پلاسٹک فضلہ کا باکمال استعمال

سونل شُکلا کی اسٹارٹ اپ کمپنی ’ای کانشَس‘ ایک اختراعی ری سائیکلنگ ماڈل کے ذریعے پلاسٹک کے فضلے سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنے کا کام کر رہی ہے۔

ظہور حسین بٹ

July 2023

پلاسٹک فضلہ کا باکمال استعمال

’ای کونشس‘ صنعتی استعمال کے بعد بچے ہوئے پلاسٹک فضلہ کو یکجا کرکے اس سے کام آنے والی اور سجاوٹ والی مصنوعات بناتی ہے۔ (تصویر بشکریہ سونل شُکلا)

ماحولیات پر پلاسٹک کے مضر اثرات ناقابل تردید ہیں۔ ’ماریکو انووویشن فاؤنڈیشن‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت سالانہ ۳ اعشاریہ ۴ ملین ٹن پلاسٹک فضلہ پیدا کرتا ہے جس میں سے محض ۳۰ فی صد کو ہی ری سائیکل یعنی دوبارہ استعمال کے قابل بنایا جاتا ہے۔ باقی ماندہ پلاسٹک کا فضلہ یا تو زمین یا آبی مسکنوں کی نذر ہو جاتا ہے۔

پلاسٹک فضلہ کے مضر اثرات کو کم کرنے کا موزوں ترین حل پائیدار ری سائیکلنگ ہے۔ نئی دہلی میں واقع اسٹارٹ اپ ’ای کانشس‘ کی بنیاد اسی مقصد کے لیے ڈالی گئی ہے۔ اسے دو نوجوان انجینئروں اور نیکسس پروگرام کے سابق طلبہ سونل شکلا اور ویبھو ورما نے مشترکہ طور پر قائم کیا ہے۔ وہ اپنے فضلہ کو جمع کرتے ہیں اور پھر ری سائیکلنگ ماڈل کے ذریعے تحائف، سجاوٹ اور عوامی افادیت کے لیے ماحول دوست مصنوعات تیار کرتے ہیں۔

شکلا نے حال ہی میں امیریکن سینٹر نئی دہلی میں منعقدہ ’’وی دی پیپُل فار کلائمیٹ ایکشن فیسٹیول‘‘ کے موقع پر اسپَین میگزین سے گفتگو کی۔ پیش ہیں اقتباسات۔

آپ کو ایک کاروباری پیشہ ور بننے کی ترغیب کیسے ملی؟

بحیثیت کاروباری پیشہ ور ہمارا سفر تین سال قبل شروع ہوا۔ ویبھو اور میری ملاقات ہمارے ایم ٹیک کے ایّام کے دوران ہوئی ۔ یہیں ہمیں ماحولیات میں اپنی مشترکہ دلچسپی کا عرفان ہوا۔

الیکٹرانکس اور کمیونکیشن دوران تعلیم میرے مضامین رہے ہیں ۔ حالانکہ میں اپنے شعبے سے لطف اندوز ہوئی لیکن میں نے اپنے اکتا دینے والے روزمرہ کے معمول کو اطمینان بخش نہیں پایا۔ خوش قسمتی سے ویبھو ماحولیاتی انجینئرنگ میں ماسٹرس کر رہے تھے ۔ ان کی اس شعبے سے وابستگی سے ہمیں اپنے اسٹارٹ اپ کے لیے پائیداری پر مبنی کاروبار شروع کرنے کی ترغیب ملی۔

ایک ایسے میدان، جس میں میں نے قدم جمالیے تھے، سے ہٹ کر اپنے طور پر کچھ شروع کرنا یقین کی سمت میں ایک بڑی جست کی مانند تھا۔مجھے معلوم تھا کہ اس سفر کے لیے حوصلہ اور ہمت درکار ہو گی، لیکن میں دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کے اپنے جذبے کا تعاقب کرنے کے لیے تیار تھی۔

کس چیز نے آپ کو ’ای کانشس‘ کو شروع کرنے کی ترغیب دی؟ آپ کی کمپنی اس شعبے میں دوسرے اسٹارٹ اپس سے کس قدر مختلف ہے؟

’ای کانشس‘ کا خیال ایک یادگار پہاڑی سفر کے دوران آیا ۔ سفر میں ہم نے مشاہدہ کیا کہ کس طرح پلاسٹک کے فضلہ نے وہاں کی خوبصورتی کو داغدارکردیا۔ یہ کووِڈ۔ ۱۹ وبا سے بالکل پہلے کی بات ہے ۔اس مشاہدے نے ہمارے ذہنوں پر ایک گہری چھاپ چھوڑی۔ ماحولیات کے تئیں ہمارے مشترکہ جنون نے ہمیں پائیداری اور فضلہ سے پاک ماحولیات کے بارے میں بات چیت کی طرف راغب کیا۔ تین ماہ کے اندر ہمارے پاس ای کانشس کا ایک بنیادی منصوبہ تھا۔ نومبر ۲۰۲۰ءمیں ہماری کمپنی نے اپنا پہلا سامان بازار میں متعارف کیا ۔

’ای کانشس‘ میں ہم صنعتی عمل کے دوران پیدا ہونے والے پلاسٹک کے فضلہ کو اکھٹا کرتے ہیں اور اسے پروسیس کر کے افادیت اور سجاوٹ کی مصنوعات تیار کرتے ہیں۔ ہماری مصنوعات کے گلدستے میں پارک بینچ، کوڑے دان، گل دان اور تحفہ دینے والی مصنوعات شامل ہیں۔ ہماری تمام مصنوعات ری سائیکل کی ہوئی پلاسٹک سے بنتی ہیں اور ان کی شکل و صورت کافی دلکش ہوتی ہے۔ ہم اپنے صارفین کو ماحولیات پر ان کی پسند کے اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہیں۔ ہماری مصنوعات کا پُرکشش نکتہ یا یونیک سیلنگ پوائنٹ (یو ایس پی) وہ تخصیصات (حسبِ مطالبہ ترمیمات) ہیں جو ہم اپنے گاہکوں کو پیش کرتے ہیں۔

پلاسٹک کو دوبارہ قابل استعمال بنانا کتنا اہم ہے؟ لوگ ماحولیات پر پلاسٹک کے اثرات کو کیسے کم کر سکتے ہیں؟

پلاسٹک کی ری سائیکلنگ ایک اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ پلاسٹک کا مکمل خاتمہ فی الحال ممکن نہیں ہے۔ تاہم ہم اس کے استعمال میں کمی لانے اور اسے ذمہ داری سے ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔ ری سائیکلنگ وسائل اور توانائی کی بچت کے علاوہ آلودگی کو روکنے میں مدد کرتی ہے۔ ماحولیات پر پلاسٹک کے اثرات کو کم کرنے کے لیے یہ کام کیے جا سکتے ہیں:

  • سنگل یوز پلاسٹک (ایک بار استعمال کیے جانے والے پلاسٹک) کا استعمال کم کریں اور اسے دوبارہ استعمال کرنے کے طریقوں کا انتخاب کریں۔
  • پلاسٹک کے فضلہ کو الگ کریں اور ری سائیکلنگ کے مقامی رہنما خطوط پر عمل کریں۔
  • ماحول دوست مواد جیسے کاغذ، شیشہ یا قابلِ انحطاط پلاسٹک کا انتخاب کریں۔
  • پلاسٹک کی ری سائیکلنگ کے بارے میں بیداری پھیلائیں اور پائیدار متبادل کی حوصلہ افزائی کریں۔
  • صفائی ستھرائی سے متعلق تقریبات میں حصہ لیں، پلاسٹک کے فضلہ پر کام کرنے والی تنظیموں کی پشت پناہی کریں اور سخت ضابطوں کی وکالت کریں۔

پائیداری کو فروغ دینے کے اپنے مشن میں آپ لوگ اب تک کتنے کامیاب رہے ہیں؟

ہم نے ’ای کانشس‘ کے ذریعے پائیداری کو فروغ دینے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ ہم نے ڈیڑھ لاکھ کلو گرام پلاسٹک کے فضلہ کو ری سائیکل کیا ہے۔

ہم نے پلاسٹک فضلہ کے انتظام میں شامل افراد کے لیے ملازمتیں پیدا کی ہیں، جس سے مقامی معیشت کو بھی مدد ملتی ہے۔ ہم نے تعلیمی اقدامات کے ذریعے بیداری میں اضافہ کیا ہے۔ افراد اور برادریوں کو ماحول دوست انتخاب کرنے اور پلاسٹک کے فضلہ کے اثرات کو سمجھنے کے لیے با اختیار بنایا ہے۔

’ای کانشس‘ کی کون سی مصنوعات کی مانگ سب سے زیادہ ہے؟ کیا اپنے اشتراک کی کوئی کہانی آپ ہم سے ساجھا کر سکتی ہیں؟

ہماری مصنوعات کی تعداد تقریباً ۳۵ سے ۴۰ ہے لیکن ہماری ری بینچ (ری سائیکل پلاسٹک مواد سے بنائی گئی بینچ) اور ہماری کچھ گفٹ مصنوعات (بطور تحفہ دیے جا سکنے والے سامان)سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہیں۔

ہمارے صارفین کی اکثریت ایسی تنظیموں پر مشتمل ہے جو مثبت اثر ڈالنے کا عزم رکھتی ہیں۔ ان میں غیر سرکاری تنظیمیں، کارپوریٹ فاؤنڈیشنس اور سرکاری ادارے شامل ہیں۔

امیریکن سینٹر نئی دہلی میں واقع نیکسس اسٹارٹ اپ ہب میں تربیت آپ کے لیے کس طرح فائدہ مند ثابت ہوئی ہے؟

نیکسس میں ہم نے جو دو مہینے گزارے وہ ناقابل فراموش اور سیکھنے کے عمل سے بھرپور تھے۔ مجھے کاروبار چلانے کے ساتھ ذاتی طور پر حاضری کے بندوبست کو لے کر کچھ ابتدائی فکرمندیاں لاحق تھیں۔ لیکن مجھے حیرت ہوئی کہ یہ ایک آسان تجربہ ثابت ہوا۔ تربیتی پروگرام بہت جامع تھا۔ اس نے نہ صرف ہمیں نئی چیزیں سکھائیں بلکہ متعدد پرانے طریقوں کو بھولنے میں بھی ہماری مدد کی۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد بھی ہمیں نیکسس سے جو تعاون مل رہا ہے، اس کے لیے ہم تہہ دل سے ممنون ہیں۔

اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتائیں۔

ہمارے مستقبل کے منصوبے ہمارے اثرات کو بڑھانے اور پائیداری کو فروغ دینے کے ارد گرد گھومتے ہیں۔ ہم دیگر اقسام کے فضلہ کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مزید برآں ،ہم پائیدار متبادل کو مزید قابل رسائی اور دلکش بنانے کے لیے نئی ماحول دوست مصنوعات متعارف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہم ایک ایسا مستقبل بنانے کے تئیں پُرعزم ہیں جہاں پائیداری سب سے مقدم ہواورجو دوسروں کو ایک صحت مند اور زیادہ پائیدار دنیا کی تعمیر میں ہمارے ساتھ شامل ہونے کی ترغیب دیتی ہو۔



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے