معذور افراد کے لیے ملبوسات سازی

نیکسَس تربیت یافتہ اسٹارٹ اَپ ’زینیکا ‘ چلنے پھرنے سے معذور افراد کے لیے مخصوص لباس تیار کرتی ہے۔

ٹریور ایل جوکِمس

August 2023

معذور افراد کے لیے ملبوسات سازی

سومتا باسو(بائیں) نے اپنی والدہ امیتا(مرکزمیں) کے ساتھ ’زینیکا انکلوسِو فیشن‘ کی بنیاد ڈالی تاکہ معذور اور صحت کے مسائل سے نبردآزما ہونے والے افراد کے لیے ملبوسات دستیاب کروا سکیں۔ (تصاویر بشکریہ دیگانتا گوگوئی، سومتا باسو)

سومتا باسومسائل حل کرنے کی ماہرہ ہیں۔ دراصل سومتا کوگیٹھیا کا عارضہ لاحق ہے جس کے سبب وہ تقریباً ۸۰ فی صد چلنے پھرنے سے معذور ہیں۔ انہیں ایک دن احساس ہوا کی گیٹھیا کے مریضوں اور چلنے پھرنے سے معذور افراد کے لیے موجود ملبوسات کی تعداد بڑی محدود ہے۔

اس عرفان کے بعد باسو نے اپنی والدہ امیتا کے ساتھ مل کر’ زینیکا اِنکلوسِو فیشن ‘کی بنیاد رکھی۔اس کا مقصد چلنے پھرنے سے معذور اور  صحت سے وابستہ مسائل سے دو چار افراد کے لیے ان کی ضرورت کے حساب سے ملبوسات تیار کرنا ہے۔ باسو نئی دہلی میں واقع امریکی سفارت خانہ کےنیکسَس اسٹارٹ اَپ ہَب کے ۱۳؍ ویں گروپ کا حصہ بنیں۔ ’زینیکا‘ کا آغاز کرنے سے قبل باسو نے تقریباً ۱۸ برس بحیثیت بین الاقوامی ترقیاتی  کارکن اور صحافی کام کیا ہے۔

باسو بتاتی ہیں ’’اپنی عمر کی چوتھی دہائی کی تکمیل سے پیشتر ہی میں  مجھ میں معذوری کی علامات ظاہر ہونے لگی تھیں جس کی وجہ سے مجھے کپڑے پہننے میں شدید درد ہوتا تھا۔ اس لیے میں  نے اسی وقت سے ایسے ملبوسات کی تلاش شروع کردی جو میرے جسم کی ضروریات کے مطابق ہوں۔  مگر بدقسمتی سے مجھے ایک بھی ایسا لباس نہیں ملا۔ یہی خلا میرے لیے ’زینیکا‘ شروع کرنے کا محرک بن گیا۔‘‘

ان کی کمپنی کی مصنوعات میں مردوں اور عورتوں کے لیے مخصوص پاجامے شامل ہیں جن میں ایسے کمر بند لگے ہیں جو نہ صرف آسانی کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں بلکہ کافی آرام دہ بھی ہیں ۔یہ پاجامے دونوں ہی صورتوں میں پُرکشش نظر آتے ہیں، خواہ آپ وہیل چیئر پر بیٹھے ہوں یا کھڑے ہوں۔باسو اپنے ملبوسات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہتی ہیں ’’ ہم اپنی مصنوعات کو جسم کی ضروریات کے اعتبار سے تیار کرتے ہیں جس سے انہیں پہننے میں تکلیف نہیں ہوتی۔ وہ پہننے والے کو زیب بھی دیتے ہیں ۔ پہننے والا ان میں نہیں سماتا ، کپڑے پہننے والے کا جزوِ بدن بن جاتے ہیں ۔ ‘‘  باسو کی کمپنی کے ملبوسات آن لائن بھی دستیاب ہیں ۔انہیں پورے ملک میں بھیجا جاتا ہے۔

اپنی کمپنی کی مصنوعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے باسو با خبر کرتی ہیں ’’ فی الحال ہماری تمام تر توجہ دائمی مریضوں، معذور افراد اور سن رسیدہ افراد کے لیے گھراور دفتر میں پہنے جا سکنے  والی مختلف ملبوسات کی تیار ی پر مرکوز ہیں ۔ ہم ایسے افراد کے لیے بھی ملبوسات تیار کر رہے ہیں جو کینسر کا علاج کروارہے ہوں ، عمل جرّاحی سے گزرے ہوں یا پھر جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹ جانے کے بعد پیدا ہونے والے مسائل سے دو چار ہوں وغیرہ۔‘‘

باسو بتاتی ہیں کہ انہیں صارفین  سے اپنی پہل کے لیے کافی حوصلہ افزا رد عمل مل رہا ہے۔ ’’ صارفین کا کہنا ہے کہ ایک نہایت خوش آئند بات ہے کہ کوئی برینڈ معذور افراد اور صحت سے متعلق مسائل سے دو چار افراد کے متعلق بھی فکر مند ہے۔ ‘‘

اکثر ایسا ہوتا ہے کہ معذور افراد کے لیے ملبوسات تیار کرتے وقت سہولت کا خیال رکھتے ہوئے لباس کی خوبصورتی پر توجہ نہیں دی جاتی  اور ان دونوں چیزوں کو یکجا نہیں کیا جاتا۔

ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے باسو بتاتی ہیں ’’ ایک ۲۶ سالہ لڑکی نے انہیں لکھا کہ ’زینیکا‘ کے کپڑے زیب تن کرکے وہ بہت منفرد لگ رہی تھی۔ ان کپڑوں میں اسے گھر کے باہر بیت الخلاء جانے میں کوئی مشکل نہیں پیش آئی۔ ان کپڑوں کو پہن کر وہ آسانی سے کھاپی سکتی ہے۔ ایسا اس لیے ممکن ہو سکا کیوں کہ ہم نے وھیل چیئر کے لیے مخصوص ملبوسات تیار کیے ہیں ۔‘‘

باسو تسلیم کرتی ہیں کہ نیکسَس کا تربیتی پروگرام ان کے لیے نہایت مفید ثابت ہوا۔ اپنی اسٹارٹ اَپ کمپنی کی کامیابی کا سہرا نیکسَس کے سر باندھتے ہوئے وہ کہتی ہیں ’’ نیٹ ورکنگ اور امداد کی وجہ سے ہی یہ ممکن ہو سکا۔‘‘

مگر دشواریاں ابھی بھی برقرار ہیں۔ خیال آرائی کرتے ہوئے باسو کہتی ہیں ’’ معذور افراد کے ساتھ معاشرے کا برتاؤ جداگانہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے ایسے افراد مواقع سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس وقت گرچہ بھارت میں لاکھوں افراد جسمانی معذوری کا شکار ہیں، تاہم  ان کا معیارِ زندگی بلند کیا جاسکتا ہے۔ ‘‘

باسو اپنی پہل کے تئیں پُر امید نظر آتی ہیں۔ یہ ثمرہ ہے ’زینیکا‘ کی خدمات اور ماں۔ بیٹی کی جوڑی کی انتھک کوششوں کا جس سے معذور افرا د کی زندگیاں بہتر ہو رہی ہیں۔

ٹریورلارنس جوکِمس نیو یارک یونیورسٹی میں تحریر، ادب اور معاصر ثقافت کے استاد ہیں۔


اسپَین نیوز لیٹر مفت منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے