع کلیمسن یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہیں۔


اسپَین نیوز لیٹر مفت میں حاصل کرنے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں : https://bit.ly/SubscribeSPAN


ٹَیگس

تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے