استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا

اس مضمون میں امریکی دفتر خارجہ سے مالی امداد یافتہ ’کواڈ لیڈرس لیڈ آن ڈیمانڈ پروگرام ‘میں شرکت کرچکے گَوروسینی خطہ میں سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں کواڈ کے کردار پر پر بات کر رہے ہیں۔

گریراج اگروال

February 2024

استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا

خارجہ پالیسی اور تنازعات کو حل کرنے کے ماہر گَورو سینی (دائیں) نے ۲۰۲۳ء میں امریکی وزرات خارجہ سے امداد یافتہ کواڈ لیڈرس لیڈ آن ڈیمانڈ (ایل ایل او ڈی) تبادلہ پروگرام میں شرکت کی۔(تصویر بشکریہ گَورو سینی)

خارجہ پالیسی اور تنازعات کو حل کرنے کے ماہرگَورو سینی نئی دہلی میں واقع کونسل برائےعسکری اور دفاعی تحقیق میں فیلو  اور انتظامی امور و لائحہ عمل کے سربراہ ہیں۔ ۲۰۲۳ء میں سینی نے امریکی وزرات خارجہ سے امداد یافتہ کواڈ لیڈرس لیڈ آن ڈیمانڈ (ایل ایل او ڈی) تبادلہ پروگرام میں شرکت کی۔ اس دس روزہ پروگرام کے تحت انہوں نے مارچ ۲۰۲۳ء میں واشنگٹن ڈی سی اور سان فرانسسکو کادورہ کیا۔

ورلڈ لرننگ کے زیر انتظام ایل ایل او ڈی پروگرام کا نصب العین اہلیانِ دانش کا ایک ایسا نیٹ ورک تیار کرنا اور اسے بااختیار بنانا ہے جہاں کواڈ تعاو ن کے اہم شعبوں  میں پیغام رسانی کو ہم آہنگ کیا جا سکے۔ پروگرام کا ایک اور مقصد تمام شراکت داروں کو آسٹریلیا، ہندوستان، جاپان اور امریکہ کے درمیان کواڈ شراکت اور ہند ۔بحرالکاہل خطہ میں اس کے کردار کے فوائد سے بھی بخوبی آگاہ کرنا ہے۔

اس تبادلہ سفر کے دوران سینی اور دیگر شرکاء نے ہنر سازی اور بحث و مباحثہ سے متعلق اجلاسوں اور ملاقاتوں اور غور و فکروالے جلسوں میں کواڈ سے تعلق رکھنے والے مختلف موضوعات پر مواصلات اور لوگوں سے راہ و رسم بڑھانے کی حکمت عملیاں مرتب کیں۔ ان شرکاء نے امریکی دفتر خارجہ کے افسروں سے ملاقاتیں کیں ،نیز یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور ہُووَر انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔ اسپَین  نےگَورو سینی سے گفتگو کی۔

پیش خدمت ہیں چند اہم اقتباسات۔

آپ کی نظر میں ہند ۔بحرالکاہل خطہ میں بہتر سلامتی، خوشحالی اور رابطہ کاری کے لیے کواڈ کس طرح کی خدمات انجام دے سکتا ہے؟

کواڈ کئی معنوں میں ہند۔ بحرالکاہل خطے کو مضبوطی فراہم کر سکتا ہے۔ اولاً کواڈ کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، خفیہ معلومات کے اشتراک اور بحری سلامتی پر توجہ سے اس خطے کی سلامتی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس کا لازمی نتیجہ استحکام ہو گا جس سے بے روک ٹوک تجارت اور رابطہ سازی ممکن ہو سکے گی۔

مزید برآں، کواڈ کی مشترکہ معاشی قوت بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تکنیکی اختراع پردازی اور تجارتی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کرادار ادا کر سکتی ہے۔ اس خطے کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق  سرمایہ کاری کر کے کواڈ اراکین رابطہ سازی کو بہتر بنا سکتے ہیں جو کہ اس خطے کی معاشی ترقی اور علاقے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

کواڈ کو کیا مواقع میسر ہیں اوروہ کن مسائل سے نبرد آزما ہے؟

کواڈ ہر رکن ملک کی منفرد خصوصیت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ مثلاً جاپان کی تکنیکی مہارت،ہندوستان کی آبادی، آسٹریلیا کے  بے پناہ قدرتی وسائل اور امریکہ کی اختراع پردازی  کی طاقت کو ایک ساتھ بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں ،کواڈ کی جمہوری اقدار کی پاسداری اور قانون کی بالا دستی کے سبب حکمرانی، شفافیت اور مشمولیت کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔

مختلف النوع مفادات کے درمیان توازن قائم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے مگر اس کے باوجود علاقائی اقتدار کے مسائل اور تاریخی کشمکشوں کو حل کرنا ناگزیر ہے۔ یہ امر یقینی بنانا ضروری ہے کہ کواڈ ایک  شمولیتی گروپ بنا رہے ،نہ کہ یہاں سے آپسی تنازعات کو ہوا دی جائے۔

کیا آپ کچھ مثالوں سے سمجھا سکتے ہیں کہ کواڈ ہند۔بحرالکاہل خطہ میں کس طرح مثبت تدیلیاں لانے میں کامیاب ہوا ہے؟

چاروں شرکاء کی مشترکہ قوت کو اشرافیہ کی طاقت کو مزید قوی کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے جس سے موجودہ اور مستقبل کے بحران پر قدغن لگایا جا سکتا ہے۔ کواڈ کے رہنماؤں کے سطح کے چھ ورکنگ گروپس ہیں جن میں ماحولیات، اہم اور ابھرتی تکنیک، سائبر، طبّی سلامتی شراکت،بنیادی ڈھانچہ اور خلائی تحقیق شامل ہیں۔ ان ورکنگ گروپس کے ذریعہ سے کواڈ متعلقین کو دکھا سکتا ہے کہ اس نے خطے کو متاثر کرنے والے ان مسائل میں سرمایہ کاری کی ہے۔

کواڈ نے چین  پر مرکوز گروپ کی اپنی شبیہ کو ترک کرکے دانستہ طور پر عوام پر مرکوز معاملات پر توجہ دینا شروع کیا ہے جس میں غیر روایتی سلامتی خطرات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کواڈ نے ہند۔بحرالکاہل شراکت برائے بحریہ سے متعلق بیداری، اسٹیم شعبہ جات میں وظائف اور ہند۔بحرالکاہل معاشی فریم ورک جیسے مثبت اقدامات شروع کیے ہیں۔الغرض ، کواڈ ان مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کررہاہے جن سے رکن ممالک نبرد آزما ہیں۔

کواڈ کے تناظر میں امریکہ۔ہندوستان تعاون کے متعلق آپ کی کیا رائے ہے؟

کواڈ کے تناظر میں امریکہ۔ہند تعلقات مشترکہ طور پر منفعت بخش ہیں۔ جہاں باہمی سطح پر (ان کے درمیان) تعلقات میں تیزی آئی ہے جو جاری رہے گی، وہیں کواڈ میں مل کر کام کرنے سے باہمی دلچسپی کے شعبے میں ان کے تعاون کو مزید تقویت ملی ہے۔ کواڈ میں امریکہ کے لیےہندوستان  کا کردار اس وجہ سے بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ دوسری ترقی پذیر معیشتوں کے لیے اس تعاون کی اہمیت ایک پُل  جیسی ہے۔

کواڈ اور ہند۔بحرالکاہل خطے  میں آپ کا  کردار کیا رہنے والا ہے؟

میرا کردار کواڈ کے کردار اور اہمیت کی وکالت کرنا ہے۔ اس میں کواڈ پوڈکاسٹ کا آغاز کرنا، کواڈ رکن  ممالک کے ماہرین کے ساتھ تحقیق کا آغاز اور ان کے ساتھ مکالمہ شامل ہے ۔ منصوبوں میں ایک’ کواڈ مانیٹر‘ کی شروعات بھی شامل ہے تاکہ کواڈ کی ترقی کی نگرانی کی جا سکے۔


اسپَین نیوزلیٹر اپنے میل پر منگوانے کے لیے لنک میں دیے گئے فارم کو بھریں: https://bit.ly/SubscribeSPAN



تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے